ٹرمپ شکست خوردہ صیہونیت کو سہار ادینے کی کوشش کررہے ہیں منہ کی کھائیں گے، حافظ نعیم الرحمان
اشاعت کی تاریخ: 5th, February 2025 GMT
لاہو ر : امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ٹرمپ گرتی ہوئی اور شکست خوردہ صیہونیت کو سہارا دینے کی کوشش کر رہے ہیں ،منہ کی کھائیں گے ۔امریکی صدر کا غزہ پر قبضے کا اعلان اور اسے خالی کرانے کا بیان احمقانہ ہے ،پاکستان مذمت کرے۔حماس زمینی حقیت،تسلیم کئے بغیردنیا کی سیاست آگے نہیں بڑھ سکتی۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کشمیر سہ فریقی مسئلہ، پاکستان کی تقدیر اور تکمیل کا معاملہ ہے، جو کشمیر کا سودا کرے گا پاکستانی قوم اسے نشان عبرت بنا دے گی، گزشتہ چند سال سے کشمیر کاز کو کھٹائی میں ڈالا گیا، یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تحریک آزادی کشمیر کو از سر نو منظم کرنے کا اعلان کرتے ہیں، بھارت سے تجارت کی نہیں اسے دنیا میں تنہا کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ اسلام آباد معذرت خواہانہ رویہ اپنانے کے بجائے کشمیریوں کا مقدمہ پوری دنیا میں لڑے، آزاد کشمیر کو تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ بنایا جائے، کشمیر پر خاموشی ہندو سامراج اور گجرات کے قصاب کی حمایت کے مترادف ہے، اہل کشمیر کو یقین دلاتا ہوں کہ پوری پاکستانی قوم آپ کی پشت بان ہے، جماعت اسلامی کشمیر کاز کو ملک کے کونے کونے میں اجاگر کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جماعت اسلامی لاہور کی جانب سے مال روڑ لاہور پر نکالے جانے والے کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر لاہور ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ ، انجینئراخلاق احمد،اظہر بلال ،خالد احمد بٹ ،چودھری محمد شوکت ،وقاص احمد بٹ،احسان بٹ ،عبد العزےز عابد،جبران بٹ اور دیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔ خواتین، بچوں، بزرگوں سمیت مختلف طبقہ ہائے فکر کے افراد کی بڑی تعداد نے پاکستان، آزاد کشمیر اور جماعت اسلامی کے پرچم اٹھا کر مارچ میں شرکت کی۔ لوگوں نے کتبے اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر تحریک آزادی کشمیر کے حق میں نعرے درج تھے۔
امیر جماعت نے لاہور ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ٹرمپ کے غزہ پر قبضے کے بیان اور اسے خالی کرانے کے منصوبے کی مذمت اور اہل فلسطین کی حمایت کا اعادہ کرے۔ دنیا میں امریکا، اسرائیل اور بھارت 3 بڑے دہشت گرد ہیں، 60ہزا رفلسطینیوں کا خون پینے والا نےتن یاہو ٹرمپ کی گود میں بیٹھ گیا ہے، حماس کو دہشت گرد کہنے والا خود سب سے بڑا دہشت گرد ہے، غزہ کو خالی کرانے کے ناپاک منصوبے کو پوری دنیا نے مسترد کردیا ہے، امریکا اسرائیل کی نسل کشی کی حمایت کی وجہ سے دنیا میں تنہا ہورہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ مودی بھارت کو تنہائی کی طرف لے جارہا ہے، امریکا اور کینیڈا میں علیحدگی پسندوں کے خلاف نئی دہلی کے ایکشن سے دونوں ممالک اس سے ناراض ہیں، بھارت میں ناگا لینڈ، ہماچل، آسام اور پنجاب میں علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں،بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ایک لاکھ لوگوں کو شہید کیا، وہاں 10 لاکھ قابض افواج موجود ہےں، انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں ہورہی ہیں، ان حالات میں پاکستانی حکومت کی ذمے داری ہے کہ کشمیری قیادت کو ساتھ ملا کر مسئلہ کشمیر پر پوری دنیا میں سفارت کاری کو تیز کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے آلو ،پیاز کی تجارت کا بیانیہ ایک سازش ہے، بھارت کشمیریوں کا قاتل ہے، ہم بھارتی عوام کے مخالف نہیں، کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنے تک بھارت سے کسی قسم کے تعلقات نہیں چاہتے، اسی طرح اگرکسی نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچا بھی تو قوم اسے گریبان سے پکڑے گی۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: جماعت اسلامی کشمیر کا دنیا میں
پڑھیں:
یوم یکجہتی کشمیر، جماعت اسلامی کراچی کے تحت آل پارٹیز لانفرنس
اسلام ٹائمز: کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، خواتین کی عصمت دری کی جاتی ہے، نوجوانوں کو شہید اور اسیر کیا جاتا ہے لیکن کشمیر کے عوام کا آج بھی ایک ہی نعرہ ہے کہ ”کشمیر بنے گا پاکستان“، کشمیری عوام اپنے شہداء کے جنازے پاکستان کے پرچم میں لپیٹ کر دفن کرتے ہیں۔ خصوصی رپورٹ
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ادارہ نور حق میں ”کشمیر کانفرنس“ سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے، ہماری حکومت و ریاست کی ذمہ داری ہے کہ برصغیر کی تقسیم کے نامکمل ایجنڈے کو مکمل کرنے اور مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے تسلط سے آزاد کرانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، آزادی کشمیر کی جدوجہد کی نہ صرف سیاسی، اخلاقی اور سفارتی سطح پر بلکہ عملی محاذ پر بھی اپنا کردار ادا کریں، اقوام متحدہ کا اپنی قراردادوں کے مطابق اہل کشمیر کو حق ِ خود ارادیت اور رائے شماری کا حق نہ دلوانا اس عالمی فورم کی ناکامی اور مسلمانوں کے حوالے سے دہرے معیار کا منہ بولتا ثبوت ہے، اقوامِ متحدہ عملاً امریکہ، اسرائیل، برطانیہ اور دیگر بڑی طاقتوں کے گھر کی لونڈی بنی ہوئی ہے۔
منعم ظفر نے کہا کہ قائد اعظمؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور یہ شہ رگ آج بھارتی تسلط میں ہے، پاکستان کے عوام کے دل اہل کشمیر کے ساتھ دھڑکتے ہیں، شہ رگ کی آزادی اور اہل کشمیر کی پشتیبانی کے لیے پوری قوم یکجان اور یک زبان ہے، حماس اور اہل غزہ کی کامیابیوں اور قربانیوں نے اہل کشمیر کو بھی نیا عزم اور حوصلہ دیا ہے اور ثابت کیا ہے کہ جذبہ جہاد اور شوقِ شہادت کو کوئی طاقت اور ٹیکنالوجی شکست نہیں دے سکتی، کشمیریوں کی جدوجہد، قربانیاں اور شہداء کا لہو رنگ لائے گا۔ کشمیر آزاد ہوگا اور سید علی گیلانی کے قول کے مطابق کہ ”ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے“ کشمیر پاکستان کا حصہ ضرور بنے گا۔
کشمیر کانفرنس سے مختلف دینی جماعتوں کے رہنماؤں و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض نائب امیر کراچی مسلم پرویز نے ادا کیے، مقررین نے اس امر پر اتفاق رائے کا اظہار کیا کہ مسئلہ کشمیر پر بھارتی تسلط کے خلاف اور اہل کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کی حمایت میں پوری قوم کا موقف ایک ہے، پورے ملک کے عوام بلا تفریق اہل کشمیر کے ساتھ ہیں اور حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کریں اور کسی بھی قسم کی سودے بازی اور کمزوری کا مظاہرہ کرنے سے باز رہیں، کشمیر کاز سے غداری ملک سے غداری ہوگی اور ایسا کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔
کشمیر کانفرنس سے خطاب کرنے والوں میں جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما عقیل انجم قادری، پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر سندھ کے صدر سردار ذوالفقار علی، کراچی بار کے سابق صدر نعیم قریشی ایڈوکیٹ، کشمیری رہنما بشیر سدوزئی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے ڈاکٹر صابر ابو مریم، جمعیت علمائے اسلام کے جنرل سیکریٹری مفتی حماد اللہ مدنی، مرکزی مسلم لیگ کراچی کے نائب صدر شہباز عبد الجبار، جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری حافظ احمد علی، انصار اللہ کے مرکزی رہنما محمد یار ربانی، جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید، علامہ ابتسام الٰہی ظہیر کے صوبائی چیئرمین اختر محمدی، جمعیت علمائے اسلام کے امیر کراچی مولانا عبد الاسلام شامزئی، پختون خواہ ملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری نصیر خان اچکزئی، اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد، صدر کوآپریٹیو مارکیٹ کے سیکریٹری محمد اسلم خان، پاکستان عوامی تحریک کے نوید عالم، انصار اللہ کراچی کے امیر حافظ محمد ادریس، تعلقات عامہ قرآن و سنہ موومنٹ کے سیکریٹری ملک نوریز و دیگر شامل تھے۔
منعم ظفر خان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ بھارت خود 1948ء میں کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ میں گیا تھا اور اقوام ِ متحدہ کے مطابق جسے بھارت نے بھی تسلیم کیا تھا کہ اہل کشمیر کو ان کی آزاد مرضی اور رائے شماری کا حق دیا جائے گا لیکن افسوس کہ بھارت نے فوجی طاقت اور قوت کے بل پر مقبوضہ کشمیر پر اپنا تسلط قائم کیا ہے، 78 سال سے کشمیری اپنے حقِ خودارادیت سے محروم ہیں اور کشمیریوں نے ایک دن کے لیے بھی بھارت کا قبضہ اور غلامی قبول نہیں کی اور مسلسل بھارت کی غلامی سے آزادی کی جدوجہد میں مصروف ہیں، ہزاروں شہداء کے خون سے اس جدو جہدِ آزادی کو جاری رکھا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، خواتین کی عصمت دری کی جاتی ہے، نوجوانوں کو شہید اور اسیر کیا جاتا ہے لیکن کشمیر کے عوام کا آج بھی ایک ہی نعرہ ہے کہ ”کشمیر بنے گا پاکستان“، کشمیری عوام اپنے شہداء کے جنازے پاکستان کے پرچم میں لپیٹ کر دفن کرتے ہیں۔
منعم ظفر نے کہا کہ 1990ء میں تحریک آزاد کشمیر نے ایک نیا رخ اختیار کیا، سید علی گیلانی نے اپنی زندگی کے آخری 12 سال اسیری میں گزارے، برہان مظفر وانی کی شہادت سے بھی آزادی کی جدو جہد کو نیا عزم اور حوصلہ ملا، 5 اگست 2019ء کو بھارت نے اپنے آئین کی دفعہ 370/35-A کے برعکس کشمیر کی مخصوص حیثیت کو ختم کر دیا، بدقسمتی سے ہمارے حکمرانوں نے آزادی ئ کشمیر کی جدوجہد میں جو کردار ادا کرنا چاہیئے تھا وہ نہیں کیا، یہ ہی وجہ ہے کہ بھارت کشمیر پر اپنا تسلط قائم رکھے ہوئے ہے۔ کشمیر کانفرنس میں جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ ظہیر احمد، پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے عبد العظیم محمدی، انصار اللہ کراچی کے رکن شوریٰ محمد قاسم، پختون خواہ ملی عوامی پارٹی کے طاہر، سردار عبد الرب و دیگر بھی شریک تھے۔