سہ فریقی سیریز کیلئے ٹکٹوں کا حصول، کوریئر سینٹرز میدان جنگ میں تبدیل
اشاعت کی تاریخ: 6th, February 2025 GMT
لاہور(اسپورٹس ڈیسک )سہ فریقی سیریز کے ٹکٹوں کے حصول کیلئے کوریئر سینٹرز میدان جنگ میں تبدیل ہو گئے۔کراچی اور لاہور میں ٹی سی ایس کے متعدد مراکز پر توڑ پھوڑ کی گئی، یہ مراکز پاکستان نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی سہ فریقی ون ڈے سیریز کے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کے لیے قائم کیے گئے تھے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی سی ایس کے یہ مراکز شائقین کی سہولت کے لیے قائم کیے تھے جنہیں توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ میں املاک کو نقصان پہنچایا گیا، شیشے توڑ دیئے گئے اور عملے کو بھی زدوکوب کیا گیا تاہم حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس کو طلب کرنا پڑا، ان واقعات کے بعد ان سینٹرز پر کام روک دیا گیا اور ٹکٹوں کی فروخت بھی روک دی گئی ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
مراکز صحت آؤٹ سورس نہیں کرنے دینگے: حافظ نعیم
لاہو ر (نوائے وقت رپورٹ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بنیادی اور دیہی مراکز صحت کو آؤٹ سورس نہیں کرنے دیں گے۔ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف میں سے ایک کو بھی نوکری سے نکالا گیا تو پنجاب حکومت کا تعاقب کیا جائے گا۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کے ساتھ ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب خاتون ہیں، انھیں احتجاج کرنے والی خواتین کا کیوں خیال نہیں؟ سب کو معلوم ہے موجودہ حکومت کیسے معرضِ وجود میں آئی، خود ٹھیکے پر چلنے والی حکومت تمام بنیادی عوامی ضروریات کو بھی ٹھیکے پر دینا چاہتی ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے مال روڈ پر گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کے زیراہتمام ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کے موقع خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری اور امیر لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔امیر جماعت نے کہا کہ جس بادشاہانہ طرز عمل سے مریم نواز حکومت چلا رہی ہے، صوبہ میں یہی وطیرہ ان سے قبل ان کے والد اور چچا نے اپنایا ہوا تھا، انھیں صرف اداروں کو اپنا نام دینے اور ان پر تختیاں لگانے کا شوق ہے، پنجاب پر مسلط شریف خاندان بتائے کہ کیا حکومتیں صحت اور تعلیم کو آؤٹ سورس کرتی ہیں؟ حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو سستی معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات یقینی بنائے۔