جسٹن اور ہیلی بیبر کی طلاق کی خبریں زور پکڑنے لگیں
اشاعت کی تاریخ: 6th, February 2025 GMT
معروف امریکی گلوکار جسٹن بیبر اور اُن کی اہلیہ ہیلی بیبر کی طلاق سے متعلق افواہیں گردش کر رہی ہیں اور اب ان افواہوں نے زور پکڑنا شروع کردیا ہے کیونکہ دونوں کی جانب سے تاحال ان افواہوں کی تردید نہیں کی گئی ہے جس پر مداحوں کو تشویش ہے۔
ہالی ووڈ ستاروں کے بارے میں تفصیلات شیئر کرنے والی کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق جوڑے کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آئی ہیں، اور ہیلی کے دوستوں نے اُنہیں جسٹن کے ’ناقابل قبول‘ رویے کی وجہ سے علیحدگی کا مشورہ دیا ہے۔
اس کے علاوہ جسٹن کی حالیہ عوامی تقریبات میں ان کی حالت اور سوشل میڈیا پر مبہم پوسٹس نے ان قیاس آرائیوں کو مزید ہوا دی ہے۔
View this post on InstagramA post shared by Viral Bhayani (@viralbhayani)
کہا جارہا ہے کہ جسٹن بیبر کے سابق سرپرست شان ’ڈیڈی‘ کومبز، کے خلاف جنسی اسمگلنگ کے الزامات اور ممکنہ عدالتی کاروائی نے جسٹن کی ذہنی حالت پر اثر ڈالا ہے۔ ذرائع کے مطابق جسٹن اس صورتحال سے انتہائی پریشان ہیں اور ان سے فاصلہ اختیار کر رہے ہیں۔
تاہم ان تمام افواہوں کے باوجود، جسٹن اور ہیلی بیبر نے حالیہ ایونٹس میں ایک ساتھ شرکت کی ہے۔ ہالی ووڈ کے اس معروف جوڑے کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ان افواہوں پر توجہ نہیں دیتے اور اپنی ازدواجی زندگی میں خوش ہیں۔
واضح رہے کہ جسٹن اور ہیلی بیبر کے ہاں اگست 2024 میں بیٹے جیک بلیوز کی پیدائش ہوئی جس کے بعد سے ان کی توجہ اپنی فیملی پر مرکوز ہے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
علیحدگی کے باوجود والدین تادمِ مرگ اچھے دوست رہے؛ نورجہاں کی بیٹی کا انٹرویو وائرل
لیجنڈری گلوکارہ نور جہاں اور اعجاز درانی کی بیٹی نازیہ درانی نے ایک انٹرویو میں پہلی بار والدین کی نجی زندگی سے متعلق انکشافات کیے ہیں۔
نازیہ اعجاز درانی نے بتایا کہ والدین کے درمیان علیحدگی ہونے کے باوجود وہ مرتے دم تک ایک دوسرے کے اچھے دوست تھے۔
گلوکارہ کی بیٹی نے بتایا کہ ان کے والد اعجاز درانی نے ہمیشہ ماں نور جہاں کی بے پناہ عزت کی اور احترام کا یہ رشتہ آخری وقت تک برقرار رہا۔
انھوں نے مزید کہا کہ وفات سے قبل والد اعجاز درانی ہی والدہ نورجہاں کو اسپتال لیکر گئے تھے اور دیکھ بھال کی تھی۔
لیجنڈری گلوکارہ نور جہاں کی بیٹی نے بتایا کہ ان کی والدہ بے پناہ مصروفیت اور مقبولیت کے باوجود بچوں کے لیے اپنے ہاتھوں سے کھانا بناتی تھیں۔
نازیہ اعجاز درانی نے مزید کہا کہ والدہ نے ہم سب کے ناز نخرے بھی اٹھائے تاہم بڑی بہن ظل ہما کی شادی کے ہم 3 چھوٹی بہنوں کو بورڈنگ اسکول بھیج دیا تھا۔
انھوں نے مزید کہا کہ جب بھی ہم میں سے کسی بہن کی سالگرہ آتی تھی تو والد اور والدہ علیحدگی کے باوجود ایک ساتھ بورڈنگ اسکول آتے اور سالگرہ مناتے تھے۔
یاد رہے کہ ماضی کے معروف ہیرو اعجاز درانی اور گلوکارہ نورجہاں کی شادی 1959 میں ہوئی اور 1971 میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔
اعجاز درانی سے قبل نورجہاں کی پہلی شادی 1941 میں شوکت حسین رضوی سے ہوئی تھی جن سے ان کی بیٹی ظل ہما ہیں۔ دونوں کی طلاق 1953 میں ہوئی تھی۔
فلم ہیر رانجھا سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے لیجنڈری ہیرو اعجاز درانی نے نورجہاں سے طلاق کے بعد اداکارہ فردوس کے ساتھ شادی کی۔
اعجاز درانی کی یہ شادی بھی طلاق پر ختم ہوئی تھی اور پھر انھوں نے تیسری شادی نادیہ بیگم نامی خاتون سے کی تھی۔