سندھ میں سیاحت کے فروغ کیلیے تھرڈیزرٹ ٹرین سفاری کا افتتاح
اشاعت کی تاریخ: 9th, February 2025 GMT
صوبائی وزیر برائے ثقافت سید ذوالفقار علی تھرسفاری ٹرین کاافتتاح کررہے ہیں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے سیاحت کے فروغ کیلیے تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری کا افتتاح کر دیا۔تھر ڈیزرٹ ٹرین کراچی سے براستہ حیدرآباد، میرپور خاص اور پاک بھارت سرحدی علاقے تک جائے گی۔ سفر کے دوران سیاح کراچی، حیدر آباد، میرپور خاص، چھور اور کھوکھرا پار کے حسین ثقافتی رنگوں اور روایتی ورثے سے لطف اندوز ہوں گے۔وزیر سیاحت ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ یہ منصوبہ سندھ کے قدرتی حسن، لوک موسیقی، روایتی دستکاریوں اور تھر کے منفرد طرز زندگی کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزرٹ ٹرین سفاری حکومت سندھ کا اقدام ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ نہیں، ٹرین کے ذریعے سیاح تھر کے خوبصورت نظارے دیکھ سکیں گے۔کراچی کینٹ سٹیشن پر ٹرین کا افتتاح وزیر سیاحت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے کیا، تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری کراچی سے براستہ حیدرآباد اور میرپورخاص پاک بھارت سرحدی علاقے تک جائے گی، سفر کے دوران کیمپنگ، بون فائر، موسیقی اور مزے مزے کے کھانے بھی سیاحوں کو پیش کیے جائیں گے۔تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری میں پانچ بوگیاں لگائی گئی ہیں، ٹرین میں ایک ڈائننگ بوگی اور بزنس کلاس بوگی بھی شامل ہے۔وزیر سیاحت سندھ ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ ٹرین کا کوئی کرایہ کسی سے نہیں لیا گیا ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: ڈیزرٹ ٹرین سفاری تھر ڈیزرٹ ٹرین ذوالفقار علی
پڑھیں:
ایس آئی یو ٹی کا تاریخی اقدام؛ پاکستان کا پہلا بچوں کا جدید ترین طبی مرکز کا افتتاح
کراچی:سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) نے بچوں کے دل اور گردے کے علاج میں ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے "مریم بشیر داؤد چلڈرن اسپتال" کا افتتاح کر دیا ہے، جو پاکستان کا پہلا سرکاری سطح پر بچوں کا جدید ترین طبی مرکز بن گیا ہے۔
ایس آئی یوٹی کے زیرانتظام یہ نیا اسپتال مرکزی عمارت کے قریب واقع ہے اور اس کی تعمیر میں معروف مخیر شخصیت بشیر داؤد کے خاندان نے 7 ارب روپے سے زائد کی مالی معاونت فراہم کی ہے۔
علاوہ ازیں سندھ کی صوبائی حکومت کی جانب سے بھی مزید فنڈنگ متوقع ہے تاکہ اس منصوبے کو مزید وسعت دی جا سکے۔
کراچی میں قائم 14 منزلوں پر مشتمل اس جدید اسپتال میں بچوں کے لیے دل کے آپریشن، ڈائیلاسز، یورولوجی اور دیگر پیچیدہ سرجری کی جدید ترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں، اسی طرح ماڈیولر آپریٹنگ تھیٹرز، ہائبرڈ کارڈیک کیتھ لیب اور جدید آئی سی یوز جیسی سہولیات کے ساتھ یہ اسپتال بچوں کو عالمی معیار کی نگہداشت فراہم کرے گا۔
ایس آئی یو ٹی کے بانی پروفیسر ادیب رضوی کے فلسفے کے مطابق اس اسپتال میں تمام طبی سہولیات بلا معاوضہ فراہم کی جائیں گی۔
ان کا ماننا ہے کہ صحت ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور کسی بھی طبقے کی میراث نہیں ہونی چاہیے،"مریم بشیر داؤد چلڈرن اسپتال" صرف ایک طبی ادارہ نہیں بلکہ یہ اس عزم کی علامت ہے کہ پاکستان کے ہر بچے کو معیاری اور مفت طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔
ایس آئی یو ٹی کے ذرائع کے مطابق پاکستان میں ہر سال تقریباً 80 ہزار سے ایک لاکھ بچے دل اور گردے کی پیدائشی بیماریوں کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں یہ بیماریاں نہ صرف جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں بلکہ بچوں کو معذوری کی طرف بھی لے جا سکتی ہیں۔