بیجنگ : وزیر داخلہ کی چینی ہم منصب سے ملاقات، انٹیلی جنس شئیرنگ پر اتفاق
اشاعت کی تاریخ: 5th, February 2025 GMT
بیجنگ : وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی ہم منصب سے بیجنگ میں ملاقات کی جہاں دونوں کے درمیان انٹیلی جنس شئیرنگ پر اتفاق ہوا، وزیر داخلہ نے چینی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی۔
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی چین کے دورے پر ہیں جہاں ان کی ملاقات چینی ہم منصب کیو ینجن سے ہوئی، ملاقات میں انٹیلی جنس شئیرنگ کو مزید بہتر کرنے پر اتفاق کیا گیا علاوہ ازیں ملاقات میں پیرا ملٹری فورسز کے لئے بارڈرز کو محفوظ کرنے کے لیے تعاون پر بات چیت کی گئی۔
پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کی جدید ٹیکنالوجی اور پولیس کے لئے جدید آلات اور ٹیکنالوجی کے چین سے حصول کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی اور چینی ہم منصب کے درمیان ملاقات 2 گھنٹے جاری رہی، ملاقات میں نیشنل پولیس اکیڈمی کے ساتھ تعاون پر بات چیت کی گئی اور بیجنگ پولیس اور اسلام آباد پولیس میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ملاقات میں جنوری میں جوائنٹ ورکنگ گروپ کی مٹینگ پر اطمینان کا اظہارکیا گیا۔ وزیر داخلہ نے چینی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ محسن نقوی کا کہنا تھا چین سے پولیس کے لئے جدید ٹیکنالوجی و آلات لیں گے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: چینی ہم منصب وزیر داخلہ ملاقات میں محسن نقوی
پڑھیں:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان کی ملاقات، پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2025ء) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے برطانوی رکن پارلیمنٹ محمد افضل خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے برطانیہ کے تعاون کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ دہشتگردی کی حالیہ لہر اور سدباب کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاک برطانیہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے لئے موثر کردار پر برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے لیبر پارٹی کے سرکردہ رکن و ممبر پارلیمنٹ افضل خان کو برطانیہ میں الیکشن جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ لیبر پارٹی کے دور میں پاک برطانیہ تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔(جاری ہے)
انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے چیلنج کا کئی ممالک کو سامنا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف کثیر الجہتی بین الاقوامی حکمت عملی تیار کی جائے اور بلا تاخیر عمل کیا جائے۔ محسن نقوی نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کیلئے پاکستانی اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور ٹریننگ کے لئے برطانوی تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ برطانیہ میں پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد آباد ہے، پاکستانی کمیونٹی پاکستان کے ساتھ برطانوی معیشت کی مضبوطی کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک برطانیہ تعلقات کی مزید بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔