حیدرآباد کے ایس ایچ اوز نے احتجاجاً چھٹی کی درخواست دیدی
اشاعت کی تاریخ: 6th, February 2025 GMT
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کے چار اسٹیشن ہاؤس آفیسرز (ایس ایچ اوز) نے احتجاجاً ایک ماہ کی چھٹی کی درخواست دے دی۔چھٹی کی درخواست دینے والوں میں انسپکٹرجنید عباس ،ایس ایچ او تھانہ مارکیٹ، انسپکٹر عبدالرزاق پٹھان ،ایس ایچ او تھانا کینٹ، انسپکٹر طاہر حسین مغل ایس ایچ او بی سیکشن اور انسپکٹرمحمد فہیم فتح انچارج لطیف آبادشامل ہیں۔ایس ایچ اوز کا چھٹی کی درخواست میں کہنا ہے کہ وکلا نے اپنے ناجائز مطالبات منوانے کیلیے ایس ایس پی آفس میں دھرنا دیا۔انہوں نے کہا کہ وکلا کی دھمکیوں اور گالیوں سے پولیس کا امیج متاثر ہوا، فرائض کی ادائیگی میں دشواری کا سامنا ہے۔ایس ایچ اوز کے مطابق پولیس کے محکمے کی تذلیل کی گئی، کرمنل مائنڈ کے لوگ طعنہ دے رہے ہیں، پولیس کا وقارمجروح ہوا ہے۔دوسری جانب ڈی آئی جی طارق دھاریجو اور ایس ایس پی فرخ لنجار نے ایس ایچ اوز سے ملاقات کی۔ ڈی آئی جی طارق دھاریجو نے کہا کہ دوران ڈیوٹی ہمیں اس طرح کے حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تمام افسران کام کریں اور چھٹی کی درخواست واپس لیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز وکلا نے ایس ایس پی آفس میں دھرنا دیا تھا اور مقدمہ واپس لینے کی یقین دہانی پر وکلا نے احتجاج ختم کیا تھا۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: چھٹی کی درخواست ایس ایچ اوز
پڑھیں:
پریٹ آباد کی روبینہ انصاف کے لیے پریس کلب پہنچ گئی، پولیس پرجھوٹے مقدمے کا الزام
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد کے علاقہ پریٹ آباد کی رہائشی مسماۃروبینہ قریشی نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مارکیٹ تھانہ پولیس کے خلاف احتجاج کیا ۔اس موقع پر انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ میرے معذور بیٹے علی اکبر قریشی کے خلاف مارکیٹ تھانہ کی پولیس نے جھوٹی ایف آئی ار درج کر دی ہے جبکہ 8 مہینہ قبل بھی پھلیلی تھانہ کے ایس ایچ او ایاز بگھیو نے میرے مزدور بیٹے کوبلا جواز گھر سے اٹھا کر اپنے ساتھ لے گیا اور 50ہزار روپے رشوت طلب کی جبکہ رشوت کی رقم نہ دینے کی صورت میں مذکورہ ایس ایچ او نے میرے بیٹے کی ٹانگ میں گولی مار کر معذور کر دیا جس کا کیس ہم نے حیدرآباد کی عدالت میں داخل کرایا جس پر ایس ایچ او پھلیلی ہمیں ابتک سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت میرا بیٹا لاڑکانہ میں رہائش پذیر ہے جو کہ رنگ و روغن کا کام کرتا ہے۔