پنجاب میں دھند کا دورانیہ کم ہوگیا، آئندہ دنوں میں موسم کیسا ہوگا؟
اشاعت کی تاریخ: 7th, February 2025 GMT
لاہور:
پنجاب میں دھند کا دورانیہ کم ہوگیا جب کہ آئندہ دنوں میں موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی جاری کردی ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں خشک موسم کا سلسلہ بدستور جاری ہے جب کہ دھند کا دورانیہ بھی دن اور رات کو کم ہونے لگا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خشک موسم کا یہ سلسلہ آئندہ 2، 3 روز تک رہنے کے امکانات ہیں۔ لاہور میں خشک موسم کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے جب کہ خشک موسم کے باعث دن قدرے گرم اور راتیں ٹھنڈی ہونے لگی ہیں۔
آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 7ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ زیادہ سے زیادہ24 ڈگری تک جانے کے امکانات ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
حکومت سندھ کے اعتراضات کے باوجود ٹی پی لنک کینال سے پانی حاصل کرنے کا سلسلہ بڑھا دیا گیا
حکومت سندھ کے اعتراضات کے باوجود ٹی پی لنک کینال سے پانی حاصل کرنے کا سلسلہ بڑھا دیا گیا جب کہ اس سلسلے میں سندھ حکومت نے وفاق اور ارسا کو ایک اور احتجاجی مراسلہ ارسال کردیا ہے۔
وزیر آبپاشی سندھ جام خان شورو نے وفاق اور ارسا کو احتجاجی مراسلہ بھیجتے ہوئے کہا کہ تونسہ پنجند کینال کے ذریعے دریاء سندھ سے 3800 کیوسک پانی لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب، جہلم چناب زون کو اپنا پانی دینے کے بجائے دریا سندھ کا پانی دے رہا ہے، سندھ میں کپاس اور چاول کی فصل کے لئے پانی نہیں ہے۔
جام خان شورو نے ارسا کو احتجاجاً بھیجے گئے خط میں مزید کہا ہے کہ سکھر بیراج پر 4 ہزار کیوسک جبکہ کوٹڑی بیراج پر 2300 کیوسک پانی کم مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق اور ارسا سندھ کے ساتھ انصافیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، تونسہ پنجند لنک کینال پانی کے بہاؤ بڑھانا سراسر ناانصافی ہے، پنجاب، وفاق اور ارسا رویے سے متعلق پارٹی قیادت کو آگاہ کیا گیا ہے۔
وزیر آبپاشی سندھ نے کہا کہ سندھ کی عوام میں اس اقدام سے بے چینی بڑھ رہی ہے، سندھ کو اپنے حصے کا پانی دیا جائے تاکہ صوبے میں پانی کی قلت کم ہوجائے، پنجاب حکومت نے گزشتہ رات ایک ہزار کیوسک پانی اٹھانے کا سلسلہ بڑھایا۔