لیبیا؛ کشتی حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کے نام سامنے آ گئے
اشاعت کی تاریخ: 11th, February 2025 GMT
طرابلس (نیوز ڈیسک)لیبیا کے ساحل پر حادثے کا شکار ہونے والی تارکین وطن کشتی میں جاں بحق ہونے والے پاکستان کے مختلف شہروں سے عرب ممالک پہنچے تھے۔
امیگریشن ذرائع کا کہنا ہے کہ لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں سے 7 پاکستانیوں کی شناخت اور سفری تفصیلات سامنے آگئی۔
ان پاکستانی مسافروں میں سے ایک نے تافتان بارڈر سے جب کہ بقیہ چھ مسافر کراچی، کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد اور فیصل آباد ایئر پورٹس سے الگ الگ تاریخوں میں روانہ ہوئے تھے۔
مسافر شعیب حسین 10 جنوری 2025ء کو تافتان بارڈر سے ایران گیا تھا جب کہ مسافر ثقلین حیدر 9 فروری 2024ء کو کراچی ایئر پورٹ سے سعودی عرب پہنچا تھا۔
اسی طرح عابد حسین 25 نومبر 2024ء کو کوئٹہ سے مصر، سراج الدین 31 دسمبر 2022ء کو پشاور سے سعودی عرب، سید شہزاد حسین اسلام آباد سے سعودی عرب پہنچا۔
مسافر شعیب علی 19 نومبر 2024ء کو فیصل آباد سے سعودیہ عرب اور مسرت حسین نے 20 ستمبر کو 2024ء کوئٹہ سے متحدہ عرب امارات کا سفر کیا تھا۔
بعد ازاں یہ تمام مسافر کس طرح ڈوبنے والی کشتی تک پہنچے اور کہاں سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا اس کے بارے میں معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔
مزیدپڑھیں:حکومت کا رمضان میں ہر ضلع میں چینی رعایتی قیمت پرفراہم کرنے کا اعلان
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: 2024ء کو
پڑھیں:
لیبیا کشتی حادثہ، 63 مسافر پاکستانی تھے، 16 لاشیں برآمد، وزارت خارجہ
وزارت خارجہ کے حکام نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ لیبیا میں پیش آنے والے حالیہ کشتی حادثے میں کل 73 افراد سوار تھے جن میں سے 63 کا تعلق پاکستان سے ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس میں بتایا گیا کہ 63 پاکستانیوں میں سے زیادہ تر کا تعلق خیبرپختونخوا کے علاقے کرم اور باجوڑ سے ہے۔ پاکستانیوں کے علاوہ اس کشتی میں دس بنگلہ دیشی بھی سوار تھے۔
دفتر خارجہ کے ڈی جی کرائسز مینجمنٹ شہزاد حسین نے اجلاس میں بتایا کہ لیبیا میں کشتی ڈوبنے کے حالیہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہے جبکہ حادثے میں بچ جانے والے 3 پاکستانیوں نے سفارت خانے سے رابطہ کیا ہے جن سے مزید معلومات حاصل کر رہے ہیں۔
دریں اثنا ترجمان وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لیبیا کے ساحل پر کشتی الٹنے کی خبر کے بعد طرابلس میں پاکستانی سفارتخانے کی ایک ٹیم نے زاویہ شہر کا دورہ کیا اور مقامی حکام اور زاویہ ہسپتال سے ملاقات کے بعد درج ذیل معلومات اکٹھی کی ہیں۔
غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق کشتی میں 63 پاکستانی سوار تھے اور اب تک 16 لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور ان کی پاکستانی شہریت کی بنیاد پر شناخت کی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ 37 زندہ بچ گئے ہیں جن میں ایک اسپتال میں اور 33 پولیس کی تحویل میں ہے۔
اس حادثے میں 10 کے قریب پاکستانی لاپتا ہیں۔ زندہ بچ جانے والوں میں سے 3 طرابلس میں ہیں اور سفارت خانہ ان کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔
ان لاشوں کی تفصیلات پر مشتمل فہرست جو اب تک پاکستانی شہریوں کے طور پر شناخت کی گئی ہے ان کے پاکستانی پاسپورٹ کی بنیاد پر ذیل میں منسلک ہے۔
طرابلس میں سفارت خانہ مزید معلومات اکٹھا کرنے اور مقامی حکام سے رابطہ برقرار رکھنے کے عمل میں ہے۔