مودی کا پاکستانی فضائی حدود کا استعمال، خیر سگالی کا پیغام دینا بھی گوارا نہ کیا
اشاعت کی تاریخ: 10th, February 2025 GMT
اسلام آباد:بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سفارتی آداب کو نظر انداز کرتے ہوئے پاکستانی فضائی حدود استعمال کی، مگر کسی طرح کا خیرسگالی کا پیغام دینے کی زحمت نہیں کی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ایوی ایشن ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نریندر مودی نے فرانس کے دورے کے سلسلے میں پاکستانی فضائی حدود استعمال کی، جہاں ان کا خصوصی طیارہ’’انڈیا ون‘‘لاہور کے قریب پاکستانی حدود میں داخل ہوا۔ بھارتی وزیر اعظم کا طیارہ شیخوپورہ، حافظ آباد، چکوال اور کوہاٹ کے اوپر سے 34 ہزار فٹ کی بلندی پر سفر کرتا ہوا پارا چنار سے افغان فضائی حدود میں داخل ہوا۔
رپورٹ کے مطابق مودی کے خصوصی بوئنگ 777 طیارے نے تقریباً 41 منٹ تک پاکستانی فضائی حدود میں سفر کیا، تاہم اس سلسلے میں سفارتی آداب کی دھجیاں اُڑاتے ہوئے انہوں نے پاکستانی حکومت یا عوام کے لیے کوئی خیرسگالی کا پیغام نہیں بھیجا۔
واضح رہے کہ عالمی ایوی ایشن قوانین کے تحت ہر ملک کو دوسرے ملک کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت ہوتی ہے، تاہم مودی کی خاموشی سفارتی آداب کے برخلاف ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: پاکستانی فضائی حدود
پڑھیں:
کراچی، لاہور،اسلام آباد کی حدود میں طیاروں کو جی پی ایس سگنل میں دشواری، مداخلت کا انکشاف
کراچی، لاہور اور اسلام آباد ایرپورٹس کی حدود میں طیاروں کو جی پی ایس سگنل میں دشواری اور مداخلت کے واقعات ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے نوٹم جاری کردیا۔ لاہور، کراچی اوراسلام آباد ایرپورٹس کے 100 ناٹیکل میل ایریا میں طیاروں کو فلائٹ کے دوران جی پی ایس سگنل میں دشواری رپورٹ ہوئی ہے۔ ایئر ٹریفک کنٹرول ( اے ٹی سی) نے طیاروں کے کپتانوں کو نئی ہدایت جاری کردیں۔
کراچی اور لاہور انفارمیشن ریجن کے دیگر علاقوں میں بھی طیاروں کو دوران پرواز جی پی ایس سگنل میں دشواری رپورٹ ہوئی ہے۔ نوٹم کے مطابق تمام پائلٹ تفصیلات کے ساتھ جی پی ایس سگنل دشواری کے متعلق فوری اے ٹی سی کو رپورٹ دیں۔ فریکوئنسی مداخلت کے دوران پرواز نیویگیشن کے محفوظ اور موثر تسلسل کے لیے ضروری اقدامات کریں۔
ہدایت نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ نیویگیشن میں دشواری کی صورت میں اے ٹی سی کو مدد کے لیے مطلع کریں۔ جی پی ایس سگنل میں مداخلت اور دشواری سے طیاروں کو فلائٹ کے دوران مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔جی پی ایس سگنل دشواری سے پروازوں کے روٹ سے ہٹنے کے سبب مسائل پیدا ہوتے ہیں۔