امریکا ، تارکین وطن مخالف پالیسیوں پر ٹرمپ کیخلاف احتجاج
اشاعت کی تاریخ: 7th, February 2025 GMT
امریکی شہری ٹرمپ کی متنازع پالیسیوں کے خلاف احتجاج کررہے ہیں
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں ہزاروں افراد نے صدر ٹرمپ کی تارکین وطن کے حوالے متنازع پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا۔ نیو یارک ٹائمز کے مطابق سوشل میڈیا کے ذریعے #50501 ہیش ٹیگ کے عنوان کے تحت احتجاج کی کال دی گئی ،جس کا مطلب تھا ایک ہی دن میں 50ریاستوں میں 50مقامات پر احتجاج۔ ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین دوپہر کو ریاستوں میں کانگریس اور بلدیہ کی عمارتوں کے سامنے جمع ہونا شروع ہوئے۔ اس دوران شہریوں نے ٹرمپ کی نافذ کردہ تارکین وطن دشمن پالیسیوں اور متنازع طریقوں کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق فلاڈیلفیا، کیلیفورنیا، مشیگن، ٹیکساس، وسکانسن، انڈیانا سمیت دیگر ریاستوں میں بھی مظاہرین نے صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف ریلی نکالی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر ایلون مسک اور ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے تیار کردہ سیاسی تجاویز پر مشتمل پراجیکٹ 2025ء کی مخالفت میں نعرے درج تھے۔دوسری جانب غیر قانونی بھارتی تارکین وطن کو امریکی فوجی طیارے پر واپس بھیجنے اور بعض افراد کو مبینہ طور پر ہتھکڑی لگانے پر بھارت میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پارلیمان کے اندر اور باہر شدید احتجاج کیا گیا۔ بدھ کے روز امریکا نے 100سے زائد غیر قانونی بھارتی تارکین وطن کے پہلے گروہ کو ایک فوجی طیارے سے بھارت واپس بھیج دیا تھا۔ اس موقع پر مودی سرکار نے کوئی ردعمل نہیں دیا ۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: تارکین وطن کے خلاف ٹرمپ کی
پڑھیں:
200 سے زائد غیر قانونی تارکینِ وطن کو لے کر امریکی طیارہ بھارت روانہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جاری کردہ ایگزیکٹیو آر پر عملدرآمد جاری ہے۔ دنیا بھر کے غیر قانونی تارکینِ وطن کو اُن کے ممالک بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارت کے غیر قانونی تارکینِ وطن کو لے کر امریکی ایئر فورس کا خصوصی طیارہ امرتسر کی طرف رواں ہے۔
اس امریکی فوجی طیارے میں بھارت سے تعلق رکھنے والے 205 غیر قانونی تارکینِ وطن سوار ہیں۔ اِن میں سے بیشتر کا تعلق بھارتی ریاستوں پنجاب اور ہریانہ سے ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف کریک ڈاؤن شدید ہوچکا ہے۔ بھارتی غیر قانونی تارکینِ وطن کو لے کر امریکی ایئر فورس کا سی سیونٹین طیارہ سان انتونیو سے روانہ ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ جن بھارتی غیر قانونی تارکینِ وطن کو اُن کے وطن واپس بھیجا گیا ہے اُن میں سے ہر ایک کی جامع تصدیق کے بعد ہی طیارہ روانہ کیا گیا۔ یہ طیارہ ایندھن لینےکے لیے جرمن شہر ریمسٹین میں رکے گا۔
نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے نے بھارتی غیر قانونی تارکینِ وطن کو ڈی پورٹ کرنے اور طیارہ بھارت روانہ کرنے سے متعلق خبروں کی تصدیق سے گریز کیا۔ امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے کہا کہ امریکا میں غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی بھی آگئی ہے اور اس کا دائرہ بھی وسیع کردیا گیا ہے۔ امریکا کی طرف سے پیغام بالکل واضح ہے ۔۔۔ یہ کہ اب لوگ غیر قانونی طور پر امریکا آنے سے گریز کریں کیونکہ اس حوالے سے خطرات مول لینے کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔
امریکی حکام نے پہلے مرحلے میں 15 لاکھ غیر قانونی تارکینِ وطن کی جو فہرست مرتب کی ہے اُس میں 18 ہزار بھارتی بھی شامل ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ نے کہہ دیا ہے کہ اس معاملے میں کسی سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
اس وقت امریکا میں بھارت کے سوا سات لاکھ باشندے غیر قانونی طور پر قیام پذیر ہیں۔ امریکا میں میکسیکو اور السلواڈور کے بعد سب سے زیادہ غیر قانونی تارکینِ وطن بھارت کے ہیں۔