مسئلہ کشمیر سے بڑا مسئلہ کراچی کی زمینوں کا ہے : چیئرمین نیب
اشاعت کی تاریخ: 11th, February 2025 GMT
کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمدبٹ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سے بڑا مسئلہ کراچی کی زمینوں کا مسئلہ ہے،سندھ کی زمینوں میں بڑے پیمانے پر کرپشن ہورہی ہے،کراچی میں 7500 ایکڑ زمینوں کے دستاویزات جعلسازی سے 3 ہزار ارب روپے کی کرپشن کی گئی ہے، یہ فائلیں کھول دیں تو دنگل مچ جائے گا،ایل ڈی اے، کے ڈی اے، ایم ڈی اے کی جانب سے انفرا اسٹرکچر مکمل نہ ہونے کی وجہ سے 22 برس سے اپنے الاٹیز کو قبضے نہ دینا افسوسناک ہے، آباد ٹھوس شواہد پیش کرے تو ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔ بلڈرز اور ڈیولپرز کے مسائل سے آگاہ ہوں، آپ کے ساتھ ہوں، آباد نیب کو اپنا دست بازو سمجھے۔
تفصیلات کے مطابق چیئر مین نیب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد بٹ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کراچی میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد ہاؤس) کا دورہ کیا اس موقع پر پیٹرن انچیف آباد محسن شیخانی، چیئرمین آباد محمد حسن بخشی نے استقبال کیا جبکہ سینئر وائس چیئرمین سید افضل حمید، وائس چیئرمین طارق عزیز، چیئرمین سدرن ریجن احمد اویس تھانوی، نیب سندھ کے ڈائریکٹر جنرل جاوید اکبر ریاض اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
چیئرمین نیب نذیر احمد بٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر سے بڑا مسئلہ کراچی کی زمینوں کا مسئلہ ہے۔ کراچی میں بلڈرز کے بے شمار مسائل ہیں،تمام نوٹ کرلیے ہیں، نیب کا ادراہ بلڈرز اور ڈیولپرز کے ساتھ کھڑا ہے، نیب قوانین میں اصلاحات کی گئی ہیں، نیب میں کون سے کیسز اب فائل ہوں اس کا سسٹم اپڈیٹ کردیا ہے، آباد کراچی میں 85 ہزار غیر قانونی عمارتوں کے ثبوت پیش کرے تو یہ عمارتیں آبادکے مشورے پر ریگولرائز کی جائیں گی، اب کراچی میں نسلا ٹاور جیسا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوگا۔
چیئرمین نیب نے انکشاف کیا کہ نیب نے سندھ میں 8 ماہ کے دوران 4 ہزار ارب روپے مالیت کی 18 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی سے قبضے چھڑواکر محکمہ ریونیو کے حوالے کی ہے۔ ماضی میں ہر کوئی کسی کے خلاف بھی شکایت درج کرواسکتا تھا،چیئرمین کا منصب سنبھالنے کے بعد اصلاحت کی ہیں جس کے بعد نیب کے پاس شکایات کاحجم ماہانہ 4500 سے گھٹ کر 150 سے 200 پر آگیا ہے، 2022 سے قبل کے درج کی گئی تقریبا 21 ہزار شکایتوں کو ختم کردیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی نیب افسر نے کسی کو غیر قانونی ہراساں کیا تو اسکی شکایت کریں، ہر صورت ایکشن ہوگا۔آباد بلڈرز کے تمام مسائل میرے علم میں ہیں۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ سندھ زمینوں میں ریکارڈ کا کوئی سسٹم نہیں ہے، لینڈ ڈپارٹمنٹ کے الگ الگ محکمے کسی سے لنک نہیں۔عنقریب سندھ میں زمینوں کے ریکارڈ کے حوالے سے بڑا ایکشن لیا جائے گا۔
چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ کراچی ماسٹر پلان کی دیکھ بھال کیلیے ڈی جی نیب کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی۔گوادر میں نیب کا ریجنل دفتر قائم کردیا وہاں بھی زمینوں میں کرپشن ہورہی ہے۔گوادر میں تقریبا 3 ہزار ارب روپے مالیت کی زمینوں پر مقدمات درج ہیں۔گوادر انڈسٹریل ایریا میں گزشتہ3 ماہ میں تین فیکٹریاں لگی ہیں نیب میں ون ونڈو آپریشن شروع کیا جارہا ہے۔پاکستان کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کیلئے نئی پالیسی بنارہے ہیں۔رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں ہرقسم کی ادائیگیوں کا نظام بینکوں کے توسط سے ہونا چاہیئے۔
اس موقع پر آباد کے پیٹرن انچیف محسن شیخا نی نے کہا کہ زمینوں کی خریدو فروخت کیلئے نیب سے باقاعدہ جانچ پڑتال سے مشروط کیا جائے۔سندھ میں زمینوں کا ریکارڈ ڈیجیٹل ہونا چاہیے جس سے کرپشن ختم ہوگی۔سندھ میں زمینوں کے ریکارڈ میں خورد برد کا سلسلہ طول پکڑ گیا ہے۔کرپٹ ادارے اپنا ریکارڈ خود ڈیجٹل کررہے ہیں۔ ڈیجیٹلائزیشن کے لیے تھرڈ پارٹی کی خدمات حاصل کی جائیں۔
قبل ازیں آباد کے چیئرمین آباد محمد حسن بخشی نے چئیرمین نیب کے سامنے صوبائی اور بلدیاتی اداروں کی شکایتوں کے انبار لگا دیئے،انھوں نے کہا کہ سندھ میں زمینوں کی نیلامی کی کوئی پالیسی نہیں، من پسند افراد کو زمینیں فروخت کی جاتی ہیں۔ کراچی میں 5 سال کے دوران 85 ہزار عمارتیں غیر قانونی طور پر تعمیر ہوئی ہیں، سندھ حکومت زمینوں کی شفاف نیلامی کرنے کے بجائے من پسند افراد کو فروخت کرتی ہے، لینڈ گرانٹ پالیسی متعارف کرائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں لینڈ گرانٹ پالیسی لائی جائے توسندھ حکومت کو اس سے 500 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوگا۔حسن بخشی نے کہا کہ۔ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی،لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں کرپشن کا بازار گرم ہے۔ایل ڈی اے،ایم ڈی اے اور کے ڈی اے کے ماتحت چھوٹی رہائشی اسکیموں میں شہریوں کا سرمایہ پھنس گیا ہے۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ نیب کے ساتھ ملکر مسائل کاحل نکالا جائے۔آج کراچی میں جو خوبصورت عمارتیں ہیں وہ آباد کی کاوش ہے۔ بلڈرز اور ڈیولپرز کا دارومدار زمینوں سے منسلک ہے۔حسن بخشی نے کہا کہ کراچی میں ہونے والی غیر قانونی تعمیرات پر اس دور کے ڈی جیز کے خلاف کارروائی کی جائے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: چیئرمین نیب کراچی میں زمینوں کا کی زمینوں نے کہا کہ ارب روپے سے بڑا گیا ہے
پڑھیں:
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا حب کینال کا دورہ،جاری کام کا معائنہ
کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے حب کینال کا دورہ کیا، جہاں انکے ہمراہ ایم ڈی واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران پی ڈی حب کینال سکندر زرداری سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
میئر کراچی نے حب کینال کی نئی تعمیر کے منصوبے پر جاری کام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کی قلت سب سے بڑا مسئلہ ہے اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے سندھ حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت نے کراچی میں پانی کی ضروریات کو پورا کرنے اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے مختلف منصوبوں کا آغاز کیا ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے شہر میں بہتری آئے گی اور پانی کی فراہمی کا نظام مزید مضبوط ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حب کینال منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور اس کی تکمیل سے کراچی میں پانی کے مسئلے کو بڑی حد تک حل کیا جائے گا۔ نئی حب کینال کی تعمیر کا منصوبہ اگست 2025 تک مکمل کرلیا جائے گا، جبکہ پرانی حب کینال کی بحالی دسمبر 2025 تک مکمل کی جائے گی۔
حب کینال منصوبے میں حب پمپنگ اسٹیشن، رائزنگ مین اور حب فلٹر پلانٹ کو 80 سے 100 ملین گیلن تک اپگریڈ کیا جائے گا۔ منصوبے کی کل لاگت 12.72 بلین روپے ہے، جسے سندھ حکومت خود ادا کر رہی ہے۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس منصوبے سے ضلع غربی اور کیماڑی میں پانی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی اور شہر کا پانی کی ترسیل کا نظام مزید مستحکم و پائیدار بنے گا۔
انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کے فور منصوبے کے لیے فوری طور پر تمام فنڈز جاری کرے تاکہ کراچی کے پانی کے مسئلے کو جلد حل کیا جا سکے۔ میئر کراچی نے کہا کہ سندھ حکومت صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وڑن کے مطابق عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مصروف عمل ہے۔