9 مئی حملہ کیس: ایف آئی اے، پی آئی ڈی، پیمرا اور سیکیورٹی ادارے کی رپورٹس عدالت میں جمع
اشاعت کی تاریخ: 6th, February 2025 GMT
اڈیالہ جیل میں 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمران خان اور شاہ محمود کو پیش کیا گیا، استغاثہ کے مزید گواہان کی شہادتیں ریکارڈ ہوئیں، استغاثہ نے ایف آئی اے، پی آئی ڈی، پیمرا اور انٹرنل سیکیورٹی ونگ کی رپورٹس پر مشتمل 118 سیٹ عدالت میں جمع کرادیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی۔مقدمہ کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔
دوران سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا جب کہ راولپنڈی پولیس کی خصوصی ٹیم نے شاہ محمود قریشی کو کوٹ لکھ پت جیل سے لے کر آئے۔
بانی پی ٹی آئی کی فیملی اور وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت میں موجود رہے۔ فواد چوہدری، مسرت جمشید چیمہ، شبلی فراز بھی پیش ہوئے۔ عمر ایوب، شبلی فراز مسرت جمشید چیمہ، بیرسٹر علی ظفر، تیمور جھگڑا، مزمل اسلم بھی اڈیالہ جیل پہنچے۔
سماعت کے دوران استغاثہ کے مزید دو گواہان کی شہادت قلم بند ہوئی، تیسرے کی شہادت جزوی طور پر ریکارڈ ہوئی۔ مقدمہ میں مجموعی طور پر 15 گواہان کی شہادت ریکارڈ کی جاچکی ہیں جب کہ سولہویں کی جزوی ریکارڈ کی گئی۔
پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے کہا کہ پولیس کی جانب سے اضافی نقول کی کاپیوں کے 118 سیٹ عدالت میں جمع کرا دیئے گئے، اضافی نقول کا فی سیٹ برائے ایک ملزم 284 صفحات پر مشتمل ہے، پولیس نے کل 34 ہزار صفحات پر مشتمل 118 سیٹ عدالت میں جمع کروائے۔
اضافی نقول ایف آئی اے، پی آئی ڈی، پیمرا اور انٹرنل سیکیورٹی ونگ کی رپورٹس پر مشتمل ہیں۔
سماعت بجلی کی بندش کے باعث ملتوی کردی گئی، ہفتے کے روز پی ٹی آئی احتجاج کی کال کے باعث اور ملزمان کی عدم حاضری کے پیش نظر سماعت بدھ تک ملتوی کی گئی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: عدالت میں جمع اڈیالہ جیل
پڑھیں:
عمران خان کی 15اپریل کو سیشن کورٹ میں پیشی، اڈیالہ جیل حکام نے خصوصی سیکیورٹی مانگ لی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2025ء)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 15اپریل کو سیشن عدالت طلبی کے معاملے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے، اڈیالہ جیل حکام نے عمران خان کو پیش کرنے کیلئے خصوصی سیکیورٹی مانگ لی ہے۔(جاری ہے)
ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف اقدام قتل، جعلی رسیدوں اور دیگر مقدمات میں ضمانت کے حوالے سے دائر درخواستوں پر 15اپریل کو سیشن عدالت میں سماعت کے دوران جج افضل مجوکا نے عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔
اڈیالہ جیل حکام نے عمران خان کو عدالت میں پیش کرنے کیلئے خصوصی سیکیورٹی مانگ لی۔سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے سیکورٹی کیلئے خط لکھ دیا گیا ہے، خط میں بانی پی ٹی آئی کی سیکورٹی کیلئے اڈیالہ جیل حکام نے خصوصی گارڈز مانگ لیے ہیں۔ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 15اپریل کو پیش کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے، بانی پی ٹی آئی کی اقدام قتل، جعلی رسیدوں و دیگر کیسز میں ضمانتوں کی درخواستیں زیر سماعت ہیں۔