بجلی سستی ہو گی، ٹیم بھارت کو ہرا کر چیمپئنز ٹرافی جیتے: وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 8th, February 2025 GMT
لاہور‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی+ خبر نگار) وزیراعظم شہباز شریف نے قومی کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کو ہرانے کا ہدف دے دیا۔ نئے تعمیر شدہ قذافی سٹیڈیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ دبئی میں پاکستان اور بھارت کے میچ کیلئے آپ مجھے بھی ساتھ لے چلیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ چیمپئنز ٹرافی جیت کر نہ صرف پوری قوم کے ہیروز ہوں گے بلکہ ہمسایہ ملک بھارت کو شکست دے کر 24 کروڑ عوام کے دل جیت لیں گے۔ وزیراعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے نام لے کر ان کی پرفارمنس کو سراہا اور کہا کہ بھارت کو ایونٹ میں ہرا کر آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی اور ان کی ٹیم نے مختصر وقت کے چیلنج میں ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ سٹیڈیم کی تعمیر نو شاندار طریقے سے مکمل ہوئی، اس معاملے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تعاون کیا۔ قذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو بہت ہی شاندار طریقے سے مکمل ہوئی، صرف 117 دن میں ناممکن کو ممکن بنایا گیا۔ محسن نقوی کی عادت ہے، جو اچھے کام کرتے ہیں ان کو لندن کی سیر کراتے ہیں، ان 2500 افراد کو بھی لندن کی سیر کرائیں تاکہ حوصلہ افزائی ہو۔ ایک وقت تھا شہباز سپیڈ کی بات ہوتی تھی، جو ماضی ہوگیا، اب میں محسن سپیڈ کی بات کرتا ہوں۔ ہمارے کھلاڑیوں نے اعلیٰ کرکٹ کھیلی اور پوری قوم کا دل جیتا ہے، چیمپیئز ٹرافی قومی کھلاڑیوں کی جیت کی منتظر ہے۔ شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ ہمارے فاسٹ بولرز بھارتی بیٹرز کو ٹف ٹائم دیں گے، شاہین آفریدی آپ اپنے سسر کی پیروی کریں اور وکٹوں کے انبار لگا دیں۔ انہوں نے کہا کہ 29 سال بعد بہت بڑا ایونٹ ہورہا ہے، یہ ٹرافی اللہ تعالی پاکستان کی جھولی میں ڈالے گا، شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گی۔ علاوہ ازیں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ہمارا ٹارگٹ تھا چیمپئنز ٹرافی سے قبل قذافی سٹیڈیم کو مکمل کریں۔ ایاز صادق نے کہا قومی کھلاڑی ہمارے سر کے تاج ہیں۔ دریں اثناء نوتعمیر شدہ قذافی سٹیڈیم میں رنگ و نور کی برسات‘ آتش بازی‘ میوزک کا تڑکا‘ گرین شرٹس کا سٹیج پر جلوہ اور آفیشل کٹ کی رونمائی بھی ہوئی۔ تقریب میں اہلیان لاہور نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے مثبت ثمرات سامنے آ رہے ہیں، بجلی چوری کے خلاف مہم تیز کرکے تمام تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے میں 100 فیصد کمی لائیں گے، بجلی شعبے کی اصلاحات سے گھریلو صارفین اور صنعتوں کیلئے ٹیرف میں مزید کمی آئے گی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کے شعبے میں اصلاحات پر عملدرآمد سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، سردار اویس لغاری، معاون خصوصی محمد علی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو بجلی شعبے کی اصلاحات کے آئندہ تین برس کے اہداف اور بجلی شعبے کی کارکردگی پر جامع بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں کے بگاڑ کو بہتر کرنے کیلئے وزارت اور متعلقہ ادارے تعاون سے کام کر رہے ہیں جو خوش آئند ہے، روز اول اپنے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ انہیں کم لاگت ماحول دوست بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظرثانی سے قومی خزانے کو بچت اور صارف کیلئے بجلی کی قیمت میں کمی واقع ہو رہی ہے، انسداد بجلی چوری مہم سے تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے میں کمی خوش آئند اور وزارت بجلی و معاون اداروں کی محنت کا نتیجہ ہے، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں نجی شعبے سے اچھی شہرت کے بورڈ ارکان کی تعیناتی سے کمپنیوں کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایسی تقسیم کار کمپنیاں جن میں بورڈ تشکیل نہیں ہوئے ان میں بھی جلد نجی شعبے سے اچھی شہرت کے بورڈ ارکان تعینات کر دیئے جائیں، بجلی کے ترسیلی نقصانات میں کمی بھی اصلاحات کے مثبت نتائج کا منہ بولتا ثبوت ہے، بجلی شعبے کی اصلاحات سے گھریلو صارف اور صنعتوں کیلئے ٹیرف میں مزید کمی لے کر آئیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو غیر معمولی موسمیاتی تباہ کاریوں کا سامنا ہے، موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے گورننس، اصلاحات اور استعداد کار میں اضافہ پر توجہ مرکوز ہے، ریزیلیئنٹ کی تعمیر، انفراسٹرکچر اور پائیدار ترقی میں سرمایہ کاری کیلئے ہمیں مزید پیشگوئی، قابل عمل اور گرانٹ پر مبنی مالی مدد کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بریتھ پاکستان بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس اہم کانفرنس کے انعقاد پر منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں، اس کا مقصد اس وقت بڑے اہم معاملے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا احاطہ کرنا ہے، پاکستان کا گیسوں کے اخراج میں حصہ صرف ایک فیصد ہے لیکن یہ موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ غیر متوقع موسمیاتی تبدیلیوں سے سیلاب، مسلسل گلیشیئرز کا پگھلنا، ہیٹ ویو میں شدت، قحط سالی جیسے مسائل کا سامنا ہے، دو سال قبل سیلاب کے باعث پاکستان کا دوتہائی علاقہ سیلاب سے متاثر ہوا جس کے باعث 3 کروڑ 30 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے، 1700 افراد جاں بحق ہوئے۔ دریں اثناء نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سمندری شعبے کی مکمل بحالی کے لیے جامع اصلاحاتی منصوبے کی منظوری دے دی، جس کے تحت پاکستان میری ٹائم اینڈ سی پورٹ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اصلاحاتی منصوبے پر مؤثر عملدرآمد کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کی سربراہی وزیر دفاع کریں گے۔ کمیٹی میں مختلف اداروں کے اعلیٰ افسران شامل ہوں گے، اور ہر پندرہ روز بعد اجلاس منعقد ہوگا، جس میں تمام منظور شدہ اقدامات کی نگرانی کی جائے گی۔پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی تنظیم نو کی جائے گی، نیشنل پورٹس ماسٹر پلان کی تجدید کی جائے گی اور ملک کی تمام بندرگاہوں کے ٹیرف کو یکساں معیار پر لایا جائے گا۔ بندرگاہوں کی ڈیجٹلائزیشن اور آبی زراعت سمیت دیگر شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی جبکہ مختلف بندرگاہوں پر نئے ٹرمینلز تعمیر کیے جائیں گے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: چیمپئنز ٹرافی شہباز شریف نے قذافی سٹیڈیم تقسیم کار نے کہا کہ بھارت کو شعبے کی جائے گی
پڑھیں:
قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح 7 فروری کو وزیراعظم شہباز شریف کریں گے
لاہور (مانیٹر نگ ڈ یسک )وزیراعظم شہباز شریف قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح 7 فروری کو کریں گے۔چیمپئنز ٹرافی کیلیے خاص طور پر جدید طرز سے مختصر وقت میں تعمیر کیے جانے والے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح 7 فروری کو شام 7 بجے وزیراعظم کریں
گے۔قذافی اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب کے دوران مختلف پرفارمنس اور لیزر لائٹ شو کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر میں شامل ایک ہزار ورکرز کو دن ایک بجے ظہرانہ دینگے۔ تقریب میں شریک مہمانوں کو عمران خان انکلیوڑر میں بٹھایا جائے گا۔چمپئینز ٹرافی کیلیے قومی کرکٹ کی کٹ کی رونمائی بھی 7فروری شام ساڑھے سات بجے کی جائے گی۔