عام انتخابات کا ایک سال مکمل ہونے پر جی ڈی اے کا سندھ بھر میں یوم سیاہ
اشاعت کی تاریخ: 8th, February 2025 GMT
کراچی:
گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی جانب سے جعلی انتخابات کو ایک سال مکمل ہونے پر سندھ بھر میں یومِ سیاہ منایا گیا۔
کراچی کے سات اضلاع سمیت تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز کی پریس کلبز پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر جعلی انتخابات، دریائے سندھ پر نئی کینال نکالنے، پیکا قوانین، مہنگائی، بے روزگاری اور امن و امان کی خراب صورتحال کے خلاف نعرے درج تھے، شرکاء نے اپنے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر شدید نعرے بازی کی۔
جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہا کہ سندھ کے عوام نے مظاہروں میں بھرپور شرکت کرکے جعلی انتخابات کے خلاف دوبارہ اپنا فیصلہ دے دیا ہے۔ عوام کے مسترد شدہ لوگ ایوانوں میں بیٹھ کر عوام کے مفاد کے خلاف فیصلے کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 8 فروری ملک کی تاریخ کا سیاہ دن تھا، فارم 47 کے ذریعے حکومت بنا کر ریکارڈ دھاندلی کی گئی اور جی ڈی اے کے امیدواروں کو زبردستی شکست دلوائی گئی۔ زبردستی مینڈیٹ چھیننے والوں نے 26ویں ترمیم میں بھی جعلسازی کی، جس سے آئینی بحران پیدا ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جج بھی سیاسی جماعتوں کے حمایت یافتہ مقرر کیے جا رہے ہیں، لیکن عوام اب سارا ماجرہ سمجھ چکی ہے۔ متنازعہ پیکا قوانین کا نفاذ آزاد صحافت کی آواز دبانے کے مترادف ہے، عوام دشمن پیکا قانون فوری طور پر مسترد کیا جائے۔ سردار عبدالرحیم نے کہا کہ عوام کا حق چھین کر حکومت بنائی گئی، لیکن عوام اپنے حق کے لیے پرامن احتجاج جاری رکھیں گے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ایف آئی اے کی لاہور میں کارروائی، 2 انسانی اسمگلر گرفتار
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) لاہور زون نے انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کر دیں، جس کے نتیجے میں دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ لاہور اور قصور میں ٹارگٹڈ آپریشن کیے گئے، جس کے نتیجے میں دو ملزمان زاہد مصطفیٰ اور امجد بھٹی کو گرفتار کیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق مطلوب مفرور ملزم زاہد مصطفیٰ کو کینیڈا کی جعلی نوکری کا جھانسہ دے کر مجموعی طور پر 3.99 ملین روپے غبن کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ملزم 2024 سے فرار تھا، جس کے خلاف لاہور کے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل میں مقدمہ درج ہے۔ جبکہ امجد بھٹی نے جعلی روزگار سکیم چلائی، متعدد شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کے جعلی وعدوں سے دھوکہ دیا۔چھاپے کے دوران اہلکاروں نے ان کے قبضے سے متعدد پاکستانی پاسپورٹ اور جعلی ہسپانوی پاسپورٹ برآمد کر لیے۔ ان میں سے کوئی بھی ان دستاویزات کی درست وضاحت فراہم نہیں کرسکا۔تفتیش کے دوران دونوں ملزمان انکشاف کیا کہ انہوں نے شہریوں سے غیر قانونی طور پر پاسپورٹ حاصل کیے تھے تاہم لوگوں کو بیرون ملک بھیجنے میں ناکام رہے، بڑی رقم لینے کے بعد وہ حکام سے بچنے کے لیے روپوش ہو گئے۔وفاقی تحقیقاتی ایجنسی لاہور زون کے ڈائریکٹر نے تصدیق کی کہ انسانی سمگلروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، متاثرین کے ساتھ رابطے جاری ہیں۔ انسانی سمگلنگ کے بین الاقوامی نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔