روزانہ کوئی نہ کوئی شہری خونی ڈمپریاٹینکر کا نشانہ بن رہا ہے‘منعم ظفر خان
اشاعت کی تاریخ: 11th, February 2025 GMT
کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شاہ لطیف ٹائون میں تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے 20سالہ نوجوان حسنین کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس او ر اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت ، محکمہ پولیس اور متعلقہ حکام کی نا اہلی و ناکامی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں ہیوی وبے ہنگم ٹریفک اور تیز رفتار ڈمپر و ٹینکرز کی ٹکر سے شہریوں کی بڑھتی ہوئی اموات کی ذمے دارسندھ حکومت اور پولیس ہے ۔ تیز رفتار ڈمپر اور ٹینکر شہر میں نقل و حرکت کے اوقاتِ کار کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے شہریوں میں موت بانٹ رہے ہیں اور صوبائی وزرا ، قابض میئر اور اعلیٰ پولیس حکام بیانات دے رہے ہیں ، گزشتہ کئی روز سے روزانہ کوئی نہ کوئی شہری ،نوجوان ، خاتون یا بچہ خونی ڈمپریاٹینکر کی ٹکر کا نشانہ بن رہے ہیں ، شاہ لطیف ٹائون کے واقع میں بھی نوجوان حسنین جاں بحق اور اس کی بہن زخمی ہوئی جبکہ پیر کو شام میں بھی منگھو پیر میں واٹر ٹینکر سے ایک شہری اپنی جان گنوا بیٹھا ہے ۔سندھ حکومت و محکمہ پولیس ڈمپرز اور ہیوی ٹریفک کو شہر میں نقل و حرکت کے اوقات کی پابندی کرانے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئے ہیں ۔عدالتی احکامات کے مطابق ڈمپرز کے شہر میںصبح 7بجے سے رات 11 بجے تک نقل و حرکت پر پابندی کے باوجود دن کے اوقات میں یہ اندوہناک واقعات پیش آرہے ہیں ، حکومت،انتظامیہ اور پولیس کہاں ہیں؟کراچی کے شہریوں کو تیز رفتار ڈمپروں اور ٹینکروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے دوسری جانب ٹریفک قوانین کی پابندی یقینی بنانے کے لیے بھی عملاً شہر میں کوئی مؤثر نظام موجود نہیں ، پولیس شہریوں بالخصوص موٹر سائیکل سواروں کو جگہ جگہ روک کر مال بنانے میں مصروف رہتی ہے ۔دریں اثنا شاہ لطیف ٹائون میں ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق نوجوان کی امام بارگاہ جعفریہ گلبہار میں ہونے والی نماز جنازہ میں جماعت اسلامی کے ناظم علاقہ و وائس چیئر مین ناظم آباد ٹائون نعمان صدیقی ، چیئر مین یوسی 7سلیم ضیائی ، نائب ناظم کاشف عبد اللہ و جماعت اسلامی کے کارکنوں نے شرکت کی اور واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی ۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: تیز رفتار ڈمپر کرتے ہوئے رہے ہیں کی ٹکر
پڑھیں:
سندھ حکومت ڈاکوؤں وجرائم پیشہ عناصر کے سامنے بے بس ہے، منعم ظفر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورنگی میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مسلح ڈاکوئوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے سعد ملک کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی امامت میں ادا کی گئی ، جس میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ منعم ظفر خان نے ڈکیتی کے دوران قتل کی واردات کی شدید مذمت
کی اور سعد ملک کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ سندھ حکومت شہر میں مسلح ڈاکوئوں اور جرائم پیشہ عناصر کے سامنے بے بس نظر آتی ہے، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ لوٹ مار کرنے والے مجرموں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے،کراچی میں اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی، بچوں کے اغوا اور قتل کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں، حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان قائم رکھنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔شہر میں قتل و غارت اور لوٹ مار کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں، مگر حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کا راج ہے اور متعلقہ ذمہ داران خوابِ غفلت میں ہیں۔ اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ سعد ملک شہید کے قاتلوں سمیت ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث عناصر اور مجرمان کو فوری گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دی جائے۔شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔نماز جنازہ میں امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ، نائب امیر و وائس چیئرمین لانڈھی ٹاؤن محمد عمران، نائب امیر ضلع منصور فیروز، سیکریٹری ضلع نوید اختر، ڈپٹی سیکریٹری سید آصف علی، یوسی چیئرمین عبدالحفیظ، خورشید اقبال، قاری منصور، کورنگی ٹاؤن کے اپوزیشن لیڈر محمد ہارون سمیت علاقے کے عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی امامت میں کورنگی میں ڈکیتی کی واردات میں جاں بحق ہونے والے سعد ملک کی نماز جناہ ادا کی جارہی ہے، دوسری جانب منعم ظفر خان جنازے کو کندھا دے رہے ہیں