پی ٹی آئی احتجاج : شاہ محمود قریشی کی بیٹی متعدد کارکنوں سمیت گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 8th, February 2025 GMT
ملتان:
ملتان میں احتجاج کرنے پر شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہربانو سمیت متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت ہرقسم کے جلسے، جلوس احتجاج اور ریلی پر پابندی عائد ہے۔
تحریک انصاف کی طرف سے دی گئی آج احتجاج کی کال کے پیش نظر چوک گھنٹہ گھر، چونگی نمبر 9، نواں شہر چوک اور چوک کچہری سمیت مختلف چوک پر پولیس کی نفری تعینات رہی، مختلف چوراہوں پر قیدی وینز بھی موجود رہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو اور زاہد بہار ہاشمی کو احتجاج کرنے پر متعدد کارکنوں سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ مہربانو اور زاہد بہار ھاشمی احتجاجی ریلی کی قیادت کر رہے تھے۔
پولیس نے ریلی کے شرکاء پر دھاوا بولا اور لوگوں کو پکڑا، دونوں رہنماؤں اور چند کارکنوں کی گرفتاری کے بعد کارکنان منتشر ہوگئے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
’’نوائے وقت‘‘ گروپ کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر ریلی، سی او او سمیت کارکنوں کی شرکت
لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ) ملک بھر کی طرح نوائے وقت گروپ کے زیر اہتمام جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف مرکزی دفاتر سے 23 کوئینز روڈ تک ریلی اور مظاہرہ کیا گیا۔ نوائے وقت گروپ کے چیف آپریٹنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ 5 فروری مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی اور بھارت کے ظلم و استبداد اور ہٹ دھرمی کے خلاف کشمیریوں کی انتھک اور لازوال جدوجہد آزادی کی حمایت میں تجدید عہد کا دن ہے۔ مظاہرے میں ڈائریکٹر مارکیٹنگ بلال محمود، آئی ٹی ہیڈ قیصر ندیم، ایڈیٹر سنڈے/ فیملی میگزین خالد بہزاد ہاشمی، سپیشل کارسپانڈنٹ خاور عباس سندھو، ڈپٹی ہیڈ مارکیٹنگ عثمان مسعود، سرکولیشن انچارج نذیر عابد سندھو، ایچ آر سٹاف محمد مشتاق، خالد حسین میو اور محمد سلیم، حاجی محمد امین، محمد شفیع، محمد عباس، محمد نعیم، فیصل حق، ذوالفقار علی سمیت دجنوں کارکنوں نے شرکت کی۔ کرنل ندیم قادری نے کہا کہ آزادی کی تحریک میں کشمیری تنہا نہیں ہیں، پورا پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ نوائے وقت کا کردار کشمیریوں کی جدوجہد کے شانہ بشانہ تاریخ سے بھرا پڑا ہے۔ مظلوم کشمیریوں کے وکیل مجید نظامی کے بعد مینجنگ ڈائریکٹر رمیزہ مجید نظامی نے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا بیڑا اٹھایا ہوا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی بھارتی ظلم و بربریت اور تسلط سے آزادی کشمیریوں کا مقدر ہے۔ بھارتی مظالم کا ایک روز خاتمہ ہو کر ہی رہے گا۔