پاکستان کو شدید موسمیاتی خطرات کا سامنا ہے: وزیراعظم شہباز شریف
اشاعت کی تاریخ: 7th, February 2025 GMT
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو غیرمعمولی موسمیاتی چیلنجز درپیش ہیں اور یہ دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
بین الاقوامی کانفرنس "بریتھ پاکستان” سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا کاربن اخراج عالمی سطح پر ایک فیصد سے بھی کم ہے، اس کے باوجود ملک شدید موسمیاتی تبدیلیوں جیسے سیلاب، گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے اور شدید گرمی کی لہروں کی زد میں ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ دو سال قبل آنے والے تباہ کن سیلاب میں 1,700 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 3 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے تھے۔
شہباز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مضبوط پالیسی فریم ورک تشکیل دیا گیا ہے، جن میں قومی موسمیاتی پالیسی اور موافقتی منصوبہ شامل ہیں، تاہم صرف حکمت عملی بنانا کافی نہیں، بلکہ اس پر مؤثر عملدرآمد بھی ضروری ہے۔ انہوں نے "فائیو سی” اور "فائیو ای” پروگرامز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات "اڑان پاکستان” کے تحت موسمیاتی بہتری کے لیے ترتیب دیے گئے ہیں، جن کے ذریعے گورننس، اصلاحات اور کارکردگی میں بہتری لائی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے عالمی برادری سے تعاون اور مالی مدد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ نسلوں کے لیے ایک سرسبز، محفوظ اور ماحولیاتی طور پر مستحکم پاکستان کی تعمیر ہمارا ہدف ہے، تاہم اس مقصد کے حصول کے لیے بین الاقوامی معاونت ناگزیر ہے۔
.ذریعہ: Nai Baat
پڑھیں:
پاکستانیوں کے قتل کا معاملہ: ایرانی حکومت ملزمان کو گرفتار کر کے سزا دے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی سرزمین پر پاکستانیوں کے قتل پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے علاقے مہرستان، صوبہ سیستان میں 8 پاکستانیوں کے بہیمانہ قتل پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور مرحومین کی مغفرت و اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا ناسور خطے میں موجود تمام ملک کیلئے تباہ کن ہے، خطے میں موجود ممالک کو مل کر دہشتگردی کے خلاف مربوط حکمت عملی پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایرانی حکومت ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے اور اس بہیمانہ اقدام کی وجوہات عوام کے سامنے لائے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وزارت خارجہ کو پاکستانیوں کے اہل خانہ سے رابطہ کرنے اور ایران میں پاکستانی سفارتخانے کو ان کی میتوں کی بحفاظت واپسی کیلئے اقدامات کی ہدایت بھی کی ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی ایران میں پاکستانیوں کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ میری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، دکھ کی گھڑی میں مثاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔