بنوں ،چوکی امن کمیٹی دفتر پر حملے ، 2پولیس اہلکاروں سمیت 5افراد شہید : شمالی وزیراستان میں افغان شہری ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 9th, February 2025 GMT
اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ بنوں‘ پشاور (اپنے سٹاف رپوٹر سے+ بیورو رپورٹ+ نامہ نگار) بنوں میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں دو اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ بنوں میں فتح خیل چوکی پر دہشتگردوں نے حملہ کیا۔ شہید اہلکاروں کی شناخت رحیم اللہ اور ضیاء اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق بنوں کے تھانہ اتمانزئی کی حدود میں واقع علاقہ گربز میں شدت پسندوں کی جانب سے امن کمیٹی کے دفتر پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 9 زخمی ہوگئے۔ جوابی فائرنگ سے 8 حملہ آور بھی زخمی ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا، حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان کے جنرل علاقے دتہ خیل میں آپریشن کیا گیا اور دوران آپریشن افغان شہری مارا گیا۔ ہلاک افغان شہری پاکستان کے اندر دہشت گردی میں ملوث نکلا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے ہلاک افغان کی شناخت لقمان خان عرف نصرت ولد کمال خان کے نام سے ہوئی۔ لقمان خان ضلع سپیرا، صوبہ خوست، افغانستان کا رہائشی تھا، ہلاک دہشتگرد کی نعش کی حوالگی کیلئے عبوری افغان حکومت کے حکام سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے ایسے واقعات میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت ہیں، امید ہے عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی، توقع ہے افغان عبوری حکومت پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے افغان سرزمین کے استعمال سے روکے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے خیبر پی کے پولیس دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے۔ خیبر پی کے پولیس کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے بنوں میں پولیس چوکی پر خوارجی دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی ہے اور شہید ہونے والے2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
بنوں: پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ، 2 اہلکار شہید
بنوں میں فتح خیل چوکی پر دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا۔
پولیس کے مطابق حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
پولیس کے دونوں شہداء کی لاشیں اسپتال منتقل کی گئی ہیں۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ فتح خیل چوکی پر دو دن میں دہشت گردوں نے دوسری مرتبہ حملہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی فتح خیل پولیس چوکی پر رات گئے دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جسے پولیس نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا تھا۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔