لزبن(مانیٹر نگ ڈ یسک ) اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان انتقال کر گئے۔اعلامیے کے مطابق 88 سالہ پرنس کریم آغا خان کا انتقال پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ہوا، پرنس کریم آغا خان اسماعیلی کمیونٹی کے 49 ویں امام تھے، انکی نماز جنازہ اور تدفین بھی لزبن میں ہی کی جائے گی، تاریخ اور وقت کا اعلان انتظامات کو حتمی شکل دیے جانے پر کیا جائے گا۔روایات کے تحت ان کے جانشین یعنی اسماعیلی کمیونٹی کے 50 ویں حاضر امام کو نامزد کر دیا گیا، جانشین کی نامزدگی پرنس کریم آغا خان نے اپنی وصیت میں کی تھی، پرنس کریم آغا خان اپنے فلاحی کاموں اور انسانیت کی خدمت کے لیے جانے جاتے تھے۔اسماعیلی عقیدے کے مطابق کبھی ایسا نہیں ہوا کہ جماعت امام کے بغیر ہوئی ہو، جیسے ہی امام اس جسمانی دنیا سے رخصت اختیار کرتے ہیں ان کی روحانی روشنی ان کے نامزد جانشین کو منتقل ہو جاتی ہے اور یہ سلسلہ 1400 برس سے قائم ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایک ایسے موقع پر کہ جب اسماعیلی کمیونٹی مولانا شاہ کریم کی زندگی اور ان کے ورثہ کی تکریم کرتی ہے اور شکرگزار ہے، ساتھ ہی وہ حاضر امام کے نور اور محبت سے تحفظ کا احساس کرتی ہے۔

.

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: اسماعیلی کمیونٹی کے

پڑھیں:

آغا خان چہارم کی نماز جنازہ پرتگال میں ہو گی: بیٹے رحیم الحسینی نئے روحانی پیشوا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ خبر نگار + نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی+ این این آئی) صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پرنس کریم آغا خان چہارم کے انتقال پر اسماعیلی برادری کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ انہوں نے ایکس پر لکھا کہ کریم آغا خان ایک قابل رہنما تھے جن کی زندگی دنیا بھر میں مختلف برادریوں کی فلاح کے لیے وقف تھی۔ انہوں نے غربت کے خاتمے، پسماندہ افراد کی حمایت، صحت اور صنفی مساوات کے لیے انتھک کوششیں کیں۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ ضرورت مندوں کے لیے امید کی کرن تھے۔ وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہا ان کا امت مسلمہ اور انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے غیر معمولی وژن اور عزم ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اعلامیے کے مطابق پرنس کریم آغا خان کا انتقال پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ہوا۔ وہ اسماعیلی کمیونٹی کے 49 ویں امام تھے۔ پرنس کریم آغا خان کے تین بیٹے رحیم آغا خان، علی محمد آغا خان اور حسین آغا خان ہیں جبکہ ایک بیٹی زہر آغا خان ہیں۔ پرنس کریم آغا خان کی نماز جنازہ لزبن ہی میں ادا کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم تدفین کے مقام کا اعلان فی الحال نہیں کیا گیا۔ تاریخ اور وقت کا اعلان انتظامات کو حتمی شکل دیئے جانے پر کیا جائے گا۔ پرنس کریم آغا خان کے بیٹے پرنس رحیم الحسینی آغا خان اسماعیلی کمیونٹی کے نئے روحانی پیشوا ہونگے۔ یہ اعلان خاندان اور کمیونٹی کے سینئرز ممبرز کے سامنے لزبن میں کیا گیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے انتقال سے پاکستان ایک عظیم دوست سے محروم ہو گیا، پرنس کریم آغا خان نے پاکستان کے سماجی شعبے کی بہتری کے لئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ مرحوم پرنس کریم آغا خان نے گلگت بلتستان کے تعلیمی منظرنامے میں انقلاب برپا کیا، پرنس کریم آغا خان نے اپنے ہر دورہ پاکستان کے دوران عوام کیلئے دلی محبت کا مظاہرہ کیا، امید ہے کہ نئے روحانی پیشوا اپنے والد محترم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے خدمت کی نئی مثال قائم کریں گے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان اور اسماعیلی کمیونٹی سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرنس کریم آغا خان مرحوم کی سماجی شعبوں کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، پرنس کریم آغا خان نے پاکستان میں تعلیم و صحت کے شعبوں میں نمایاں کام کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرنس کریم آغا خان کی وفات ایک ناقابل تلافی نقصان ہے اور عظیم صدمہ ہے جس پر پوری قوم غمزدہ ہے۔ ان کی قیادت میں آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں تعلیم، صحت اور معاشرتی ترقی کے بے شمار منصوبے مکمل کیے جس سے آنے والی نسلیں مستفید ہوں گی۔ یوسف رضا گیلانی‘ خورشید شاہ‘ قائم مقام چیئرمین سینٹ سیدال خان نے بھی اظہار افسوس کیا۔ بلاول بھٹو نے تعزیت کرتے کہا انہوں نے ہمیشہ عوامی خدمت اور پسماندہ علاقوں کو ترجیح دی۔ ادھر مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے پرنس کریم آغاخان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں کہا ہے کہ پرنس کریم آغا خان بین الاقوامی شناخت کی حامل ایک محترم شخصیت تھے۔ پاکستان کے دوستوں اور محبت کرنے والے افراد میں نمایاں تھے، ان کی وفات ہم سب کا ذاتی نقصان ہے۔ تعلیم کے فروغ، صحت کی سہولتوں اور ثقافت کے فروغ کے لئے پرنس کریم آغا خان نے گراں قدر کام کیا۔ پرنس کریم آغا خان کی دنیا میں امن اور پاکستان میں سماجی ترقی کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پرنس کریم آغاخان کی وفات پر ان کے اہل خانہ اور اسماعیلی کمیونٹی کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان چہارم کی آخری رسومات میں حکومت پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ وزارتِ خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، وزیراعظم کی ہدایت پر پرنس کریم آغا خان کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم آفس نے وزارت خارجہ کو ضروری کوآرڈینیشن کے لیے ہدایات جاری کر دیں۔

متعلقہ مضامین

  • آغا خان چہارم کی نماز جنازہ پرتگال میں ہو گی: بیٹے رحیم الحسینی نئے روحانی پیشوا
  • پرنس رحیم آغا خان اسماعیلی کمیونٹی کے نئے روحانی پیشوا مقرر
  • اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغاکے انتقال پر عام تعطیل کا اعلان
  • بلاول بھٹو زرداری کا اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر افسوس
  • سید یوسف رضا گیلانی کا اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم خان کے انتقال پر اظہار افسوس
  • قائم مقام سید یوسف رضا گیلانی کا اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم خان کے انتقال پر اظہار افسوس
  • اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان انتقال کرگئے
  • اسماعیلیوں کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان انتقال کر گئے
  • اسماعیلی کمیونٹی کے 49 ویں روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان انتقال کر گئے