کراچی ایئرپورٹ : جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے دو مسافر زیر حراست
اشاعت کی تاریخ: 8th, February 2025 GMT
کراچی ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے جعلی اور مشکوک دستاویزات کی بنا پر دو مسافروں کو آف لوڈ کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آف لوڈ ہوئے مسافروں کی شناخت عبداللہ خان اور انوسمانی کمبا کے نام سے ہوئی، پہلی کارروائی میں عبداللہ خان کو حراست میں لیا جو فلائٹ نمبر PC 131 کے ذریعے شمالی قبرص جانے کی کوشش کر رہا تھا۔
یہ مسافر امیگریشن کلئیرنس کے دوران مشکوک پایا گیا، مسافر کے پاسپورٹ پر قبرص کے لیے کوئی سفر کا ریکارڈ نہیں تھا۔
ابتدائی تفتیش میں ملزم نے بتایا کہ اس نے فہد حسین نامی ایجنٹ سے اپنے جعلی ویزے اور دستاویزات کا انتظام کیا تھا، مسافر نے ایجنٹ سے 1400 ڈالر اور 60 ہزار روپے کے عوض اپنے جعلی ویزے اور دیگر دستاویزات حاصل کیں۔ مسافر نے مزید انکشاف کیا کہ وہ ملازمت کے مقصد کے لیے سفر کر رہا تھا، نہ کہ تعلیم کے لیے۔
دوسری کارروائی میں گنی بیساؤ جانے والے انسمانی کمبا نامی مسافر حراست میں لے لیا گیا
امیگریشن کلئیرنس کے دوران مشتبہ معلوم ہونے پر مسافر کو سیکنڈ لائن آفس منتقل کیا گیا۔
مسافر کا پاسپورٹ مشتبہ طور پر جعلی تھا اور اس میں کئی اہم نقائص پائے گئے۔
ملزم کے پاسپورٹ پر سلیکس اسکرین فیچر غائب تھا، اور ہولوگرام سمیت دیگر اہم خصوصیات نہیں تھیں جو اصلی پاسپورٹ میں موجود ہوتی ہیں۔
سکینڈ لائن فرانزک سسٹم کے تجزیہ میں پاسپورٹ کو جعلی قرار دیا گیا۔ ملزمان کو حراست میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا جہاں ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی ایئرپورٹ سے 48 گھنٹوں میں 60 مسافر آف لوڈ
کراچی سے جرمنی، سعودیہ کے ورک ویزوں کے 7 مسافروں سمیت گزشتہ 48 گھنٹے کے دوران 60 افراد کو سفر سے روک کر آف لوڈ کر دیا گیا جن میں قبرص کے تعلیمی ویزہ کے 10 افراد بھی شامل ہیں۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق بحرین، آذربائیجان، ترکی، ساؤتھ افریقہ، بحرین، ملائشیا، نیپال، سری لنکا، امارات، کمبوڈیا، سعودیہ اور ماریش جاتے ہوئے وزٹ ویزا کے 21 مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا۔
جرمنی میں ورک ویزا کے ایک اور سعودیہ میں ورک ویزا اور بزنس کے 6 مسافر بھی آف لوڈ کیے گئے جبکہ 21 مسافر عمرہ کے لیے سعودی عرب جاتے ہوئے پروازوں سے اتارے گئے۔