مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی جارحیت، تین فلسطینی شہید
اشاعت کی تاریخ: 11th, February 2025 GMT
غزہ : مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں میں شدت آئی ہے، جہاں ایک حاملہ خاتون سمیت تین فلسطینیوں کو گولی مار کر شہید کر دیا گیا۔ غزہ کے علاقے شجاعیہ میں بھی اسرائیلی فورسز نے ایک فلسطینی کو شہید کر دیا۔ ان حملوں کے نتیجے میں مغربی کنارے میں بے گھر افراد کی تعداد 35 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔
دوسری جانب حماس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ کی خریداری کی پیشکش کی سخت مذمت کی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کو ان کی زمین سے بے دخل کرنے کی یہ سازش ناکام بنائی جائے گی اور فلسطین کے مسئلے کو اس طرح "رئیل سٹیٹ ڈیلر” کی طرح حل کرنے کی کوششیں ناکامی سے دوچار ہوں گی۔
اسرائیلی فوج کے نیٹزارم کوریڈور سے انخلاء کے بعد فلسطینیوں کی اپنے گھروں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے، اور اس دوران اسرائیلی وفد دوحہ پہنچ چکا ہے، جہاں حماس کے ساتھ مذاکرات کے آغاز کی توقع کی جا رہی ہے، جو اس ہفتے شروع ہو سکتے ہیں۔
.ذریعہ: Nai Baat
پڑھیں:
ٹرمپ نے حماس کو ہفتے تک یرغمالی رہا نہ کرنے پر سخت دھمکی دے دی
واشنگٹن:امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کو دھمکی دی ہے کہ اگر اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا نہ کیا تو صورتحال بے قابو ہو جائے گی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کی یہ دھمکی حماس کی جانب سے یرغمالیوں کی رہائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کے بعد سامنے آئی ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ہفتے کے دن 12 بجے تک تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرنا ہو گا ورنہ بہت نقصان ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مقررہ وقت تک یرغمالی رہا نہ ہوئے تو میں اسرائیل سے معاہدے کو منسوخ کرنے کا کہہ دوں گا جس کے بعد سب کچھ ملیا میٹ ہو جائے گا، اور کچھ نہیں بچے گا۔
فلسطینیوں کی غزہ سے بے دخلی کے اپنے بیان پر قائم ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اردن ممکنہ طور پر پناہ گزین لینے پر راضی ہو جائے گا، ٹرمپ نے اردن اور مصر کو دھمکی دیتے ہوئے کہ اگر فلسطینیوں کو اپنی سرزمین پر پناہ نہیں دی تو دونوں ممالک کی امداد بند کر دیں گے۔