پاکستان کی سلامتی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی باہم جڑی ہوئی ہیں،تنظیم اسلامی
اشاعت کی تاریخ: 7th, February 2025 GMT
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کی سلامتی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی باہم جڑی ہوئی ہیں۔ بھارت نے اہلِ غزہ کی نسل کشی میں اسرائیل کا مکمل ساتھ دیا جس سے یہود و ہنود کا گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا۔ان خیالات کا اظہار تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم 5فروری کا دن اہلِ کشمیر کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر مناتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کے عزائم بڑے خطرناک ہیں اور اسے اسرائیل کا تعاون بھی حاصل ہے۔ لہذ ااب محض یومِ یکجہتی کشمیر منانے کی بجائے عملی قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ 5 اگست 2019 کو جب بھارت نے آئین کی شق370اور 35-A کو ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کو بھارت میں ضم کر دیا تھا تو یہ پاکستان کو کھلا چیلنج تھا۔ اس کے جواب میں پاکستان نے اس وقت تک بھارت سے مذاکرات کرنے سے انکار کر دیا تھا جب تک 370 اور 35-A کو بحال نہیں کر دیا جاتا۔ حقیقت یہ ہے کہ جب تک بھارت 370 اور 35-A کو بحال نہیں کر دیتا اس وقت تک مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔
ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
آزادی کشمیر کی منزل قریب آچکی ہے، جماعت اسلامی
بدین(نمائندہ جسارت )جماعت اسلامی ضلع بدین کے نائب امیر اللہ بچایو ہالیپوٹہ نے کہا ہے کہ آزادی کشمیر کی منزل قریب آچکی ہے، اور مظلوم کشمیری پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ ایجوکیشن فاونڈیشن حکومت سندھ کی تعاون سے چلنے والے تعلیمی ادارے پاتھ ہائی اسکول سسٹم میں کشمیر یکجہتی کے سلسلے میں منعقدہ پروگرام میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں، اور ان کی قربانیاں جلد رنگ لائیں گی۔اللہ بچایو ہالیپوٹہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی قبضے اور کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ان کے جائز حقوق کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور جماعت اسلامی کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔