حکمرانوں کو کفایت شعاری اختیار کرنی چاہیے
اشاعت کی تاریخ: 10th, February 2025 GMT
(گزشتہ سے پیوستہ)
سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور اس سیمت کئی دیگر چیزوں کے بارے میں نشر و اشاعت کے ادارے مناظر دیکھا رہے ہوتے ہیں اور کالم نگار اپنے قلم سے توجہ دلانے کی کوشش کرتے نظر آرہے ہوتے ہیں مگر مجال ہے کہ حکمرانوں یا سرکاری عہدہ داروں کے کان پر جوں تک رینگ جائے۔ حکمرانوں کے پاس اتنا بھی وقت نہیں ہوتا کہ وہ ہر چھوٹے و بڑے شہروں کے بارے میں جانیں یا دیکھیں کہ لوگ کس حال میں گزر بسر کر رہے ہیں حتیٰ کہ انہیں اپنے حلقے کی عوام اور وہاں کے مسائل کے بارے میں بھی علم نہیں ہوتا۔ عوام سے براہ راست تعلق نہ رکھنے کی وجہ سے حکمران عموماً عوام کے اصل مسائل اور زمینی حقائق سے بے خبر رہتے ہیں لہٰذا ان سے خیر کی کوئی توقع کیسے رکھی جاسکتی ہے۔ ہمارے حکمران اپنے اخراجات اور عیاشیوں پر خرچ ہونے والے اربوں روپے کے اخراجات ختم کردیں تو غریب عوام کی حالت میں بہتری کے آثار پیدا ہوسکتے ہیں۔ ہر آنے والا حکمران باتیں تو بہت کرتا ہے موجودہ وزیرِ اعظم سمیت پر عمل کہیں بھی نظر نہیں آرہا ہوتا بلکہ روز بروز ان کے اخراجات میں کئی ہزار قسم کے اضافے نظر بھی آرہے ہوتے ہیں اور اس کے ساتھ یہ بھی سننے کو ملتا ہے ان لوگوں کو جو مشاہرہ ملتا ہے اس میں ان کا گزارا نہیں ہو پاتا جبکہ ماشاء اللہ سے تمام سیاسی رہنما ہی کھرب پتی ہیں۔ وطنِ عزیز کے موجودہ حالت کے تناظر میں دیکھا جائے تو ان تمام سیاسی رہنماؤں کو کسی بھی قسم کا مشاہرہ نہیں لینا چاہیے اور اگر یہ رہنما چاہیں تو آج ہی وطنِ عزیز قرض سے نجات پاسکتا ہے مگر کیا کہیں۔ کسی شاعر نے کیا خوب کہا ہے کہ
اپنی اپنی مصلحت ہے اپنا اپنا ہے مفاد
ورنہ اس دنیا میں کب کوئی کسی کے ساتھ ہے
سادگی کے حوالے سے کئی برس قبل ایک کالم میں پڑھا تھا جو میں نقل کررہا ہوں کہ ’’سن انیس سو ساٹھ میں ایک بریگیڈیئر جب چین میں ملٹری اٹیچی بننے تو انہوں نے وہاں کی حکومت سے درخواست کی کہ وہ ہوچی منہ سے ملنا چاہتے ہیں ان کی درخواست پر ملاقات کا وقت طے پا گیا تھا۔ فوجی طریقہ کار کے مطابق وہ کچھ وقت قبل ہی پہنچ گئے تھے۔ ان کا رہنما انہیں ایک خوبصورت سے باغ کے دروازے کے باہر چھوڑ کر چلا گیا اور وہ اس باغ میں داخل ہوگئے تھے، اس باغ میں ایک چھوٹا سا مکان تھا جس کے باہر ایک مالی کیاریوں میں پودے لگا رہا تھا، وہ اس مالی سے بڑے متاثر ہوئے جو اپنے کام میں ہمہ تن مشغول تھا۔ وہ ایک کرسی پر بیٹھ گئے تھے، انہوں نے ارد گرد نظر دورائی تو انہیں کرسی، میز اور چھوٹے سے مکان بھی نظر آیا اور غور کرنے پر انہیں پتہ چلا کہ یہ سب کچھ بانس سے تعمیر کیا گیا تھا حتیٰ کہ کیلیں بھی بانس کی بنی ہوئی تھیں۔ وہ انتظار کررہے تھے کہ کب کوئی آئے اور ان کو صدارتی محل لے جائے گا تاکہ ملاقات ہوسکے۔ اتنے میں وہی مالی اپنے ہاتھ جھاڑ کر ان کے پاس آیا اور ان سے کہا میں ہوچی منہ ہوں اس پر بریگیڈیئر صاحب کی حالت دیکھنے والی تھی وہ جو چھوٹا سا مکان تھا وہ ہوچی منہ کا پیلس تھا۔ یہ کوئی کہانی نہیں بلکہ حقائق ہیں جو اسی دنیا میں ظہور پزیر ہوئے ہیں، ہمارے لیے ان سب کہانیوں میں بڑے سبق ہیں۔‘‘
کاش وطنِ عزیز میں بھی ایسے رہنما اور ایسی سیاسی جماعتیں وجود میں آئیں جن کو عوام کی فلاح وبہود کا خیال ہو، عوام کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہوں، صرف ذاتی مفاد کے لیے نہ آئیں۔ ہر سیاسی جماعت کا مقصد ہوتا ہے حصولِ اقتدار لیکن جب اقتدار مل جاتا ہے تو پھر لوٹ مار، عیاشیاں اور اپنے اقتدار کو قائم رکھنے کی فکری رہتی ہیں۔ اصل میں ذمہ داری کا مظاہرہ ہونا چاہیے جس دن اقتدار کی جگہ ذمہ داری نے لے لی حالات تبدیل ہونے میں دیر نہیں لگے گی۔
ایک غریب ملک جس کے اٹھانوے فیصد لوگوں کو پینے کا صاف پانی نہ ملے، بے روزگاری عام ہو، لوگ خودکشی کررہے ہوں، بغیر پیسے کے کسی دفتر میں کوئی کام نہ ہو، تعلیم کے دروازے غریبوں کے لیے بند ہوں، اسپتالوں کی حالت خراب ہو، پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی ہو تو اس ملک کے حکمرانوں کو عیاشیاں زیب نہیں دیتیں۔ فضول اخراجات اس وقت اچھے لگتے ہیں جب ملک خوش حال ہو آج بھی ملک پر تقریباً سترہ ہزار تین سو باسٹھ ارب روپے کا قرض پہنچ گیا ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم ہر سطح پر کفایت شعاری اور سادگی اختیار کریں یہی ایک صورت ہے جس سے عوام کو کچھ راحت مل سکتی ہے۔ اگر اب بھی سنجیدگی سے نہیں سوچا گیا تو پھر اللہ ہی حافظ ہے وطنِ عزیز کا۔
وہ سادگی میں بھی ہے عجب دل کشی لیے
اس واسطے ہم اس کی تمنا میں جی لیے
ذریعہ: Daily Ausaf
پڑھیں:
فاٹا انضمام کے پیچھے اسٹیبلشمنٹ تھی اور اس کے پیچھے بیرونی قوتیں، مولانا فضل الرحمٰن
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ فاٹا انضمام کے پیچھے اسٹیبلشمنٹ تھی اور اسٹیبلشمنٹ کے پیچھے بیرونی قوتیں تھیں۔
پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھیوں کا نشانہ بنایا گیا، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ہمارے ساتھیوں کو ٹارگٹ کیا گیا، مائنز اینڈ منرلز کا حساس ترین معاملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ معدنیات کے لیے وفاقی حکومت نے اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے، وفاق صوبے کے وسائل پر یکطرفہ قبضے کی کوشش کررہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی نے آل پارٹیز کانفرنس بلائی ہے، جے یو آئی 18 ویں ترمیم پر قدغن قبول نہیں کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہوش کے ناخن نہیں لیتی تو ہم مجبورا عوام کے پاس جائیں گے، وفاق کو خود سوچنا چاہیے قومی اسمبلی اور سینٹ نے 18ویں ترمیم پاس کی، 26ویں ترمیم پاس ہوئی 56 کلاسز میں 36 کلاسز سے پیچھے ہٹنا پڑا، 26 ویں ترامیم کے بعد وفاقی حکومت اب بل لا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا قانون صوبوں سے پاس کرایا جارہا ہے، معدنی ذخائر اور قیمتی پتھر ہیں، بل پرخدشات ہیں، صرف وفاق نہیں، بیرونی مداخلت کی بھی راہ ہموار کی جارہی ہے، کوئی کاروبار کرنا ہے تو صوبے سے کیا جائے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ معدنیات صوبے کے ہیں، اختیار صوبے کا ہے، ہمارے مفادات ترجیح ہونی چاہیے، قانون سازی قابل قبول نہیں ہے، فاٹا انضمام کے پیچھے اسٹیبلشمنٹ تھی اور اسٹیبلشمنٹ کے پیچھے بیرونی قوتیں تھیں۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی انضمام کرلیا گیا لیکن معدنیات میں قبائل جیسی صورتحال بنائی جارہی ہے، جب مفاد ہو تو قبائلی علاقے اور مفاد نہ ہو انضمام کی بات کی جاتی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ افغان مہاجرین کا جبری انخلا کیا جارہا ہے، یہ مسئلہ 2017 میں اٹھا تھا جب یہاں سے مہاجرین کو واپس کیا گیا، ہم نے کٹیگری کی تجویز دی، پہلی کٹیگری وہ لوگ جو یہاں پڑھے، مہارت حاصل کی اور ان کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ دوسری کیٹیگری تاجروں کی ہے، اگر افغان تاجروں نے بینکوں سے پیسے نکال لیے تو بینک دیوالیہ ہوجائیں گے، تیسری کٹیگری طالب علموں کی ہے، طالب علموں کی پڑھائی ختم نہ کی جائے، عام افغان مہاجرین 40 سال مہمان رہے، کیسے لات مار کر نکال سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو ملکر واپسی کا طریقہ اپنانا چاہیے، جس طرح افغانیوں کو نکالا جارہا ہے اس طریقہ کار کا بین الاقوامی اداروں کو نوٹس لینا چاہیے، ہماری تجاویز کابینہ کے اجلاس میں پیش ہوئیں، کون اس ملک کو چلا رہا ہے، کون فیصلے کررہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کیوں نااہل ہے؟ جو طے ہوا، اسے دوام نہیں بخش سکی، دوسروں کی غلطیاں سر پر نہیں تھوپنی چاہیے، صوبے میں اس وقت بدامنی ہے، سیاسی کارکنوں اور عام لوگوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، جنوبی اضلاع میں حکومتی رٹ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں عوام کو کس کے ہاتھ پر چھوڑ دیا گیا ہے، مسلح گروہوں کے ہاتھوں کاروبار کوئی نہیں کرسکتا، 17 ہزار سرکاری ملازمین کو نکالا جارہا ہے، مرکزی کونسل کا اجلاس 19، 20 اپریل کو بتایا ہے۔
ان کہنا تھا کہ 11 مئی کو مینار پاکستان پر ملین مارچ ہوگا، ہم حق کی جنگ لڑ رہے پیں، ہم پاکستان کی بات کرتے ہیں، پاکستان کے اندر رہ کر بات کریں گے، ہم پاکستان سے الگ ہونے کی بات نہیں کریں گے، نہ آزادی کی بات کریں گے، ہم صوبے کے حق کی بات کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جس نے غلطی کی، اس حوالے سے تحقیق کررہے ہیں، کارروائی پوگی، مائنز اینڈ منرلز بل پر دوسری جماعتوں سے رابطہ کریں گے، تجارت ہونی چاہیے لیکن صوبے کے حقوق متاثر نہیں ہونے چاہییں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نےبپرویز خٹک، ۔محمود خان کو وزیراعلی بنایا وہ اب پی ٹی آئی کے ہیں یا کسی ادارے کے ہیں۔