Jasarat News:
2025-04-30@13:04:49 GMT

کشمیر اور عالمی برادری

اشاعت کی تاریخ: 8th, February 2025 GMT

کشمیر اور عالمی برادری


وطن عزیز میں یومِ یکجہتی کشمیر ویسے تو ہر سال 5 فروری کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد کشمیری عوام کے حق ِ خودارادیت کے لیے حمایت کا اظہار کرنا ہوتا ہے۔ درحقیقت اس دن کو قومی سطح پر منانے کے پیچھے بھارتی قبضے کے خلاف کشمیری عوام کی طویل جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے اور عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کرنے کا محرک کارفرما ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ کشمیر کا مسئلہ 1947 میں تقسیم برصغیر کے موقع پر اس وقت پیدا ہوا جب بھارت نے کشمیری عوام کی خواہشات کے برخلاف مسلمانوں کی اکثریت کے حامل اس اہم اور تاریخی علاقے پر زبردستی قبضہ کیا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر پر 1947، 1965 اور 1999 میں جنگیں بھی ہو چکی ہیں مگر آج بھی دونوں ممالک کے درمیان یہ مسئلہ جوں کا توں برقرار ہے۔ اقوامِ متحدہ کی 5 جنوری 1949 کی قرارداد میں کشمیری عوام کو استصوابِ رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا گیا تھا لیکن بھارت نے آج تک اس پر عمل درآمد نہیں کیا جس کے خلاف کشمیری عوام میں پچھلی سات دہائیوں کے دوران نفرت اور انتقام میں مسلسل اضافہ ہوتا گیا ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے نہتے اور بے گناہ کشمیری بہن بھائیوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ محتاط اندازے کے مطابق بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں سات لاکھ سے زائد فوج تعینات کر رکھی ہے جو بیدردی سے کشمیریوں کے بنیادی حقوق سلب کر رہی ہے۔

بھارت کی طرف سے ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں، خواتین کی بے حرمتی، نوجوانوں کو قید و بند میں رکھنا، اظہارِ رائے پر پابندی، ذرائع ابلاغ اور انٹرنیٹ کی بندش نیز کشمیری مسلمانوں کو جمعتہ المبارک اور عیدین حتیٰ کہ نماز جنازہ تک پڑھنے کی اجازت نہیں ہے جس سے کشمیری عوم میں بالعموم اور نوجوانوں میں بالخصوص بھارت کے خلاف نفرت اور اشتعال میں اضافہ ہورہا ہے۔ بھارت کی ہٹ دھرمی اور کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دینے کی ظالمانہ رٹ کا اندازہ اس کی جانب سے 5 اگست 2019 کو آرٹیکل 370 اور 35-A کے خاتمے سے لگایا جاسکتا ہے جس کے بعد وہاں مزید جبر اور درندگی کا آغاز ہوا ہے۔

یہ بات قابل قدر ہے کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور ہر فورم پر ان کی حمایت جاری رکھی ہے اسی طرح پاکستان میں ہر سال 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر قومی جوش وجذبے سے منایا جاتا ہے جب کہ اس دن ملک بھر کے علاوہ بیرون ملک مقیم پاکستانی دنیا کے کونے کونے میںکشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مختلف شہروں میں ہاتھوں کی زنجیر بنا کر ان سے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ اس دن ملک بھر میں عوامی ریلیاں نکالی جاتی ہیں، جن میں کشمیر کی آزادی کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔ تعلیمی اداروں، پریس کلبوں اور مختلف تنظیموں کی جانب سے کشمیر کی تاریخ، ثقافت اور جدوجہد پر مبنی سیمینار اور تقریری مقابلے منعقد کیے جاتے ہیں۔ اس روز مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لیے اخبارات، ٹی وی چینلوں اور سوشل میڈیا پر خصوصی پروگرام اور دستاویزی فلمیں نشر کی جاتی ہیں۔ کشمیر اسی طرح کا ایک انسانی المیہ ہے جس کا سامنا اہل فلسطین اور غزہ کے مسلمان کررہے ہیں جس پر عالمی برادری کو فوری توجہ دینی چاہیے۔ اقوامِ متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھارت پر دباؤ ڈالنا چاہیے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا جائز حق دے۔ یورپی یونین، امریکا اور دیگر عالمی طاقتوں کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف عملی اقدامات کریں اور بھارت کو ظلم و جبر سے باز رکھنے میں اپنا عالمی کردار ادا کریں۔

اس ضمن میں امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کا اسلام آباد میں قومی کشمیر کانفرنس سے اپنے خطاب میں یہ کہنا کہ محض سیاسی و اخلاقی حمایت کی یقین دہانیوں کرا کے کشمیریوں سے جان نہ چھڑائی جائے، کشمیر تحریک پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، اسے ہر صورت تکمیل تک پہنچانا ہوگا، بھارت سے آلو، پیاز، ٹماٹر کی تجارت سے کشمیر آزاد ہوگا اور نہ ہی صرف کشمیر کمیٹی سے مسئلہ حل ہونے والا ہے، کشمیریوں کو اپنی آزادی کے لیے لڑنے کا حق اقوام متحدہ کا چارٹر دیتا ہے، فلسطین کی مثال سے ثابت ہوچکا ہے کہ طاقت کے بغیر مذاکرات نہیں ہوتے، مقبوضہ کشمیر بھی بزور شمشیر ہی آزاد ہوگا۔ حافظ صاحب کے اس واضح موقف کو اگر غزہ میں حماس کی تحریک مزاحمت کے تناظر میں دیکھا جائے تو ان کی بات میں کافی وزن نظر آتا ہے کہ اگر ہمارے حکمران اور مقتدر قوتیں کشمیر کی آزادی میں واقعئی مخلص اور سنجیدہ ہیں تو انہیں پھر بھارت کے ساتھ تجارت اور دوستی کی بھیک مانگنے کے بجائے دوٹوک انداز میں نہ صرف قوم کو تحریک آزادی کشمیر کی پشت پر کھڑا کرنا ہوگا بلکہ اس سلسلے میں جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے تئیں بھی مظلوم ومقہور کشمیری عوام کا دست وبازو بننا ہوگا ورنہ قوم یہی سمجھے گی کہ ہمارے حکمران محض اپنی سیاست کی دکان چمکانے اور پاکستانی قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے کشمیر کارڈ استعمال کرتے ہیں۔

دراصل یومِ یکجہتی کشمیر ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ کشمیر کی آزادی صرف کشمیریوں کا ہی نہیں بلکہ پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری امت ِ مسلمہ اور عالمی برادری کا بھی مسئلہ ہے۔ یہ دن صرف تقریروں اور نعروں کا نہیں، بلکہ عملی طور پر کشمیریوں کی ہر ممکن حمایت کا تقاضا کرتا ہے۔ پاکستان ہمیشہ سفارتی، اخلاقی، اور سیاسی سطح پر کشمیریوں کی حمایت کرتا رہے گا اور ان کی آزادی کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا۔ ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ صرف ایک نعرہ نہیں، بلکہ پوری قوم کا خواب اور ایمان ہے، جو ایک دن ان شاء اللہ ضرور حقیقت بنے گا۔

.

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: عالمی برادری کشمیری عوام کی ا زادی کشمیر کی کے خلاف کے لیے اور ان

پڑھیں:

بھارت نے جنگ مسلط کی   تو پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ جواب کیلئے تیار ہے،امیر مقام

مظفرآباد:وفاقی وزیرامورکشمیروگلگت بلتستان انجینئرامیرمقام نے کہاہے کہ  ‎بھارت کی جانب سے جنگ مسلط کی گئی تو پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ جواب کیلئے تیار ہے، پاکستان ہمیشہ کی طرح کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا اور ان کی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے۔
‎بھارت کی جانب سے پہلگام کے خود ساختہ واقعے کو پاکستان کے ساتھ جوڑنے کو مسترد کرتے ہوئے روانی کے مقام پر یکجہتی کشمیر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے دورے کا مقصد یہاں کہ عوام کو یقین دلانا ہے کہ پاکستان ہمیشہ کی طرح کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا اور ان کی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہاکہ ‎وزیر اعظم پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف اور پوری پاکستانی قوم قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق کشمیریوں کے ساتھ ہے، ‎بھارت کی جانب سے جنگ مسلط کی گئی تو پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ جواب کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے جذبے کو سلام کرتا ہوں کہ بھارت کے 77 سالوں سے مظالم کے باوجود ان کا آزادی کا جذبہ کم نہیں ہوا،‎کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے باوجود کشمیریوں کو مرعوب نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہاکہ  ‎ پہلگام کا خود ساختہ واقعہ ہو یا جعفر ایکسپریس کا واقعہ ہو ان سب کے پیچھے ہندوستان کا ہاتھ ہے، ‎ پاکستان میں تخریب کاری اور دہشت گردی کے پیچھے ہندوستان ہے کلبہوشن یادو اس کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہاکہ ‎ اپنے آپ کو نام نہاد جمہوریت کہنے والا بھارت خود ساختہ واقعے کے پانچ منٹ بعد بغیر ثبوت کے پاکستان پر الزام لگانا انتہائی مضحکہ خیز ہے، ‎ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں اور آبی جارحیت سے ہمیں مرعوب نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہاکہ‎ملکی سلامتی اور کشمیر کیلئے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، ‎قائد پاکستان نواز شریف نے جس طرح ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، ‎ مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا اور میں یقین دلاتا ہوں کہ مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیر کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔

Post Views: 1

متعلقہ مضامین

  • کشمیر ہندوستان کا نہیں ہے، پہلگام بھارتی سازش ہے، کشمیری عوام کھل کر بول پڑے
  • بیرون ملک مقیم کشمیری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو بے نقاب کریں، بیرسٹر سلطان
  • پاکستان کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا، امیر مقام
  • بھارت نے جنگ مسلط کی   تو پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ جواب کیلئے تیار ہے،امیر مقام
  • محمود ساغر کا او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کے نام خط
  • اقوام متحدہ میں جھوٹے بھارتی بیانیے کو ناکام بنانے پر حکومت پاکستان اور چین کو مبارکباد
  • عالمی برادری کو مل کرمالیاتی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، آئی ایم ایف
  • کشمیریوں کا پہلگام واقعے سے کوئی تعلق نہیں، انہیں سزا مت دے، کشمیری رہنماؤں کی حکومت سے اپیل
  • پہلگام واقعے کے پیچھے چھپا بھارت کا دہشتگرد چہرہ بے نقاب، کشمیریوں کے گھر تباہ
  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی: کشمیریوں کے گھروں کو دھماکا خیز مواد سے اڑایا جانے لگا