کے ایم سی کی تمام پارکنگ سائٹس مفت کرنے کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 10th, February 2025 GMT
٭کراچی کی 106 مرکزی سڑکوں پر قائم 46 پارکنگ سائٹس پر فیس نہیں لی جائے گی
٭25ٹاؤنز اور 6کنٹونمنٹ بورڈز میں پارکنگ فیس برقرار رہے گی،میئر کراچی کا اعلان
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی تمام پارکنگ سائٹس مفت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ عوامی مفاد میں کیا گیا ہے ، کے ایم سی کی پارکنگ سائٹس سے اب کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی اور یہ فیصلہ جلد کیا جائے گا۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کی 106 مرکزی سڑکوں پر قائم 46 پارکنگ سائٹس پر فیس نہیں لی جائے گی جب کہ 25ٹاؤنز اور 6کنٹونمنٹ بورڈز میں پارکنگ فیس برقرار رہے گی۔مئیر کراچی کا کہنا تھا کہ نوٹیفیکشن جاری کر کے شہریوں پر پارکنگ فیس کا بوجھ ختم کر دیا جائے گا جب کہ کے ایم سی کے نام پر غیرقانونی پیسے وصول کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی اب اپنے پیروں پر کھڑی ہو گئی ہے ، کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں 2 ارب روپے سے زائد موجود ہیں۔
ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
9 مئی کے واقعات سے متعلق کیسز :سپریم کورٹ کا بڑا حکم
سپریم کورٹ نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق کیسز کی سماعت کے دوران اہم فیصلے اور ہدایات جاری کی ہیں۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی، جس میں عدالت نے عمر سرفراز چیمہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی۔ طیبہ راجہ سمیت دیگر ملزمان سے متعلق پنجاب حکومت کی اپیلیں نمٹا دی گئیں اور عدالت نے ہدایت کی کہ ان کیسز میں چار ماہ کے اندر ٹرائل مکمل کیا جائے۔ عدالت نے واضح کیا کہ تمام ملزمان کو ان کے قانونی حقوق، فردِ جرم اور متعلقہ دستاویزات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالتی حکم میں ان نکات کی وضاحت بھی کی جائے گی۔ سماعت کے دوران فواد چوہدری نے مؤقف اپنایا کہ سپریم کورٹ سے انسداد دہشتگردی عدالتوں کو ایک خط بھیجا گیا تھا جس کے بعد انہیں خصوصی عدالتوں میں تبدیل کر دیا گیا۔ اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ’جب عدالتی حکم جاری ہی نہیں ہوا تو خط کیسے بھیجا گیا؟‘ اگر کوئی ایسا خط جاری ہوا ہے تو اسے فوری واپس لیا جائے۔ پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے اس خط سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے 9 مئی سے متعلق تمام مقدمات جمعرات کو دوبارہ مقرر کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملزم علی رضا کے وکیل نے موکل کی بیماری کے پیش نظر ضمانت کی درخواست کی، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اگر میڈیکل گراؤنڈ پر ضمانت دی گئی تو پھر تمام قیدیوں کو رہا کرنا پڑے گا۔ عدالت نے اس کیس کی سماعت بدھ تک ملتوی کر دی۔