پاکستان اور ملائیشیا کا غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال، او آئی سی اجلاس بلانے پر اتفاق
اشاعت کی تاریخ: 10th, February 2025 GMT
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ داتو سیری اتامہ حاجی محمد بن حاجی حسن سے ٹیلیفونک رابطے کے ذریعے غزہ کی سنگین صورتحال پر او آئی سی کا اجلاس بلانے پر اتفاق کیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ داتو سیری اتامہ حاجی محمد بن حاجی حسن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی حالیہ صورتحال اور غزہ میں جاری انسانی بحران پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے جائز حقوق اور ان کی جدوجہد کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیااس سنگین انسانی مسئلے پر عالمی توجہ مبذول کرانے کے لیے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کی کونسل کا غیر معمولی اجلاس بلانے کی ضرورت پر زور دیا اور اس حوالے سے پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ امتِ مسلمہ کو فلسطینی عوام کی بھرپور مدد اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لیے مشترکہ سفارتی کوششیں تیز کرنی چاہئیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے متعدد ممالک کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کیے جن میں ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی، مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی، اور ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے گفتگو کی۔
اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا غیر معمولی اجلاس بلانے کے لیے پاکستان کی حمایت سے بھی آگاہ کیا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: اسحاق ڈار نے اجلاس بلانے پاکستان کی او ا ئی سی کے لیے
پڑھیں:
کامران ٹیسوری سے مرتضیٰ وہاب کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال
گورنر سندھ اور میئر کراچی کے درمیان ملاقات گورنر ہاؤس میں ہوئی جس میں شہر کراچی کی بہتری اور ترقی کے لیے جاری منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی ملاقات ہوئی، جس میں شہر کی ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے درمیان ملاقات گورنر ہاؤس میں ہوئی جس میں شہر کراچی کی بہتری اور ترقی کے لیے جاری منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ کامران خان ٹیسوری نے میئر کراچی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مرتضیٰ وہاب اچھا کام کر رہے ہیں، ان کی بھرپور سپورٹ جاری رکھی جائے گی، کراچی کی ترقی ہم سب کی ترجیح ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گورنر سندھ سے ذاتی تعلقات ہیں اور شہر کی بہتری اور عوام کی خدمت ہی دونوں کا مقصد ہے، گورنر سندھ کو کراچی کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر آگاہ کیا ہے، انشا اللہ ہم سب مل کر کراچی کو ایک بہتر اور ترقی یافتہ شہر بنائیں گے۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اس وقت کراچی کو آگے بڑھنے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے تمام اداروں کو ایک صفحے پر آنا ہوگا، یہ ملاقات کراچی کے عوام کے لیے ایک مثبت پیغام ہے کہ شہر کے اہم عہدیداران مل بیٹھ کر شہر کی بہتری کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔