مٹیاری میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ریلیوں کا انعقاد
اشاعت کی تاریخ: 6th, February 2025 GMT
مٹیاری(نمائندہ جسارت)یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سے مٹیاری ضلع بھر میں ریلیوں کاانعقاد کیاگیا، ہالا میں پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کی جانب سے صوبیدار ریٹائرڈ لطف علی بگھیو،نیاز حسین لغاری،یاسین نظامانی،زبیر ڈاھری،حاکم علی بھجو اور سول سوسائٹی اور پاک فوج کے ریٹائرڈ جوانوں نے کی ریلی درگاھ سرور نوح سے سے پریس کلب تک نکالی،ریلی کے شرکاء نے بینرز،پلے کارڈ پاکستان اور کشمیر کے پرچم ہاتھوں میں اٹھا رکھے تھے، ریلی کے شرکاء کی جانب سے بھارت کے خلاف اور کشمیربنیگا پاکستان کی نعرے بازی کی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے جس پر ہندوستان نے قبضہ کر رکھا ہے،ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے،جو انسانی حقوق کی سری ہن خلاف ورزی ہے،انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے،اور ہم کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں ان کا بھرپور ساتھ دیں گے، رہنماؤں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دیا جائے اور ہندوستان کے مظالم کا نوٹس لیا جائے،دوسری طرف ہالا میں اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر مظاہر برڑو، میونسپل کمیٹی افسر سید محسن شاھ، میونسپل کمیٹی چیرمین گل پنھور اور مٹیاری میں ڈپٹی کمشنریوسف شیخ کی قیادت میں ریلی کاانعقاد کیاگیا ۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ مظاہرے، ریلیاں
لاہور+ اسلام آباد+ گوجرانوالہ+ قصور+ شیخوپورہ (خصوصی نامہ نگار+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نامہ نگاران+ نمائندگان+ نوائے وقت رپورٹ+ کے پی آئی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز سے منایا گیا۔ کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں سیمینارز اور ریلیاں منعقد کی گئیں۔ ملک بھر سمیت عالمی سطح پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مختلف پروگرام اور تقاریب منعقد ہوئیں، جن میں مقررین نے جدوجہد آزادی کشمیر کی داستان، اس راہ میں پیش آنے والی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، کشمیریوں پر مظالم کی داستانیں بیان کی گئیں۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کوہالہ پل سمیت دیگر مقامات پر انسانی ہاتھوں کی طویل زنجیریں بنائی گئیں۔ تقریبات میں طلبہ، اساتذہ، انتظامی افسران، سیاسی اور سماجی، مذہبی رہنمائوں اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر ہائوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ لوگوں نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر کشمیریوں کی تحریک آزادی کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ فضا پاکستان سے رشتہ کیا لا الہ الااللہ کے نعروں سے گونج اٹھی۔ بلال یاسین نے کہا کہ کشمیری عوام نے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کی ہے۔ بھارتی مسلح افواج ریاستی دہشت گردی سے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کر سکتی۔ پاکستان کشمیریوں کی بھارتی مظالم کے خلاف جاری جدوجہد کی غیر مشروط و غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں نے لاہور، گوجرانوالہ، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ سمیت پورے پنجاب اور پاکستان بھر کے شہروں جبکہ بیرون ملک بھی میں بھر پور طریقے سے منایا گیا۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے ان مظاہروں میں شرکت کی۔ بھارت کے مظالم اور انسانیت سوز سلوک کے خلاف نعرے لگائے۔ بچوں، بوڑھوں اور خواتین کا جوش قابل دید تھا۔ شرکاء نے نہتے اور مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ جماعت اسلامی کی مرکزی، صوبائی اور ضلعی قیادت نے بھی مظاہروں میں شرکت کی۔ لاہور میں مال روڑ پر مظاہرہ سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ٹرمپ گرتی ہوئی اور شکست خوردہ صہیونیت کو سہارا دینے کی کوشش کر رہے ہیں، منہ کی کھائیں گے۔ امریکی صدر کا غزہ کو خالی کرانے کا بیان احمقانہ ہے، پاکستان مذمت کرے۔ کشمیر سہ فریقی مسئلہ، پاکستان کی تقدیر اور تکمیل کا معاملہ ہے، جو کشمیر کا سودا کرے گا پاکستانی قوم اسے نشان عبرت بنا دے گی۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تحریک آزادی کشمیر کو از سرِ نو منظم کرنے کا اعلان کرتے ہیں، بھارت سے تجارت کی نہیں اسے دنیا میں تنہا کرنے کی ضرورت ہے، آزاد کشمیر کو تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ بنایا جائے۔ حماس کو دہشت گرد کہنے والا خود سب سے بڑا دہشت گرد ہے۔ مودی بھارت کو تنہائی کی طرف لے جا رہا ہے۔ مسئلہ کشمیر پر پوری دنیا میں سفارت کاری کو تیز کیا جائے۔ بھارت سے آلو، پیاز کی تجارت کا بیانیہ ایک سازش ہ۔، بھارت کشمیریوں کا قاتل ہے، ہم بھارتی عوام کے مخالف نہیں۔ امیر جماعت اسلامی اسلام آباد میاں اسلم نے کہا کشمیریوں سے محبت اہل پاکستان کے خون میں شامل ہے، ہر طرح کی قربانی دیں گے۔ امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری پاکستانی عوام کشمیر کے ساتھ کھڑی ہے۔ قائد ملت اسلامیہ مولانا فضل الرحمن کی اپیل پر جمیعت علماء اسلام کے کارکن کشمیری عوام کی تحریک آزادی کی سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔ جے یو آئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان، مولانا اللہ وسایا، مولانا عزیز الرحمن ثانی، مولانا عبد النعیم، قاری حنیف نے بھسین واہگہ میں تحفظ ختم نبوت و کشمیر وغزہ کانفرنس سے خطاب کیا۔ یوم کشمیر کے موقع پر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستا ن کے دفتر راوی روڈ میں سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی صدارت میں کشمیر پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس سے ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، مولانا علی محمد ابو تراب، ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے بھی خطاب کیا۔ پروفیسر ساجد میرنے کہا کہ کشمیری عوام کے حوصلے، بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، بھارت کا ہر قسم کا ظلم و جبر ناکام رہا ہے۔ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صدر ڈاکٹر علامہ ہشام الہی ظہیر سمیت دیگر قائدین نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے بہادر جوانوں، مائوں اور بہنوں کی لازوال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قائد مسعود سندھو اور قائدین نے کہا ہے کہ دنیا میں امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہو گا۔ کشمیر کے لیے آواز بلند کرنا دہشتگردی نہیں۔ کشمیر کی آزادی قریب ہے۔ نائب صدر حافظ طلحہ سعید، سیکرٹری جنرل لاہور مزمل اقبال ہاشمی، افلاطون جکھڑ و دیگر نے ایجرٹن روڈ پر مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کیا۔ شرکاء نے پاکستانی اور کشمیری پرچم لہرائے اور ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ اس کے علاوہ بہاولپور، اوکاڑہ، چنیوٹ، نارووال، گجرات، ساہیوال، سیالکوٹ کے علاوہ دوسرے صوبوں میں بڑے چھوٹے شہروں میں بھی مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ کے زیر اہتمام 5 فروری (کشمیر ڈے) اظہارِ یکجہتی کشمیر و یوم سیاہ کے حوالے سے احتجاجی ریلی ڈی سی دفتر سے نکالی گئی جس کی قیادت کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کی۔ ریلی کے انعقاد کا مقصد بھارتی حکومت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کا خاتمہ اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے تاکہ مظلوم کشمیری عوام آزادی سے زندگی گزار سکیں۔ ریلی ڈپٹی کمشنر دفتر سے دستگیر چوک ڈی او ہیلتھ دفتر تک نکالی گئی۔ مظاہرین کے"کشمیر بنے گا پاکستان" شدید نعرے بازی کی گئی۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری سعد وسیم شیخ اورڈپٹی کمشنرقصور کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان کی قیادت میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول قصور سے ریلی نکالی گئی۔ سعد وسیم شیخ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف ایک علاقائی تناز عہ نہیں بلکہ حق خود ارادیت کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آزادی کی اس جنگ میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مرکزی تقریب ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر رائو ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس ، ممبر صوبائی اسمبلی مہر کاشف پڈھیار، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ وجیہہ ثمرین ، سیاسی ضلعی افسران، سیاسی رہنماؤں، سکھ کمیونٹی ، صحافی برادری ، علماء اکرام سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔تقریب کے دوران سکول کے بچوں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے تقاریر ، ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے۔ ممبر صوبائی اسمبلی مہر کاشف رنگ الہی پڈھیار نے کہا کہ نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی لمبی تاریخ رقم ہو چکی ہے ، کشمیر پاکستان کے جسم کا اہم حصہ ہے۔مرکزی مسلم لیگ کے زیراہتمام بڑی ریلی بتی چوک شیخوپورہ سے شروع ہوکر چوک جناح پارک پہنچ کر جلسہ کی شکل اختیار کرگئی۔ ریلی کی قیادت ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ حبیب الرحمن نے کی جبکہ اس موقع پر مرکزی ترجمان اطلاعات حافظ تابش حفیظ ، ضلعی نائب صدر وٹکٹ ہولڈرچودھری طارق محمودگجر،حاجی محمدیعقوب چاہل ،چودھری شہزاد علی ورک ،سٹی امیر حافظ انعام اللہ ، ابوفراس بھائی سمیت دیگر نے کی۔ دوسری تقریب آرٹس کونسل شیخوپورہ میں وارث آڈیٹوریم ہال میںہوئی جس میں گورنمنٹ وپرائیویٹ کالجز ،سکولوں کے طلباء وطالبات اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی تقریب کی صدارت ڈویژنل ڈائریکٹر آرٹس کونسل افراز احمد نے کی اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس میاں نذیر احمد، قلم مزدور تحریک کے صدر سیف الرحمن سیفی، عظمت علی قادری ،سید ہ ورا زیدی سمیت دیگرنے شرکت کی تقریب میں طلباء طالبا ت نے ٹیبلو پیش کئے اور ریلی بھی نکالی گئی آئی جی نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس رفعت مختار راجہ کی ہدایات پرڈپٹی کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج امداداللہ شاہد کی قیادت میںپولیس ٹریننگ کالج میں یوم کشمیر کے موقع پر تقریب اور ریلی کا انعقادکیا گیا۔ اس موقع پرڈی ایس پی ایڈمن یاسر ذوالفقار بٹ ڈی ایس پی سیکورٹی میاں ظہیر وقاص، پی آر او سید محمد قوی حیدر زیدی سمیت دیگر افسران کی کثیر تعداد ان کے ہمراہ تھے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام بھی ریلی نکالی گئی۔ قیادت مرکزی نائب امیر اسامہ رضی،وسطی پنجاب کے نائب امیر نصراللہ گورایہ ، ڈپٹی سیکرٹری وسطی پنجاب تحفہ دستگیر ، امیر ضلع زاہد عمران کوروٹانہ ،امیر شہر پروفیسر جاوید سندھو نے کی۔ مقررین نے کہاکہ دنیا کو چاہیے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرادادوں کر پر عمل کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو انکی خواہشات کے مطابق زندگی گزارنے دی جائے۔
اسلام آباد + لاہور + راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے + نیوز رپورٹر + نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے جبر و استبداد کا سامنا کر رہے ہیں، تاہم ان کا عزم اور حوصلہ بدستور غیر متزلزل ہے۔ بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ اور ان کے جائز مطالبات کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا۔ حق خودارادیت کوئی رعایت نہیں بلکہ ایک تسلیم شدہ بنیادی انسانی حق ہے، جسے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری نے تسلیم کر رکھا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر پر ریلی نکالی گئی‘ قیادت رکن قومی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر نے کی۔ ریلی الحمرا ہال چوک سے لیکر چیئرنگ کراس اسمبلی ہال چوک تک نکالی گئی۔ اس موقع پر سابق سینیٹر ڈاکٹر اسد اشرف، سید توصپف شاہ، چوہدری شہباز، ماجد ظہور، رکن قومی اسمبلی کرن ڈار، ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان، میاں طارق، سابق ایم این اے وحید عالم، مہر اشتیاق، شہباز حیدر، محمد بلال، صلاح الدین پپی، سیدہ ریحانہ یاسمین سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ریلی کے چیئرنگ کراس اسمبلی ہال چوک پہنچنے پر سیاسی و سماجی شخصیات نے خطاب کیا۔ ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی سفارتی و سیاسی حمایت جاری رکھی اور بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کا بچہ بچہ نہتے کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکرتی ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کا غیر قانونی قبضہ کشمیری عوام کی آزادی کے راستے میں رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے ذریعے کشمیر کے مسئلے کا حل چاہتا ہے۔ راولپنڈی میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر گورنمنٹ وقارالنساء کالج کے زیر اہتمام 5 فروری کو کشمیر یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر دانیال چودھری، ایم این اے محمد حنیف عباسی کی قیادت میں کثیر تعداد میں اساتذہ، طالبات اور کالج کے عملے نے شرکت کی۔ اس موقع پراپنے خطاب میں بیرسٹر دانیال چودھری نے کہا کہ عالمی برادری کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم پر خاموشی قابل افسوس ہے۔ اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اپنی قراردادوں کی پاسداری یقینی بنانی چاہیے۔ عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم کا فوری نوٹس لیا جائے۔ بیرسٹر دانیال چودھری نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد کو جبر سے دبایا نہیں جا سکتا۔