کراچی: تیز رفتار ڈمپر کی موٹرسائیکل کو ٹکر، 3 نوجوان جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 8th, February 2025 GMT
کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ پر تیز رفتار ڈمپر نے 3 موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق کورنگی ابراہیم حیدری سے کراسنگ جاتے ہوئے تیز رفتار ڈمپر نے تین موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس سے تینوں کی موت واقع ہو گئی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی تھی، ٹکر مارنے کے بعد ڈمپر کا ڈرائیور فرار ہو گیا جبکہ مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگا دی۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت آصف اور امجد جیلانی کے نام سے ہوئی ہے جبکہ تیسرے متوفی کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا اور ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 5 فروری کو بھی 2 مختلف حادثات میں کراچی میں ڈمپر کی ٹکر سے 5 شہری جاں بحق ہوئے تھے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
کراچی: لانڈھی میں برف کے کارخانے میں گیس لیکج سے دھماکا، 2 افراد جاں بحق، 4 زخمی
کراچی:لانڈھی مرتضٰی چورنگی کے قریب فاروقی قبرستان کے پاس واقع برف کے کارخانے میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں کارخانے کی چھت گر گئی۔ حادثے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوئے جن کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ہونے والوں میں سے 2 افراد جناح اسپتال منتقل کرتے ہی دم توڑ گئے جبکہ دیگر چار شدید زخمی افراد کو طبی امداد فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق تاحال تمام متاثرین کی شناخت نہیں ہو سکی، تاہم تمام افراد کی عمریں 30 سے 35 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ گیس لیکج کے باعث پیش آیا جس کے باعث برف کارخانے میں موجود مزدور چھت گرنے سے ملبے تلے دب گئے تھے۔
جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔