صدر زرداری کی چینی ہم منصب سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور عالمی امور پر گفتگو
اشاعت کی تاریخ: 5th, February 2025 GMT
بیجنگ:صدر آصف علی زرداری نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی ہے، جس میں دوطرفہ تعاون، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اہم ملاقات میں صدر مملکت نے چینی صدر کو دورۂ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
ایوانِ صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق، چین کے عظیم عوامی ایوان میں ہونے والی اس ملاقات سے قبل صدر آصف زرداری کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جہاں چینی صدر نے مہمان کا پُرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر بچوں کے ایک گروپ نے مہمان صدر کو خوش آمدید کہا۔
دونوں رہنماؤں نے پاک چین تعلقات میں مثبت پیش رفت کا جائزہ لیا اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے اگلے مرحلے پر بات چیت ہوئی، جسے دونوں ممالک کے لیے خوش حالی اور ترقی کا ضامن قرار دیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری نے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں چین کے قائدانہ کردار کی تعریف کی اور سی پیک کو باہمی مفادات کی روشن مثال قرار دیا۔ ملاقات میں عوامی روابط، ثقافتی تبادلے اور اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
بعد ازاں دونوں صدور کی موجودگی میں مختلف شعبوں بشمول سائنس و ٹیکنالوجی، توانائی، میڈیا اور سماجی و اقتصادی ترقی میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ اس ملاقات کے بعد صدر شی جن پنگ نے پاکستانی صدر اور ان کے وفد کے اعزاز میں خصوصی عشائیے کا اہتمام بھی کیا۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
شام کے صدر احمد الشرع کی ابوظبی میں اماراتی ہم منصب محمد بن زاید النہیان سے ملاقات
دونوں صدور نے گفتگو میں شام میں استحکام کو خطے کی سلامتی کیلئے اہم قرار دیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات اور تعاون پر تبادلۂ خیال بھی کیا۔ اسلام ٹائمز۔ متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان نے کہا ہے کہ شام کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت جاری رکھیں گے۔ عرب میڈیا کے مطابق شام کے صدر احمد الشرع متحدہ عرب امارات کے دورے پر ابوظبی پہنچے، جہاں اماراتی صدر کی شامی ہم منصب سے ابوظبی کے قصر الشاطی میں ملاقات ہوئی۔ اماراتی صدر نے شام کی ترقی اور استحکام کے لیے حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں صدور نے گفتگو میں شام میں استحکام کو خطے کی سلامتی کے لیے اہم قرار دیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات اور تعاون پر تبادلۂ خیال بھی کیا۔ متحدہ عرب امارات کے صدر نے شام کی تعمیرِ نو میں مدد جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس اعلیٰ سطح کی ملاقات میں کئی اماراتی اور شامی عہدیدار شریک ہوئے۔