طاقتور بحریہ محفوظ سمندری تجارت کی ضامن، خواجہ آصف: دہشتگردی سے نمٹنے کا عملی مظاہرہ
اشاعت کی تاریخ: 10th, February 2025 GMT
اسلام آباد‘ کراچی (خبر نگار خصوصی+ سٹاف رپورٹر) امن مشق 2025 ء کے ضمن میں پہلی بار منعقد ہونے والے دو روزہ امن ڈائیلاگ کا افتتاحی سیشن پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں منعقد ہوا۔ پاک بحریہ کے زیر اہتمام اس ڈائیلاگ میں دنیا بھر سے بحری افواج کے سربراہان، میری ٹائم تنظیموں کے نمائندگان اور معروف ماہرین نے شرکت کی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق افتتاحی سیشن میں پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ چیف آف دی نیول سٹاف، ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے استقبالیہ خطاب میں امن ڈائیلاگ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور سمندری خطرات سے نمٹنے کے لیے بحری ممالک کے درمیان تجربات کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ قابل عمل حکمت عملی وضع کی جا سکے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ طاقتور بحریہ سمندری تجارت کے تحفظ کی ضامن ہے۔ دنیا بڑی معاشی تبدیلیوں سے گزر رہی ہے، تجارتی ٹیرف ایک بڑاچیلنج بن کر سامنے آیا ہے، یہ ہمارا اجتماعی فرض ہے کہ سمندری تجارت کے تحفظ کیلئے مشترکہ کوششیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معاشی نظام میری ٹائم پر انحصار کرتا ہے۔ ایڈمرل نوید اشرف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ امن ڈائیلاگ کے شرکاء کو خوش آمدید کہتا ہوں، امن ڈائیلاگ کا مقصد میری ٹائم سکیورٹی کو لاحق خطرات سے آگاہی دینا ہے، امن ڈائیلاگ کے ذریعے بلیو اکانومی کو فروغ دینا ہے۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے امن ڈائیلاگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ دنیا بھر میں 90 فیصد تجارت سمندری گزرگاہوں کے ذریعے ہوتی ہے۔ پاکستان نیوی شریک ملکوں کے درمیان تجارت اور روابط کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔ پاک بحریہ کے زیر اہتمام 9ویں کثیرالقومی بحری مشق امن 2025جاری ہے، کثیر القومی بحری مشق 11فروری تک جاری رہے گی۔ پاک بحریہ کی 9ویں کثیر القومی بحری مشق امن 2025 کے تیسرے روز اتوار کو محفوظ سمندر، خوشحال مستقبل کے عنوان سے امن ڈائیلاگ کا انعقاد کیا گیا جس میں شریک ممالک کی بحری افواج کے چیف آف نیول سٹاف اور دیگر عہدیدار شریک ہوئے۔ امن ڈائیلاگ میں مشترکہ سمندری خطرات، ماحولیاتی تبدیلیوں کے میری ٹائم سکیورٹی پر اثرات سمیت مختلف اہم امور پر گفتگو ہوئی۔ پاک بحریہ کے زیراہتمام نویں کثیر القومی بحری امن مشق کے تیسرے روز اتوار کو منوڑہ میں دہشتگردی سے نمٹنے کی عملی مشق پیش کی گئی۔ اس موقع پروزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پاک بحریہ کے کمانڈوز نے دہشتگردی سے نمٹنے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ قبل ازیں منوڑہ بیچ پر سندھ پولیس، رینجرز، پاک آرمی اور پاک بحریہ کے میوزیکل بینڈز نے قومی دھنیں پیش کیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: پاک بحریہ کے امن ڈائیلاگ میری ٹائم
پڑھیں: