پاؤڈر اور گھی سے جعلی دودھ تیار کرنے والا رنگے ہاتھوں گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 10th, February 2025 GMT
پنجاب میں پاؤڈر اور گھی سے جعلی دودھ تیار کرنے والے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے گاؤں کالا کھتائی میں ڈیری یونٹ پر چھاپہ مارا۔ ملزم ویجیٹبل گھی اور پاؤڈر کی ملاوٹ سے دودھ تیار کر رہا تھا۔ موقع پر کیے گئے ٹیسٹ مقرر کردہ معیار کے منافی پائے گئے۔ ایک من سے زائد تیار جعلی دودھ اور 25 کلو پاؤڈر تلف کردیا گیا۔ جعلسازی پر ملزم کے خلاف 4 دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق ویجلنس ٹیم کی طویل ریکی کے بعد ڈیری یونٹ سے تمام مال برآمد کیا گیا۔ تفصیلی رپورٹ کے لیے دودھ کا سیمپل بھی لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بجھوا دیا گیا۔ پاؤڈر اور دیگر ممنوعہ اجزاء کی ملاوٹ سے تیار دودھ انسانی صحت کے لیے مضر ہے۔ دودھ میں ملاوٹ سنگین جرم ہے جعلسازی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ شہری گھر میں استعمال ہونے والے دودھ کو پی ایف اے دفتر سے مفت ٹیسٹ کروا سکتے ہیں ۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ کی کارروائی، جعلی ٹریول ایجنٹ گرفتار
ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے جعلی ٹریول ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق امریکی قونصیلٹ کراچی نے مذکورہ جعلی ایجنٹ کے خلاف تحریری شکایت درج کرائی جس پرکارروائی کرتے ہوئے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے ملزم کو گرفتارکیا۔ جعلی ایجنٹ کی شناخت عاطف شاہ کے نام سے ہوئی۔
ترجمان کے مطابق جعلی ایجنٹ کو چھاپہ مار کارروائی میں گلشن جمال سے گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق جمیل احمد نامی شخص بغیر شیڈول انٹرویو کے لیے امریکی قونصل خانے پہنچا اور جعلی اپوائنٹمنٹ کنفرمیشن پیش کی۔ جمیل احمد سے پوچھ گچھ پراس نے بتایا کہ سید عاطف شاہ نامی ایجنٹ نے اس کو مذکورہ دستاویزات فراہم کیں۔
ملزم سید عاطف شاہ نے جمیل احمد سے اس جعلسازی کے عوض 3 لاکھ روپے لینے تھے جن میں سے ایک لاکھ 65 ہزار روپے ملزم پہلے ہی وصول کرچکا تھا۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔