ملک بھر میں بارش اور برفباری کا امکان، سردی کی شدت میں اضافہ
اشاعت کی تاریخ: 8th, February 2025 GMT
لاہور، اسلام آباد:محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے، جس سے سردی میں مزید اضافہ ہو گا۔
اسلام آباد میں آج موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ مری، گلیات اور ان کے آس پاس کے علاقے سرد رہیں گے۔
کوئٹہ، زیارت، چاغی، نوشکی اور ژوب میں بارش اور برفباری ہو سکتی ہے، جبکہ سندھ کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔
چترال، دیر، سوات، کوہستان، کرم اور وزیرستان میں برفباری کا امکان ہے، اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ آزاد کشمیر میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ کل اتوار کو گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، شمالی اور مغربی بلوچستان، کشمیر، مری، گلیات اور پوٹھوہار میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے
.ذریعہ: Nai Baat
پڑھیں:
پرنس کریم آغا خان کی وفات پر گلگت بلتستان میں سوگ اور تعطیل، سرکاری دفاتر بند رہیں گے
گلگت بلتستان:گلگت بلتستان کی حکومت نے اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر 6 فروری کو پورے خطے میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران تین روزہ سوگ منایا جائے گا، جس کے تحت صوبے کی تمام سرکاری عمارتوں پر پرچم سرنگوں رہے گا۔
حکومت نے اس بارے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے جس کے مطابق 6 فروری کو گلگت بلتستان کے تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
یاد رہے کہ پرنس کریم آغا خان کا انتقال پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ہوا۔ وہ 1957 میں اپنے دادا سلطان محمد شاہ آغا خان کی وفات کے بعد اسماعیلی مسلمانوں کے رہنما بنے تھے۔
گلگت بلتستان میں اسماعیلی کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد موجود ہے، اور پرنس کریم آغا خان نے علاقے میں تعلیم، صحت اور دیگر فلاحی منصوبوں میں اہم کردار ادا کیا تھا، جس کی وجہ سے ان کے لیے لوگوں کے دلوں میں خاص عزت و احترام پایا جاتا ہے۔