کراچی: ٹریفک حادثے میں نوجوان جاں بحق، 3 کمسن بہن بھائی زخمی
اشاعت کی تاریخ: 5th, February 2025 GMT
گلشن معمار ایوب شاہ مزار کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق جبکہ تین کمسن بہن اور بھائی زخمی ہوگئے۔
متوفی کی لاش اور زخمیوں کو چھیپا کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال پہنچایا۔
ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 20 سالہ اسماعیل ولد رحیم کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والے بہن بھائیوں 4 سالہ دعا ، 5 سالہ ریحان اور 6 سالہ انس کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
متوفی اسماعیل اور تینوں بچے موٹر سائیکل پر سوار تھے جبکہ حادثہ نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔
پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی میں ٹریفک حادثات نے 5 زندگیاں نگل لیں
فوٹو: شعیب احمدکراچی میں ٹریفک حادثات نے 5 زندگیاں نگل لیں۔ جوہر موڑ پر تیز رفتار ڈمپر کی زد میں آکر میاں بیوی سمیت 3 شہری جاں بحق ہوئے۔ دوسرا حادثہ ملیر کھوکھرا پار میں ہوا جہاں بےقابو بس نے ماں اور کمسن بیٹے کو کچل دیا۔
دونوں حادثات میں 5 شہری زخمی بھی ہوئے، ریسکیو اداروں کے مطابق کراچی میں رواں سال مختلف ٹریفک حادثات میں 68 افراد جاں بحق اور 1040 زخمی ہوچکے ہیں۔
کراچی کا بےلگام ٹریفک شہریوں کی جان کا دشمن بن گیا۔ کہیں ٹریلر، کہیں ٹرک، کہیں ڈمپر تو کہیں بس، روزانہ کسی نہ کسی کو کچل کر ہلاک یا زخمی کر رہے ہیں۔
آج بھی مختلف حادثات میں 5 شہری جان سے گئے۔ پہلا حادثہ گلستان جوہر ملینیم مال کے قریب ہوا جہاں اندھی رفتار سے چلنے والا ڈمپر دو موٹر سائیکلوں پر چڑھ دوڑا، نتیجے میں میاں بیوی سمیت 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد کی شناخت مریم، کامران اور فاروق کے ناموں سے ہوئی ہے۔
دوسرا حادثہ ملیر کھوکھرا پار میں پیش آیا جہاں خراب بس کو اسٹارٹ کرنے کیلئے دھکا لگایا جا رہا تھا، بس اسٹارٹ ہوئی تو ڈرائیور نے ایکسیلیٹر پر پورا دباؤ ڈالا ہوا تھا۔ نتیجے میں بس بے قابو ہو کر قریب کی گلی میں گھس گئی۔ یہاں پاس سے گزرنے والا موٹر سائیکل تو بچ گیا مگر گلی میں موجود خاتون اور اس کا کمسن بیٹا بس کے نیچے آکر جاں بحق ہوگئے جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے۔
ڈمپر حادثے کا ذمے دار ڈرائیور فرار ہوگیا جبکہ بس ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔