کشمیر: تعمیراتی تکنیک کی تبدیلی نے گھروں کو سرد کر دیا
اشاعت کی تاریخ: 5th, February 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 05 فروری 2025ء) وادئی کشمیر جو کہ سردیوں کے دوران خوبصورتی کا ایک الگ منظر پیش کرتی ہے، برف باری کے دوران سفید چادر سے ڈ ھک جاتی ہے۔ روزمرہ کی زندگی کی رفتار سست پڑجاتی ہے۔ درجہ حرارت دسمبر سے ہی صفر سے کئی ڈگری نیچے گرتا ہے اور فروری کے آخر تک یہاں منجمد درجہ حرارت ہی رہتا ہے۔ کشمیر میں مسلسل پانچ مہینوں تک سردیاں رہتی ہیں۔
اکیس دسمبر سے اکتیس جنوری تک کے چالیس دن سب سے زیادہ سرد ہوتے ہیں جنہیں ''چلئ کلان‘‘ کہا جاتا ہے۔چلئی کلان کے دوران لوگ شدید سردی سے بچنے کے لیے زیادہ تر وقت گھر کے اندر گزارتے ہیں۔ گھر کو گرم رکھنے کے لیے بجلی اور گیس کے ہیٹر استعمال کیے جاتے ہیں۔ زیادہ تر گھروں میں 'حمام‘ کو لکڑی کی آگ سے گرم کیا جاتا ہے،جہاں گھر کے ارکان ایک ساتھ بیٹھ کر سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے خشک سبزیوں سے بنے پکوان اور میوہ جات کے ذائقے سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
(جاری ہے)
دراصل حمام ایک کمرہ ہوتا ہے، جس میں لکڑی سے آگ جلانے کے لیے گڑھا کھودا جاتا ہے۔ جس کے اوپر پتھر کی موٹی، ہاتھ سے تراشی ہوئی سلیب ہوتی ہے، جو گرمی فراہم کرتی ہے۔حمام کا فرش ایک مخصوص پتھر سے تعمیر کیا جاتا تھا، جسے کشمیری زبان میں ''دیوری کن‘‘ کہا جاتا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ حمام کو کشمیر میں مغلوں نے متعارف کرایا تھا۔
سردیوں میں کشمیریوں کی زندگی کی محافظ ' کانگڑی‘
چند عشروں پہلے جب کشمیر میں سردیاں حالیہ دور کے مقابلے میں کہیں زیادہ سخت ہوتی تھیں اور گیس یا بجلی کے ہیٹر دستیاب نہیں تھے، تو سارا گھر ایک چولہے کی تپش سے گرم ہو جاتا تھا کیونکہ گھروں کی تعمیر کشمیر کے موسمی حالات کے مطابق کی جاتی تھی۔ان کی تعمیر میں لکڑی، اینٹیں اور مٹی کا استعمال کیا جاتا تھا۔
مٹی کی ایک اہم خصوصیت یہ ہوتی ہے کہ اس سے بنی دیواروں چھتوں اور فرش پر مشتمل گھر گرمیوں میں ٹھنڈے اور سردیوں میں گرم رہتے ہیں۔لیکن 1970 کی دہائی میں کشمیر میں گھروں کی تمیر کا کام کرنے والے ماہرین نے اپنے مقامی طرزِ تعمیر ترک کر کے گھروں کے جدید طرزِ تعمیرکو اپنا لیا جس میں لوہا، اسٹیل، ماربل، اور سیمنٹ استعمال کیا جاتا ہے۔
اس جدید تعمیراتی فن نے کشمیر کے قدیم ثقافتی فن تعمیر کو نہ صرف بدل ڈالا بلکہ موسم کے اعتبار سے اس کے منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔کشمیر کا سرد موسم اور مقامی آبادی کی حالت زار
کشمیر کے فن تعمیر پر سن 1992 میں فن تعمیر کے مورخ رینڈولف لانگن باخ ایک مقالے میں تحریر کیا تھا کہ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ نئے مکانات سردیوں میں ان کچے مکانوں سے بھی زیادہ ٹھنڈے ہوتے ہیں، جن میں حمام نہیں ہوتے تھے۔
جرنل آف ایمبیئنٹ انرجی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کشمیر میں جدید گھروں کی کھڑکیوں اور دروازوں کو اس طرح سے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ وہ سردی کو روکنے میں غیر موثر ثابت ہوئے ہیں۔
معروف کشمیری مورخ اور اردو ادیب زریف احمد زریف، جنہوں نے کشمیری مکانات کی جدید کاری پر متعدد نظمیں لکھی ہیں، کہتے ہیں''پرانے زمانے میں لکڑی کے مکانات تازہ ہوا سے بھرپور ہوتے تھے، جس سے ہماری اداس روحوں کو تازگی ملتی تھی۔
ان گھروں کی تعمیر کشمیر کے موسمی حالات کے مطابق ہوتے تھی۔ دیواریں مٹی، اینٹوں اور لکڑی سے بنی ہوتی تھیں، جو سردیوں میں گرمی اور گرمیوں میں سردی فراہم کرتی تھیں۔ اس گھر کا ایک اور فائدہ یہ تھا کہ ہم گھر کے اوپر مٹی سے بنی چھت پر پھول اور جڑی بوٹیاں اگاتے تھے۔‘‘زریف کا خیال ہے کہ سیمنٹ سے بنے مکانات نہ صرف کشمیر میں پھیپھڑوں کی بہت سی بیماریاں کا باعث بنے ،بلکہ بہت سی ہلاکتوں کے ذمہ دار بھی ہیں، جو کہ دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئیں۔
روایتی کشمیری گھر اس طرح بنائے گئے تھے کہ سورج کی روشنی کو جذب کرنے کے لیے ان کا رخ جنوب کی طرف تھا- گھر میں داخل ہونے کے لیے ایک دروازہ اور لکڑی کی کھڑکیوں کی قطاریں ہوتی تھیں۔ ان کھڑکیوں کے اندر چھوٹے چھوٹے رنگ کے آئینے لگائے جاتے تھے جس سے فن تعمیر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوتا تھا۔ اینٹوں کی موٹی دیواروں کو اندر سے کیچڑ سے پلستر کیا جاتا تھا جس کی وجہ سے شدید سردی اس کے اندر داخل ہی نہیں ہو پاتی تھی لیکن جیسے جیسے فن تعمیر میں وادی کا ذائقہ بدلتا گیا، گھر ٹھنڈے ہوتے چلے گئے۔
لکڑی کے گھروں کا ایک اور فائدہ یہ تھا کہ یہ زلزلوں کے دوران یہ کارآمد ثابت ہوتے ہیں۔ کیونکہ ان کی دیواریں لکڑی کی بنی ہوئی تھیں جو زلزلوں کے دوران خمیدہ ہو جاتی تھیں لیکن گرتی نہیں تھیں۔
بلال احمد، جنہوں نے 90 کی دہائی میں کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں ایک لکڑی کے گھر میں اپنے خاندان کے ساتھ بچپن گزارا، کہتے ہیں،''ہمارا گھر دیودار کی لکڑی سے بنا تھا اور سخت سردی میں پورے گھر کو صرف ایک چولہے سے گرم رکھا جاتا تھا، جوکہ کشمیر میں (بخاری) کہلاتا ہے۔
‘‘کشمیر کے پرانے قصبوں میں لکڑی کے کچھ گھر اب بھی موجود ہیں جو اس خطے کی تاریخ، رسم و رواج اور ثقافت کی عکاسی کرتے ہیں۔
احمد، جو اب گھر سے بہت دور لندن میں رہتے ہیں، مایوسی کے ساتھ اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ لکڑی کے گھر ہماری ثقافت کا حصہ تھے، لیکن بدقسمتی سے جیسے ہی ہم سیمنٹ کے گھروں میں چلے گئے، ہم نے یہ قیمتی ورثہ کھو دیا۔
عاقب فیاض/ ک م
.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے سردیوں میں کیا جاتا گھروں کی کے دوران کشمیر کے ہوتے ہیں جاتا تھا جاتا ہے کے گھر کے لیے
پڑھیں:
وقت گزر جاتا ہے
وقت کا مزاج بھی عجیب ہے۔ یہ کبھی نرم اور مہربان معلوم ہوتا ہے تو کبھی سخت اور بے رحم لگتا ہے۔ کبھی ایسا محسوس ہوتا ہے کہ زندگی خوشیوں سے بھر گئی ہے اور دنیا کے سارے رنگ ہماری جھولی میں ڈال دیے گئے ہیں تو کبھی یوں لگتا ہے جیسے ہر راستہ بند اور ہر امید دم توڑ چکی ہو۔ حقیقت مگر یہ ہے کہ وقت کبھی ایک حال پر نہیں رہتا۔
جو لمحہ آج مسکراتا ہوا ہمارے ساتھ ہے، کل یہی لمحہ کسی اور کے حصے میں ہوگا اور جو دکھ، تکلیف اور آزمائش آج ہماری دہلیز پر دستک دے رہی ہے، کل وہ کسی اور کے دروازے پر جا کھڑی ہوگی۔ وقت کے قدم کبھی رکتے نہیں، نہ یہ کسی کے لیے ٹھہرتا ہے، نہ کسی کے کہنے پر اپنی رفتار بدلتا ہے۔
یہ اپنی مخصوص چال میں آگے بڑھتا رہتا ہے۔ خوشیوں کے لمحے ہوں یا دکھوں کی گھڑیاں، راحت ہو یا تکلیف، وقت سب کو بہا کر لے جاتا ہے، مگر انسان اکثر اس حقیقت کو بھول جاتا ہے۔ جب خوشی کا دور آتا ہے تو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے یہ ہمیشہ قائم رہے گا اور جب آزمائشوں کا سامنا ہوتا ہے تو لگتا ہے جیسے یہ کبھی ختم نہیں ہوں گی۔
زندگی کا اصول یہی ہے کہ ہر رات کے بعد صبح طلوع ہوتی ہے، ہر خزاں کے بعد بہار آتی ہے اور ہر مشکل کے بعد آسانی مقدر بنتی ہے۔ خوشی اور غم، کامیابی اور ناکامی، عروج اور زوال، سبھی وقت کے دھارے میں بہتے رہتے ہیں۔ کسی بھی انسان کی زندگی میں وقت ہمیشہ ایک جیسا نہیں رہتا، اگر ہم یہ حقیقت سمجھ لیں کہ ہر مشکل وقت کے بعد آسانی آتی ہے تو زندگی کے نشیب و فراز ہمیں زیادہ تکلیف نہیں دیں گے، بلکہ ان سے حوصلہ، استقامت اور ہمت ملے گی۔
زندگی میں کئی بار ہمیں لگتا ہے کہ سب کچھ ختم ہوگیا، لیکن کچھ عرصہ بعد وہی مسئلہ اتنا معمولی محسوس ہوتا ہے کہ حیرت ہوتی ہے کہ ہم اس پر اتنا پریشان کیوں تھے؟ مشکل وقت ہمیں صبر، استقامت، حوصلہ اور بردباری کا سبق دیتا ہے۔
دنیا کے تمام کامیاب لوگ اپنی مشکلات کے دور میں ہمت نہیں ہارتے۔ آپ نے زندگی میں ایسے کئی افراد دیکھے ہوں گے جو کبھی شدید مشکلات میں تھے، مگر وقت بدلا اور وہ کامیابی کی بلندیوں پر پہنچے۔ نیلسن منڈیلا نے 27 سال قید و بند میں گزارے، مگر وہی شخص جنوبی افریقہ کا صدر بنا۔
ابراہام لنکن کئی بار انتخابی ناکامیوں کا سامنا کرنے کے بعد امریکا کا صدر بنا۔ انھوں نے اپنی زندگی میں بے شمار مشکلات دیکھیں، لیکن وہ جانتے تھے کہ مشکل وقت گزر جائے گا۔ زندگی میں بعض اوقات انسان کو لگتا ہے کہ اب کوئی راستہ نہیں بچا اور ہر دروازہ بند محسوس ہوتا ہے، لیکن جب ایک دروازہ بند ہوتا ہے تو اللہ تعالیٰ کئی نئے دروازے کھول دیتا ہے۔ شرط یہ ہے کہ انسان صبر کرے، ہمت نہ ہارے اور اللہ تعالیٰ پر بھروسہ رکھے۔
جس طرح مشکل وقت ہمیشہ نہیں رہتا، اسی طرح خوشی کے لمحات بھی مستقل نہیں ہوتے، جو لوگ کامیابی کی بلندیوں پر پہنچ کر یہ سمجھنے لگتے ہیں کہ یہ وقت کبھی نہیں بدلے گا، وہ دراصل بہت بڑی غلط فہمی میں ہوتے ہیں، اگر آج زندگی میں سب کچھ اچھا چل رہا ہے تو ہمیں گھمنڈ نہیں کرنا چاہیے، بلکہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔
بعض لوگ جب خوشحالی اور کامیابی حاصل کر لیتے ہیں تو وہ دوسروں کو کمتر سمجھنے لگتے ہیں، اپنی دولت اور شہرت پر فخر کرنے لگتے ہیں، مگر بھول جاتے ہیں کہ وقت بدلتے دیر نہیں لگتی۔ کتنے ہی لوگ تھے جو کل تک تخت پر تھے، آج وہ زمین پر بھی نظر نہیں آتے۔
ہماری تاریخ ایسے بادشاہوں، سیاستدانوں اور دولت مند افراد سے بھری پڑی ہے جنھوں نے اپنی طاقت اور دولت کو ہمیشہ قائم رہنے والا سمجھا، مگر جب وقت بدلا تو ان کا نام تک مٹ گیا۔ جب ہم خوشی اور کامیابی کے وقت میں ہوتے ہیں تو ہمیں چاہیے کہ ہم شکر گزار رہیں اور دوسروں کے ساتھ بھلائی کریں، اگر ہمیں یہ احساس ہو کہ یہ کامیابی اور خوشی بھی مستقل نہیں تو ہم غرور اور تکبر سے بچ سکتے ہیں۔
تاریخ میں بڑے بڑے بادشاہ، حکمران اور مالدار لوگ آئے، مگر وقت نے سب کچھ بدل دیا۔ آج ان کے نام صرف کتابوں میں ملتے ہیں، ان کا جاہ و جلال سب مٹی میں دفن ہوگیا، جو شخص دولت اور طاقت کے نشے میں مبتلا ہو کر دوسروں کو کمتر سمجھنے لگتا ہے، وہ بھول جاتا ہے کہ وقت کبھی ایک سا نہیں رہتا۔ .
زندگی میں سب سے بڑی دانائی یہی ہے کہ ہم نہ تو خوشی میں خود کو ناقابلِ شکست سمجھیں اور نہ غم میں خود کو برباد محسوس کریں۔ ہر حال میں اعتدال اور توازن رکھنا سب سے بڑی کامیابی ہے، اگر ہم کسی مشکل میں ہیں تو ہمیں یہ سوچ کر حوصلہ رکھنا چاہیے کہ یہ وقت بھی ہمیشہ نہیں رہے گا۔ اسی طرح اگر ہم کسی کامیابی پر ہیں تو ہمیں یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ یہ کامیابی بھی ہمیشہ نہیں اور ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔
انسان کو وقتی جذبات میں بہہ کر فیصلے نہیں کرنے چاہیے۔ زندگی کے نشیب و فراز میں سب سے زیادہ نقصان وہ لوگ اٹھاتے ہیں جو وقتی جذبات میں بہہ کر غلط فیصلے کر لیتے ہیں۔ کئی لوگ غصے، مایوسی یا بے بسی میں ایسے اقدامات کر بیٹھتے ہیں جو ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں، اگر وہ یہ سوچ لیں کہ یہ وقت بھی گزر جائے گا تو وہ کبھی بھی وقتی جذبات میں غلط فیصلے نہیں کریں گے۔
اگر ہم زندگی کو ایک سفر سمجھیں تو ہمیں وقت کی حقیقت کو سمجھنے میں آسانی ہوگی۔ کوئی بھی مسافر ہمیشہ ایک ہی جگہ نہیں رکتا، وہ چلتا رہتا ہے، کبھی دھوپ میں، کبھی چھاؤں میں، کبھی اونچائی پر، کبھی نشیب میں۔ یہی زندگی کا قانون ہے، اگر آج کوئی مشکل میں ہے تو وہ ہمیشہ نہیں رہے گی، اگر آج کوئی خوش ہے تو وہ ہمیشہ اسی حال میں نہیں رہے گا۔
بس ہمیں چاہیے کہ ہم ہر حال میں اللہ پر بھروسا رکھیں، محنت کرتے رہیں اور صبر و شکر کے ساتھ زندگی گزاریں۔ مایوسی دراصل انسان کے حوصلے کو ختم کردیتی ہے، جب کہ امید اس کی ہمت کو زندہ رکھتی ہے۔ جو لوگ مشکلات میں بھی امید کا دامن تھامے رکھتے ہیں، وہی اصل میں کامیاب ہوتے ہیں۔
درخت خزاں میں بے برگ و بار ہو جاتے ہیں، لگتا ہے جیسے وہ مرچکے ہیں، مگر بہار آتے ہی وہی درخت پھر سے ہرے بھرے ہو جاتے ہیں۔ بالکل اسی طرح، زندگی میں بھی کبھی خزاں آتی ہے، کبھی بہار۔ اگر آج وقت سخت ہے تو کل یقیناً بہتر ہوگا۔
کبھی سوچیں، وہ مشکل وقت جس نے آپ کو رلایا تھا، جس نے آپ کو بے چین کیا تھا، وہ بھی گزر گیا اور وہ خوشی کے لمحات جنھیں آپ نے ہمیشہ کے لیے سنبھالنا چاہا تھا، وہ بھی گزرگئے، یہی وقت کی فطرت ہے۔ اس لیے نہ غم میں مایوس ہوں، نہ خوشی میں مغرور۔ بس اللہ پر یقین رکھیں، اپنا کام کرتے رہیں اور صبر و شکر کے ساتھ زندگی گزاریں، کیونکہ یہ وقت بھی گزر جائے گا۔