ایم کیو ایم پاکستان سے متعلق خبریں من گھڑت، پارٹی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی سازش ہو رہی ہے،ترجمان
اشاعت کی تاریخ: 9th, February 2025 GMT
ایم کیو ایم پاکستان سے متعلق خبریں من گھڑت، پارٹی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی سازش ہو رہی ہے،ترجمان WhatsAppFacebookTwitter 0 9 February, 2025 سب نیوز
کراچی (آئی پی ایس )ایم کیو ایم پاکستان نے میڈیا پر اپنی جماعت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دو روز سے بعض عناصر سوشل میڈیا پر معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے ہیں اور جان بوجھ کر انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ کچھ شرپسند عناصر کارکنان کو آپس میں لڑا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک جمہوری جماعت ہے، جہاں مختلف آرا اور مباحثہ جمہوری روایات کا حصہ ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ایم کیو ایم کی قیادت متحد ہے اور موجودہ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہی ہے۔ کارکنان کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور شرانگیزی کا شکار نہ ہوں۔ایم کیو ایم نے صحافتی اداروں سے درخواست کی کہ وہ جماعت سے متعلق کسی بھی خبر کو نشر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کریں تاکہ بے بنیاد خبروں سے عوام میں انتشار نہ پھیلے۔
.ذریعہ: Daily Sub News
کلیدی لفظ: ایم کیو ایم
پڑھیں:
گورنر سندھ کی تبدیلی کی افواہوں پر حکومتی اتحاد کا مؤقف سامنے آگیا
کراچی:حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے معاملات پر مداخلت کی جا رہی ہے اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے بتایا کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری بدستور اپنے عہدے پر کام جاری رکھیں گے، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان کے تنظیمی معاملات کا تعلق ان کی قیادت سے ہے، اس سے وفاقی حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
وفاقی حکومت کے ذرائع کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) کی وفاقی حکومت اتحادیوں کی تنظیمی سیٹ اپ یا معاملات میں مداخلت نہیں کرتی ہے، اسی پالیسی کے سبب مسلم لیگ (ن)کی حکومت اور اتحادیوں میں مثالی تعلقات ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کی زیر گردش اطلاعات درست نہیں ہیں،گورنر سندھ کی تبدیلی کے حوالے سےوفاقی حکومت میں کوئی تجویز زیر غور نہیں کہ گورنر سندھ کو عہدے سے ہٹایا جائے یا نیا گورنر نامزد کیا جائے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری وفاق کے نمائندے ہیں وہ اپنے عہدے پر بدستور کام جاری رکھیں گے، ایم کیو ایم پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اتحادی ہے اور وفاقی حکومت نے موجودہ گورنر سندھ کی تقرری ایم کیوایم پاکستان کی قیادت سے مشاورت سے کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم پاکستان میں آئندہ بھی تمام امور پر ورکنگ ریلیشن شپ کی پالیسی برقرار رہے گی، مستقبل میں حکومتی سطح سمیت تمام امور پر فیصلے دونوں جماعتوں میں مشاورت سے کیے جائیں گے۔