پریم یونین کی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی
اشاعت کی تاریخ: 10th, February 2025 GMT
پریم یونین کی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں فیصل آباد ریلوے اسٹیشن پر ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت پریم یونین کے چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری، زونل صدر ظہیرالدین بابر، زونل سیکرٹری کاظم فاروق گل، بائوطاہر،ملک منظور اور دیگر نے کی یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے خالد محمود چوہدری نے کہا ساری پاکستانی قوم اپنے ہر قسم کے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔آج کے تاریخی دن اس بات کا اعادہ کیا جاتا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے۔کشمیر پاکستان کا اہم ترین حصہ ہے۔ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی بلکہ مستقبل میں مزید تیز بھی ہو گی۔ انہوں نے ریاست پاکستان سے مطالبہ کیا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے روڈمیپ کا اعلان کیا جائے۔ مسئلہ کشمیر کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جائے۔ ریاست جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری دنیا کو بھارتی مظالم سے آگاہ کرے اور ساتھ بھر پور سفارتی مہم بھی شروع کرے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستانی قوم غیور،بہادر کشمیریوں کے جذبہ حب الوطنی اور شہدائے کشمیر کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور اقوام عالم اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے۔پاکستانی قوم کشمیریوں کی اخلاقی،سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
یورپ کا سب سے بڑا یوم یکجہتی کشمیر کا اجتماع پیرس میں ہوا
پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 فروری2025ء)یوم یکجہتی کشمیر کا سب سے بڑا اجتماع پیرس میں ہوا ، مسلم لیگ ن فرانس کے راہنماؤں سردار ظہور اقبال ، راجہ علی اصغر ، نعیم چوہدری کی میزبانی میں یورپ کا سب سے بڑا یوم یکجہتی کشمیر کا اجتماع ۂوا، اس اجتماع میں پاکستانی و کشمیری سیاسی ، سماجی و کاروباری تنظیموں کے نمائیندوں و سفارتخانہ پاکستان کے افسران نے بھی شرکت کی۔ اس اجتماع کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا ، نعت رسول مقبول صلعم کے بعد فرانس میں مقیم پاکستانی ننھے بچوں نے کشمیر میں جاری ظلم و ستم کے حوالے سے ٹیبلو زپیش کئے، اس موقع پر مقررین کا کہنا تھاکہ غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے بہادر عوام خراج تحسین کے مستحق ہیں ، شرکاء نے خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیری عوام کی سات دہائیوں سے طویل جدوجہد کو سراہا۔(جاری ہے)
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت مسلسل ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے ، کشمیریوں کی پر امن اور جمہوری جدوجہد کو روکنے کے لئے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا جارہا یے لیکن اس کے باوجود بھارت کی قابض فوج کے سامنے کشمیری ڈٹے ہوئے اور دنیا سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ کشمیر میں استصواب رائے کروایا جائے جس کا وعدہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی شکل میں دنیا نے ان سے کر رکھا ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر اجتماع سے خطاب میں مقررین کا کہناتھا پاکستان مقبوضہ وادی کا مسئلہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کونسل سمیت تمام عالمی فورمز پر لڑتا رہے گا، عالمی رہنما کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کی قراردادوں پر عمل کروانے میں کردار ادا کریں، مقررین میں سردار ظہور اقبال ، راجہ علی اصغر ، طارق شریف بھٹی ، نعیم چوہدری ، صاحبزادہ عتیق الرحمن ، ڈاکٹر حمزہ تاج ، سید خالد جمال ، چوہدری گلزار لنگڑیال ، ملک منیر احمد ، چوہدری ذوالفقار نگیال ، طاہرہ سحر و دیگر شامل تھے ، اجتماع میں کشمیر کے حوالے سے بھارت کے خلاف زوردار نعرے بازی بھی ہوتی رہی۔ اجتماع کے اختتام پر پاکستان اور کشمیر کے دعا کروائی گئی ، اجتماع میں سیاسی ، سماجی و مذہبی جماعتوں کے نمائندوں اور خواتین نے بھی بھرپور شرکت کی۔