بھیک مانگنے کیلیے سعودی عرب جانے والا مسافر روانگی سے قبل کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 5th, February 2025 GMT
کراچی:
ملک کے ہوائی اڈوں پرمسافروں کی اسکریننگ جاری ہے، ایف آئی اے نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کے دوران مسافرکی گداگری کی غرض سے سعودی عرب جانے کی کوشش ناکام بنادی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن کے جناح ٹرمینل پرتعینات عملے نے کارروائی کے دوران گداگری کےغرض سے سعودی عرب جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مسافر کو گرفتار کرلیا جس کی شناخت محمد عثمان کےنام سے ہوئی اور تعلق کندھ کوٹ سے ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا، جس کو اس سےقبل گداگری میں ملوث ہونے پرسعودی عرب سےڈی پورٹ کیا گیا تھا، ملزم کومزید قانونی کارروائی کے لیےانسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل کراچی کے حوالے کردیا گیا۔
ڈائریکٹرکراچی زون کےمطابق جناح ٹرمینل ائیرپورٹ پرمسافروں کی سخت اسکریننگ کا عمل جاری ہے،گداگری میں ملوث عناصرکےخلاف سخت کریک ڈاون جاری ہے،مشکوک سفری دستاویزات کی تفصیلی جانچ پڑتال کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزمان اوران کے سہولت کاروں سےآہنی ہاتھوں سے نمٹا جائےگا-
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
نجی کمپنی کا عملہ مبینہ طور پر مسافروں کے سامان میں منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے میں ملوث
لاہور:علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سروسز فراہم کرنے والی کمپنی جیری دناتا کا عملہ ہی مبینہ طو پر مسافروں کے سامان میں منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے میں ملوث نکلا، سعودی عرب کے بعد لندن جانے والے مسافر کے بیگ میں منشیات رکھ دی، سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے پتا لگایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 16 دسمبر 2024 کو فیصل آباد سے تعلق رکھنے والا برطانوی شہری عمیر سعودی ایئر کی پرواز سے لاہور سے ریاض اور وہاں سے لندن ایئرپورٹ پہنچا تو اس کا اصل بیگ نہ ملا، بعد ازاں لندن ایئرپورٹ اتھارٹیز نے مسافر عمیر کے نام سے منسوب جعلی ٹیگ والے بیگ سے پانچ کلو منشیات برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔
مسافرعمیر نے لندن ایئرپورٹ اتھارٹیز کی انکوائری میں منشیات سے بھرے بیگ سے لاتعلقی کا اظہار کیا جس پر لندن ایئرپورٹ اتھارٹیز نے مسافر عمیر کو منشیات اسمگلنگ کیس میں گرفتار کر لیا۔
مسافر عمیر کے وکیل کی درخواست پر جیری دناتا نے بیگ ہینڈلنگ فوٹیج کا معائنہ کیا، فوٹیج میں واضح دیکھا گیا کہ مسافر عمیر کا بیگ جیری دناتا کے عملے نے تبدیل کر کے منشیات سے بھرا بیگ ٹیگ تبدیل کر کے بیرون ملک بھیجا، مسافر عمیر کے بے قصور ثابت ہونے پر لندن کی عدالت نے ضمانت قبول کر لی۔
ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق عمیر آئندہ چند روز میں پاکستان آ کر جیری دناتا کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے گا، اس سے قبل بھی جیری دناتا کے عملے نے جدہ جانے والے چار مسافروں کے بیگ تبدیل کر کے منشیات سعودیہ پہنچائی تھی، سعودی حکام نے جدہ منشیات کیس میں چار پاکستانیوں کے سر قلم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی حکام کو معاملے سے آگاہ کیا اور بے گناہ پاکستانیوں کے سر قلم ہونے سے انہیں بچایا، جدہ اور ریاض منشیات کیس میں ملوث جیری دناتا کے عملے کو متعلقہ اداروں نے گرفتار کر لیا ہے اور مزید گرفتاریوں کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔