عمران خان کی ہدایت پر انتظار پنجوتھہ چیف آرگنائزر آئی ایل ایف مقرر
اشاعت کی تاریخ: 7th, February 2025 GMT
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2025ء) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہدایت پر انتظار حسین پنجوتھہ کو چیف آرگنائزر انصاف لائرز فورم مقرر کردیا گیا۔
(جاری ہے)
انتظار حسین پنجوتھہ بطور ترجمان عمران خان آن لیگل افیئرز بھی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے
پڑھیں:
نئی دہلی کے انتخابات خواتین کے لیے جیک پاٹ، دیگر مسائل انتظار کریں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 04 فروری 2025ء) نئی دہلی کے انتخابات کی مہم اب اختتام کو پہنچ چکی ہے مگر کیا بتاؤں اس انتخابی مہم کے دوران سیاسی پارٹیوں نے گھروں میں بھی سکون سے رہنے نہیں دیا۔ روزانہ کوئی نہ کوئی سیاسی امیدوار یا ان کے حامی دروازے پر دستک دیتے ہیں، ووٹ مانگتے ہیں اور پوری سنجیدگی کے ساتھ یقین دلاتے ہیں کہ وہ دوسرے امیدوار سے بہتر ہیں۔
اس سیاسی مہم کا سب سے دلچسپ پہلو یہ ہے کہ خواتین ووٹرز کی اہمیت کو اب ہر پارٹی نے تسلیم کر لیا ہے۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اس رجحان کو سب سے پہلے سمجھا تھا جب انہوں نے 2016 میں بہار کو 'شراب مکتی‘ ریاست بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ شرابی مردوں کی ستائی ہوئی خواتین نے انہیں بھرپور ووٹ دیے، اور تب سے یہ فارمولا ہر ریاست میں دہرایا جا رہا ہے، چاہے وہ کرناٹک ہو، ہریانہ، مہاراشٹر یا ہماچل پردیش۔
(جاری ہے)
اب خواتین ووٹرز اپنی الگ پہچان بنا چکی ہیں اور کوئی بھی سیاسی جماعت انہیں نظرانداز نہیں کر سکتی۔ہر سیاسی جماعت خواتین کے ووٹ حاصل کرنے کے لیے انہیں کوئی نہ کوئی لالچ دے رہی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ اس الیکشن کا سب سے بڑا مسئلہ صرف یہی ہے کہ خواتین کو زیادہ سے زیادہ مالی فائدے کیسے دیے جائیں۔ ویسے بھی گھریلو خواتین کا دل جیتنا شاید ووٹ حاصل کرنے کا سب سے آسان راستہ سمجھا جاتا ہے۔
چنانچہ انتخابات سے پہلے ان کے لیے طرح طرح کے معاشی 'لالی پاپ‘ دستیاب ہیں۔دہلی کی سیاست کا یہ حال ہو چکا ہے کہ انتخابی منشور اب کسی 'شاپنگ فیسٹیول‘ کا اشتہار معلوم ہوتے ہیں۔ شاندار، پرکشش، اور حقیقت سے کوسوں دور۔ عام آدمی پارٹی نے خواتین کو ماہانہ 2,100 روپے دینے کا اعلان کیا، تو کانگریس نے فوراً 2,500 روپے کا وعدہ کر دیا۔
بی جے پی نے تو اس سے بھی آگے بڑھتے ہوئے گیس سلینڈر پر سبسڈی، ہر سال دو مفت سلینڈر اور حاملہ خواتین کو 21,000 روپے کی نقد رقم دینے کا وعدہ کیا ہے۔اب خواتین کے درمیان سب سے زیادہ زیرِ بحث موضوع یہی ہے کہ اس اضافی رقم کو کہاں خرچ کیا جائے۔ لیکن اس سب کے درمیان سب سے حیران کن بات یہ ہے کہ دہلی کی خطرناک حد تک آلودہ فضا کسی کو یاد ہی نہیں۔
ایک مہینہ پہلے تک یہی دہلی شہر تھا جہاں فضائی آلودگی کا عالم یہ تھا کہ اسکول اور کالج بند کر کے آن لائن کلاسز کا اہتمام کیا گیا تھا، تعمیراتی کام روک دیے گئے تھے اور بچوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایات دی جا رہی تھیں۔ مگر جیسے ہی انتخابی لالچ کا کھیل شروع ہوا، یہ ماحولیاتی بحران کہیں غائب ہو گیا۔ حقیقت یہ ہے کہ سیاستدان اچھی طرح جانتے ہیں کہ عوام کی یادداشت بہت کمزور ہوتی ہے۔ دہلی تین سال سے ہر سال تقریباً 150 دن شدید آلودگی کی لپیٹ میں رہتا ہے، لیکن جیسے ہی ووٹ ڈالنے کا وقت آتا ہے، یہ مسئلہ نہ ووٹروں کو یاد رہتا ہے اور نہ ہی سیاستدانوں کو۔یہ اور بات ہے کہ انتخابات کے بعد سیاستدان اپنے وعدے بھول جاتے ہیں، یا جلد ہی انہیں احساس ہو جاتا ہے کہ سرکاری خزانے میں اتنا پیسہ نہیں کہ وہ اپنی 'فراخ دلانہ‘ پیشکشیں پوری کر سکیں۔
مثال کے طور پر، مہاراشٹر میں بی جے پی نے 2.5 لاکھ سے کم سالانہ آمدنی والی خواتین کو ماہانہ 2,100 روپے دینے کا وعدہ کیا تھا۔ اس اسکیم کے تحت تقریباً 2.47 لاکھ خواتین مستفید ہو سکتی تھیں، جس کے لیے سالانہ 46,000 کروڑ روپے درکار ہوتے۔ اب حکومت بہانے تلاش کر رہی ہے کہ یہ اسکیم واپس کیسے لی جائے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے مستحقین کی فہرست کی 'جانچ پڑتال‘ شروع کر دی ہے۔2022 کے انتخابات سے قبل، الیکشن کمیشن آف انڈیا نے سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اپنے وعدوں کی مالی حیثیت کی وضاحت کریں۔ مگر جیسے ہی اس تجویز کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، اسے خاموشی سے دفن کر دیا گیا۔ سپریم کورٹ میں اس معاملے پر ایک عرضی بھی زیرِ سماعت ہے، مگر اس کا فیصلہ بھی شاید انتخابات کے بعد ہی آئے گا۔
دہلی حکومت کے ایک حالیہ مطالعے کے مطابق 80 فیصد سے زیادہ گھرانوں نے بجلی کے بل میں سبسڈی حاصل کی، 76.1 فیصد نے پانی کی رعایت کا فائدہ اٹھایا، 64.7 فیصد مفت یا کم لاگت والے سرکاری ہسپتالوں سے مستفید ہوئے، 58 فیصد خواتین نے بسوں میں مفت سفر کیا، اور 43.7 فیصد طلبہ نے سرکاری تعلیمی مراعات سے فائدہ اٹھایا۔
گویا اتنے فوائد حاصل کرنے کے بعد اصل مسائل کو بھول جانا لازمی تھا۔ذرا سوچیے، جب دہلی جیسے خوشحال شہر میں عوام کا یہ حال ہے تو باقی ملک کی کیا حالت ہوگی؟ دہلی میں اب سڑکوں کے گڑھے، بہتے نالے، اور کوڑے کے ڈھیر کوئی مسئلہ نہیں رہے۔ یہ کتنا افسوسناک ہے کہ ایک فلاحی ریاست کا تصور رکھنے والا ملک اب خیرات پر چل رہا ہے۔ جہاں تعلیم اور صحت بنیادی حقوق ہونے چاہیے تھے، وہاں سرکار عوام کو تھوڑے بہت فوائد دے کر اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے اور عوام بھی دل کھول کر یہ سب قبول کر رہی ہے۔
یہ ایک افسوسناک حقیقت ہے کہ جن ریاستوں کو ایسے منصوبے بنانے چاہییں جو آئندہ نسلوں کے لیے سرمایہ ثابت ہوں، وہ اتنی کم نظروں کی شکار ہو چکی ہیں کہ بس سبسڈی بانٹ کر ووٹ حاصل کرنے میں مصروف ہیں۔ عوام بھی اپنی فوری ضروریات کے تحت ان فریب کار پیکجوں کو قبول کر رہی ہے، مگر سوال یہ ہے کہ کب تک؟
نوٹ: ڈی ڈبلیو اردو کے کسی بھی بلاگ، تبصرے یا کالم میں ظاہر کی گئی رائے مصنف یا مصنفہ کی ذاتی رائے ہوتی ہے، جس سے متفق ہونا ڈی ڈبلیو کے لیے قطعاﹰ ضروری نہیں ہے۔