ایم کیو ایم متحد، گورنر کو ہٹانے کی خبریں بے بنیاد: خالد مقبول
اشاعت کی تاریخ: 10th, February 2025 GMT
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+سٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ مجھ سمیت پوری ایم کیو ایم کو گورنر سندھ کامران ٹیسوری پر اعتماد ہے اور وہ اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ گزشتہ روز ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادر آباد پر پیش آئے واقعے کے بعد اپنے ایک بیان میں چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کل کا واقعہ افسوسناک ہے، اس معاملے کو تنظیمی نظم و ضبط کے مطابق دیکھیں گے تاکہ اس طرح کا واقعہ دوبارہ رونما نہ ہو۔ ایم کیو ایم نظم و ضبط والی جماعت ہے اور ہماری پارٹی میں ایسے عناصر کی گنجائش نہیں جو شرپسندی کرتے ہیں، ہم ایسے عناصر کے خلاف تنظیمی نظم و ضبط کے تحت ایکشن لیں گے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ اور مصطفیٰ کمال کے خلاف مظاہروں کی مذمت کرتے ہیں، ان کے خلاف مظاہرے شرپسندی تھے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ مظاہرین کے چہرے واضح ہیں۔ تحقیقات کر کے تادیبی کارروائی کریں گے۔ ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال نے بہادر آباد مرکز پر میڈیا سے گفتگو کرتے کہا ہے کہ ایم کیو ایم میں کوئی اختلافات نہیں ہم اپنے گھروں کو چھوڑ کر سیاست کرتے ہیں ہم نے جن کا بیڑا اٹھا رکھا ہے ان کو فائدہ ہونا چاہئے۔ ہم 100 فیصد کامیاب نہیں ہو رہے اس کا حل یہی ہے کہ مشورہ کر کے ٹارگٹ پورا کیا جائے۔ وفاقی حکومت کے کراچی پیکج پر عملدرآمد کے معاملہ پر ایم کیو ایم ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کا اجلاس ختم ہو گیا۔ اجلاس میں کراچی، حیدرآباد پیکج کیلئے سکیمز کے پی سی ون کو حتمی شکل دی گئی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ایم کیو ایم
پڑھیں:
کراچی: سی ویو پر ڈرفٹنگ کرتی گاڑی الٹ کر سمندر میں جا گری
کراچی:سی ویو پر ڈرفٹنگ کرتے ہوئے سفید رنگ کی ایک گاڑی الٹ کر تیزی سے سمندر میں جا گری۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کی علی الصبح درخشاں تھانے کی حدود میں واقع سی ویو نشان پاکستان کے قریب ایک سفید رنگ کی گاڑی مبینہ طور پر ڈرفٹنگ کرتے ہوئے بے قابو ہو کر الٹ گئی اور سمندر میں جا گری۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر مددگار 15 پولیس فوراً موقع پر پہنچ گئی جس کے بعد ریسکیو 1122 کو طلب کیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو باحفاظت سمندر سے نکال لیا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
ایس ایچ او درخشاں شاہد تاج نے بتایا کہ واقعہ اتوار کی صبح پیش آیا اور ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ حادثہ ساحل پر ڈرفٹنگ کے دوران پیش آیا۔ پولیس نے مزید تحقیقات کے لیے گاڑی کے مالک کو تھانے طلب کر لیا ہے۔