اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کا امکان
اشاعت کی تاریخ: 11th, February 2025 GMT
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم کی پیشگوئی کی ہے جبکہ کئی علاقوں میں بارش اور برفباری بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سوات میں آسمان سے سفید گالوں کی برسات شروع ہو چکی ہے، اور کالام اور مالم جبہ میں شدید برفباری کا نیا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، لاہور سمیت کئی شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی چند مقامات پر بارش و برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم ان علاقوں میں بارش یا برفباری کی پیشگوئی نہیں کی گئی۔ گزشتہ روز لہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اسکردو، استور، پاراچنار میں منفی 4، ہنزہ اور بگروٹ میں منفی 2 اور کالام میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سوات میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے وادی کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ سیاحوں کی بڑی تعداد نے سوات کا رخ کیا ہے تاکہ برفباری کے حسین مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: برفباری کا
پڑھیں:
لاہور میں بادل؛ پنجاب کے کن علاقوں میں آج بارش کا امکان ہے؟
لاہور:صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں موسم خشک ہے، تاہم کچھ علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورسمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں خشک موسم کا سلسلہ جاری ہے جب کہ صوبائی دارالحکومت کے علاوہ بیشتراضلاع میں بادل موجود ہیں، تاہم بارش کے امکانات کم ہیں۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق راولپنڈی ڈویژن، مری اور ناردرن ایریاز میں بارش کے ساتھ برف باری کا بھی امکان ہے۔ آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 8 جب کہ زیادہ سے زیادہ 24 تک جانے کے امکانات ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بادل برسانے والا سسٹم داخل ہوگیا ہے، جس کے سبب گجرانوالہ، راولپنڈی اور پوٹھوہار ڈویژن میں ہلکی بارش کے امکانات ہیں۔