نئے نویلے قذافی اسٹیڈیم کی اولین آزمائش کا وقت آگیا، پہلا میچ آج کھیلا جائے گا
اشاعت کی تاریخ: 8th, February 2025 GMT
نئے نویلے قذافی اسٹیڈیم کی اولین آزمائش کا وقت آگیا، ٹرائنگولر سیریز کا افتتاحی میچ ہفتے کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، تیسری ٹیم جنوبی افریقہ ہے، گزشتہ روز تینوں کپتانوں نے ٹرافی کی رونمائی بھی کردی۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل تین وینیوز کو اپ گریڈ کیا ہے، ان میں سے ایک قذافی اسٹیڈیم لاہور بھی ہے، اس کی پہلی آزمائش ہفتے کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹرائنگولر سیریز میچ سے ہوگی، سنگل لیگ فارمیٹ میں ہونے والے ایونٹ میں ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف ایک میچ کھیلے گی۔فائنل 14 فروری کو کراچی میں 2 ابتدائی سائیڈزکے درمیان ہوگا۔
ٹرائنگولر سیریز تینوں ٹیموں کو 19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کا موقع بھی فراہم کرے گی، ٹرافی کی گزشتہ روز تینوں کپتانوں نے رونمائی کردی۔
پاکستانی کپتان محمد رضوان کی نظریں مسلسل چوتھی ون ڈے سیریز کی جیت پر مرکوز ہیں،ان کی قیادت میں ٹیم نے گزشتہ سال آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقہ کو مات دی تھی۔
اس حوالے سے رضوان نے کہا کہ ہم اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلنے کے لیے پْرجوش ہیں ، چیمپئنز ٹرافی سے قبل ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اعتماد بڑھانا چاہتی ہے۔
دوسری جانب کیویز نے گزشتہ روز ایل سی سی اے گراؤنڈ میں بھرپور ٹریننگ کی ،کھلاڑیوں نے بیٹنگ،بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کی، کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ ہم ہفتے کو پاکستان سے میچ کے لیے تیار ہیں ، یہ سیریز ہمیں چیمپئنز ٹرافی کے لیے پچز کو سمجھنے میں مدد دے گی۔
دریں اثنا پاکستان میں کرکٹ کا جنون عروج پر ہے، لاہور و کراچی کے نئے تعمیر شدہ اسٹیڈیمز میں یہ ٹرائنگولر ون ڈے سیریز شائقین کو سنسنی خیز مقابلے فراہم کرے گی، محمد رضوان کی قیادت میں میزبان ٹیم مسلسل چوتھی ون ڈے سیریز جیتنے کی کوشش کرے گی، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے لیے بھی یہ سیریز اہم ثابت ہوگی۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم بھی عمدہ کارکردگی کے لیے بے چین ہے، کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ فخر زمان ہمارے لیے بڑا خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔
قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ چیمپئینز ٹرافی سے قبل ٹرائنگولر سیریز تیاریوں کا بہترین موقع ہے، کوشش ہوگی فتحیاب ہوں، انھوں نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر پاکستانی ٹیم کے خلاف میچ اہم ہوگا، فخر زمان ایسے کرکٹر ہیں جنہیں ہدف بنانا ہوگا، وہ میچ کا رخ تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
کیوی کپتان نے مزید کہا کہ ہمارے پاس اچھے فاسٹ بولر موجود ہیں اور ہمارا ایونٹ میں پہلا میچ میزبان ملک پاکستان کے خلاف ہے جو نہایت اہم ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ٹرائنگولر سیریز قذافی اسٹیڈیم چیمپئنز ٹرافی نیوزی لینڈ نے کہا کہ کے لیے
پڑھیں:
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح 7 فروری کو وزیراعظم شہباز شریف کریں گے
لاہور:وزیراعظم شہباز شریف قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح 7 فروری کو کریں گے۔
چیمپئنز ٹرافی کیلیے خاص طور پر جدید طرز سے مختصر وقت میں تعمیر کیے جانے والے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح 7 فروری کو شام 7 بجے وزیراعظم کریں گے۔
قذافی اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب کے دوران مختلف پرفارمنس اور لیزر لائٹ شو کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر میں شامل ایک ہزار ورکرز کو دن ایک بجے ظہرانہ دینگے۔ تقریب میں شریک مہمانوں کو عمران خان انکلیوژر میں بٹھایا جائے گا۔
چمپئینز ٹرافی کیلیے قومی کرکٹ کی کٹ کی رونمائی بھی 7فروری شام ساڑھے سات بجے کی جائے گی۔