لاہور ہائیکورٹ: 9 نئے ایڈیشنل ججز نے عہدوں کا حلف اٹھا لیا
اشاعت کی تاریخ: 11th, February 2025 GMT
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائی کورٹ میں تعینات ہونے والے 9 نئے ایڈیشنل ججز نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے نئے ایڈیشنل ججز سے انکے عہدوں کا حلف لیا۔ حلف برداری کی سادہ و پروقار تقریب لاہور ہائیکورٹ کے مرکزی سبزہ زار میں منعقد ہوئی، جس میں سینئر ترین جج جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس عابد عزیز شیخ دیگر فاضل ججز لاہور ہائیکورٹ کے افسران، صوبائی و وفاقی لاء افسران، ممبران پاکستان وپنجاب بار کونسلز، لاہور ہائی کورٹ بار و لاہور بار ایسوسی ایشنز کے عہداران، سینئر وکلاء فاضل ججز کی فیملیز اور عزیز و اقارب بھی موجود تھے۔ حلف اٹھانے والوں میں جسٹس حسن نواز مخدوم، جسٹس ملک وقار حیدر اعوان، جسٹس سردار اکبر علی، جسٹس سید احسن رضا کاظمی، جسٹس ملک جاوید اقبال وینس، جسٹس محمد جواد ظفر، جسٹس خالد اسحاق، جسٹس ملک محمد اویس خالد اور جسٹس چودھری سلطان محمود شامل ہیں۔ 9 ایڈیشنل ججز کی حلف برداری کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد 43 ہو گئی ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: لاہور ہائیکورٹ ایڈیشنل ججز
پڑھیں:
پی ٹی آئی، سول سوسائٹی نے پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا
لاہور: صحافی تنظیموں کی جانب سے پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے، درخواست میں وفاقی و صوبائی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بچھر، سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے اور سول سوسائٹی نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ میں پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کو چیلنج کر دیا۔
درخواست میں وفاقی و صوبائی حکومت، چیف سیکرٹری سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، درخواسرت میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پیکا ترمیمی ایکٹ آئین کے آرٹیکل 19 اے کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست گزار کے مطابق پیکا ترمیمی ایکٹ میں فیک نیوز کی تعریف نہیں بتائی گئی اور اس ایکٹ کی آڑ میں ہر خبر کو فیک نیوز بنا کر سیاسی بنیادوں پر کارروائیاں ہوں گی۔
پیکا ترمیمی ایکٹ کے تحت صحافیوں کو خبر کا سورس بتانا پڑے گا جبکہ صحافی سے خبر کا سورس نہیں پوچھا جا سکتا ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدالت پیکا ترمیمی ایکٹ کو آئین سے متصادم قرار دے کر کالعدم قرار دے اور عدالت درخواست کے حتمی فیصلے تک پیکا ترمیمی ایکٹ کے تحت کارروائیوں کو روکنے کا حکم جاری کرے۔