عالمی درجہ بندی میں بہتری کیلیے بنگلہ دیشی تعلیمی قیادت پاکستانی جامعات کا دورہ کرے گی
اشاعت کی تاریخ: 9th, February 2025 GMT
کراچی:
بنگلہ دیش کی اعلیٰ تعلیم سے منسلک قیادت پاکستانی جامعات کا دورہ کرے گی یہ دورہ او آئی سی کے پاکستان میں موجود ادارے کامسٹیک کے تعاون سے کیا جائے گا جس کا مقصد بنگلہ دیشی جامعات کو یونیورسٹیز کی بین الاقوامی درجہ بندی میں بہتر مقام دلانا ہے اور اس مقصد کے لیے پاکستانی جامعات کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔
اس سلسلے میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی پاکستان میں قائم سائنسی اور تکنیکی تعاون کی کمیٹی (کامسٹیک) اور بنگلہ دیش کے درمیان ایک اعلیٰ سطح کی تعلیمی اور تحقیقی تعاون کا اجلاس ڈھاکا میں منعقد ہوا۔
اس اجلاس کی میزبانی کراچی سے تعلق رکھنے والے سائنسدان اور او آئی سی کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کی جس کا مقصد تعلیم اور تحقیق کے شعبے میں کامسٹیک اور بنگلہ دیش کے درمیان تعاون کو فروغ دینا تھا۔
اجلاس میں بنگلہ دیش کے اہم تعلیمی رہنماؤں نے شرکت کی جن میں پروفیسر ڈاکٹر ایس ایم اے فائز، چیئرمین یونیورسٹی گرانٹس کمیشن آف بنگلہ دیش (یو جی سی ) اور دو دیگر اعلی حکام شامل تھے جبکہ اجلاس میں ڈھاکا یونیورسٹی، بنگلہ دیش یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (بی یو ای ٹی)، بنگلہ دیش اوپن یونیورسٹی، نارتھ ساؤتھ یونیورسٹی (این ایس یو)، ڈافوڈل انٹرنیشنل یونیورسٹی سمیت اسلامک عربک یونیورسٹی کے وائس چانسلرز سمیت ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ یونیورسٹیز آف بنگلہ دیش کے چیئرمین نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کا بنیادی مقصد اعلیٰ تعلیم اور تحقیق میں تعاون کو مضبوط بنانا تھا اجلاس میں تعلیمی تبادلہ پروگرام، مشترکہ تحقیقی منصوبے، فیکلٹی تربیتی پروگرام اور استعداد کار بڑھانے کے منصوبے شامل تھے۔
یونیورسٹی گرانٹ کمیشن کے چیئرمین نے ڈاکٹر اقبال چوہدری سے درخواست کی کہ وہ بین الاقوامی درجہ بندی میں بنگلہ دیشی جامعات کی بہتری کے لیے مدد فراہم کریں۔
ڈاکٹر چوہدری نے کامسٹیک کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور تجویز دی کہ کامسٹیک کے تعاون سے متعلقہ ماہرین کا ایک وفد بنگلہ دیش کا دورہ کرے گا اس دورے کے دوران یو جی سی کی جانب سے مختلف یونیورسٹیوں میں سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا جن میں تعلیمی درجہ بندی کو بہتر بنانے کے لیے تجربات اور بہترین طریقے شیئر کیے جائیں گے۔
ڈاکٹر اقبال نے چئیرمین یونیورسٹی گرانٹ کمیشن کے ساتھ "3U1M" ماڈل بھی متعارف کرایا یہ ماڈل تین سال کی سخت تعلیمی تربیت اور مہارتوں کے فروغ پر مشتمل ہے جبکہ چوتھے سال میں طلبہ کو صنعتی اداروں میں کام کرنے کا موقع دیا جاتا ہے تاکہ وہ حقیقی مسائل کو سمجھ کر ان کے عملی حل تلاش کریں۔یہ ماڈل تعلیمی اداروں اور انڈسٹری کے درمیان خلا کو کم کرنے میں مدد دے گا اور طلبہ کو ایسی مہارتیں فراہم کرے گا جو جدید دور کی ملازمتوں کے لیے ضروری ہیں۔
ڈاکٹر چوہدری نے بنگلہ دیش کے اعلیٰ تعلیمی قیادت کو کامسٹیک ہیڈکوارٹر اور پاکستان کی اعلیٰ جامعات کے دورے کی دعوت دی تاکہ تعلیمی اور تحقیقی تعاون کو فروغ دیا جا سکے، معلومات کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں پر کام کیا جا سکے اور او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات استوار کیے جا سکیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بنگلہ دیش کے کے درمیان او آئی سی کے لیے
پڑھیں:
ضیاء الدین یونیورسٹی بورڈ: میٹرک اور انٹر 2024 حصہ دوئم کے نتائج کا اعلان
فوٹو: فائلضیاء الدین یونیورسٹی امتحانی بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر انصار نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ 2024 کے سالانہ امتحانات دوئم کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔
نتائج کے مطابق میٹرک کے سالانہ امتحانات میں کامیابی کا تناسب 80 فیصد جبکہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں کامیابی کا تناسب 87 فیصد رہا۔
اس موقع پر کنٹرولر ایگزامینیشن ضیاء الدین بورڈ ڈاکٹر عائشہ حسن نے انٹرمیڈیٹ کی مختلف فیکلٹیز کےلیے ٹاپ پوزیشن ہولڈرز کا اعلان بھی کیا۔
پری میڈیکل گروپ میں طیبہ سکندر نے 995 نمبر لے کر پہلی، نایاب صادق نے 992 نمبر لے کر دوسری اور مہک زریاب نے 991 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
پری انجینئرنگ گروپ میں سیدہ رباب فاطمہ رضوی نے 970 نمبر لے کر پہلی، محمد فراز نے 961 نمبر لے کر دوسری اور مصطفیٰ 943 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
جنرل سائنس گروپ میں محمد دانیال نے 928 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ہمایوں اور محمد ولید اعوان نے بالترتیب 923 اور 915 نمبر لے کر دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔
کامرس گروپ میں مہوش کنول نے 906 نمبر لے کر ٹاپ پوزیشن حاصل کی، عروج خان 897 نمبر لے کر دوسرے اور مزمل 889 نمبر لے کر تیسری پوزیشن پر رہے۔
ہیومینٹیز گروپ میں نسرین یاسمین نے 917 نمبر لے کر پہلی، ناہید نے 884 نمبر لے کر دوسری اور نبیلہ بابر راجپوت نے 880 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ڈاکٹر عائشہ حسن نے امتحانات کی شفافیت کےلیے بورڈ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ نتائج کا بروقت اعلان طلباء، اساتذہ اور بورڈ کی لگن کو ظاہر کرتا ہے۔
ان کا مزید کہا کہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ہم نے امتحانی نتائج کو ایک بار پھر بروقت بنایا ہے۔ ڈاکٹر عاصم حسین کی ہدایت پر بورڈ نے امتحانات مکمل ہونے کے آٹھ ہفتوں کے اندر نتائج جاری کردیے۔
امیدوار اپنے نتائج بورڈ کی ضیاء الدین یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دیکھ سکتے ہیں۔