اسرائیل نے مشرقی سیکٹر سے ابھی مکمل انخلا نہیں کیا،لبنانی فوج کے ساتھ مل کر جنوبی علاقوں میں کام کرنا ضروری ہے، اقوام متحدہ
اشاعت کی تاریخ: 6th, February 2025 GMT
بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2025ء) اقوام متحدہ کی امن فورس (یو این آئی ایف آئی ایل)نے کہا ہے کہ لبنانی فوج کے ساتھ مل کر جنوبی علاقوں میں کام کرنا ضروری ہے، اسرائیل نے ابھی تک مشرقی سیکٹر کے تمام علاقوں سے انخلا نہیں کیا ۔ العربیہ اردو کے مطابق یواین امن فورس کے ترجمان اینڈریا ٹینینٹی کا یہ بیان اس وقت سامنے آیاہے جب اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں نبطیہ گورنری کے قصبوں راب ثلاثین اور یارون میں گھروں کو جلا اور دھماکوں سے اڑا رہی ہے، اس طرح گزشتہ روز بھی جنگ بندی معاہدے کی2 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔
ا عدادوشمار کے مطابق 72 روز قبل معاہدے کے نافذ العمل ہونے کے بعد سے اسرائیل کی جانب سے 854 خلاف ورزیاں کی گئی ہیں۔ اسرائیلی فورسز نے مرجیعون ضلع میں واقع قصبے راب ثلاثین میں متعدد مکانات کو آگ لگا دی،بنت جبیل ضلع کے قصبے یارون میں اسرائیلی فوج نے منظم بمباری کی جس میں متعدد گھروں کو نشانہ بنایا گیا۔(جاری ہے)
قابل ذکر ہے کہ اس معاہدے میں 60 دن کی ایک مخصوص ڈیڈ لائن شامل تھی جس دوران اسرائیل جنگ کے دوران جنوبی لبنان کے ان قصبوں سے دستبردار ہو جائے گا جن پر اس نے قبضہ کیا تھالیکن اس نے مکمل انخلا پر عمل درآمد سے انکار کر کے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔
اسرائیلی فوج کو دی گئی ڈیڈ لائن 26 جنوری کو ختم ہوگئی تھی مگر بعد میں امریکا کی کوششوں سے ڈیڈ لائن میں 18 فروری تک توسیع کی گئی۔ لبنان کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک اسرائیلی فوج کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں 67 افراد شہید اور 263 زخمی ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ لبنان میں فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں 4,098 افرادشہید اور 16,888 زخمی ہوئے جن میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل تھی، اس کے علاوہ تقریباً 1,400,000 افراد بے گھر ہوئے۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے اسرائیلی فوج
پڑھیں:
نیتن یاہو کا ٹرمپ کو سنہری پیجر کا تحفہ، ٹرمپ کی لبنان میں پیجر دھماکوں کی تعریف
اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک سنہری پیجر اور ایک عام پیجر تحفے دیا، جو کہ گذشتہ سال لبنان میں حزب اللہ کیخلاف ہونیوالے پیجر دھماکوں کا حوالہ تھا۔ اسرائیلی چینل 12 کے مطابق امریکی صدر نے تحفے پر ردعمل دیتے ہوئے پیجر دھماکوں کی تعریف کی اور کہا کہ "وہ بہترین آپریشن تھا۔" اسلام ٹائمز۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں انہوں نے ٹرمپ کو دو پیجر ڈیوائسز کا تحفہ دیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک سنہری پیجر اور ایک عام پیجر تحفے دیا، جو کہ گذشتہ سال لبنان میں حزب اللہ کے خلاف ہونے والے پیجر دھماکوں کا حوالہ تھا۔ اسرائیلی چینل 12 کے مطابق امریکی صدر نے تحفے پر ردعمل دیتے ہوئے پیجر دھماکوں کی تعریف کی اور کہا کہ "وہ بہترین آپریشن تھا۔" بدلے میں ٹرمپ نے نیتن یاہو کو ان کے اس دورے کی تصویر پیش دی، جس میں ٹرمپ اور نیتن یاہو موجود ہیں، تصویر کے انتساب میں درج ہے "ایک عظیم رہنماء بی بی (نیتن یاہو) کے لیے۔"
خیال رہے کہ 17 ستمبر 2024ء کو لبنان میں سیکڑوں کی تعداد میں پیجرز میں دھماکے ہوئے تھے، جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوگئے تھے۔ ان دھماکوں کے اگلے ہی روز لبنان میں کئی واکی ٹاکی سیٹس اور موبائل فونز میں دھماکے ہوئے، جن کے نتیجے میں مزید 25 افراد جاں بحق اور 608 افراد زخمی ہوئے تھے۔ لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے ان دھماکوں کا الزام اسرائیل پر عائد کیا تھا، بعد ازاں اسرائیلی وزیراعظم نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔