کشمیر کے بہادر جوانوں، مائوں اور بہنوں کی لازوال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، عطا تارڑ
اشاعت کی تاریخ: 5th, February 2025 GMT
اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 فروری2025ء)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کے دن ہم نہتے اور مظلوم کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں،مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، کشمیر کے بہادر جوانوں، مائوں اور بہنوں کی لازوال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی،کشمیریوں کا خون مقدس خون ہے،کشمیری عوام اپنے حق کے لئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہئے، کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کا خاتمہ ہونا چاہئے، پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمیشہ ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔
.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے کشمیر کے
پڑھیں:
بہادر کشمیری عوام کے عزم اور حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں،وزیراعظم
اسلام آ باد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہر سال ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ مناتے ہیں تاکہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ اور جائز جدوجہد کی مستقل حمایت کی تجدید کی جاسکے، حق خود ارادیت بین الاقوامی قانون کا ایک بنیادی اصول ہے، ہر سال، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ایک قرارداد منظور کرتی ہے جس میں لوگوں کو اپنی تقدیر خود طے کرنے کے قانونی حق پر زور دیا جاتا ہے۔ افسوس کہ کشمیری عوام گزشتہ 78 سال گزرنے کے باوجود اس ناقابل تنسیخ حق کو استعمال نہیں کر سکے۔
یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط، مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) دنیا کے سب سے بڑے قابض فوجی علاقوں میں سے ایک ہے۔ کشمیری خوف اور دہشت کے ماحول میں جی رہے ہیں۔ سیاسی کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کو طویل حراست میں رکھا جا رہا ہے اور ان کی جائیدادیں ضبط کی جا رہی ہیں۔ کشمیری عوام کی حقیقی امنگوں کی نمائندگی کرنے والی سیاسی جماعتوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ان جابرانہ اقدامات کا مقصد اختلاف رائے کو کچلنا ہے۔
بھارت، مقبوضہ کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو مستحکم کرنے کے لیے غیر قانونی اقدامات کر رہا ہے۔ 5 اگست2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد، بھارت کی کوششوں کا مقصد بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادی اور سیاسی ماحول کو تبدیل کرنا ہے تاکہ کشمیری اپنی ہی سرزمین میں ایک بے اختیار کمیونٹی میں تبدیل ہو جائیں-
مشرق وسطیٰ کی حالیہ پیش رفت اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ دیرینہ تنازعات کو مزید طول نہیں دیا جانا چاہیے۔ مقامی لوگوں کی حقیقی امنگوں کو دبا کر دیرپا امن حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے مفاد میں عالمی برادری کو بھارت پر زور دینا چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کو آزادانہ طور پر اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی اجازت دے۔
میں اس بات کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ ہماری خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون رہے گا۔ پاکستان کشمیری عوام کے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق، حق خودارادیت کے حصول تک ان کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ میں اس موقع پر بہادر کشمیری عوام کے عزم اور حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں، جو اپنے بنیادی حقوق اور آزادیوں کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد میں لاتعداد قربانیاں دے رہے ہیں۔