Jang News:
2025-02-05@10:58:16 GMT

کُرم: اسلحہ جمع کرانے کا طریقہ کار کمشنر کوہاٹ کو جمع

اشاعت کی تاریخ: 5th, February 2025 GMT

کُرم: اسلحہ جمع کرانے کا طریقہ کار کمشنر کوہاٹ کو جمع

—فائل فوٹو

کُرم میں فریقین نے اسلحہ جمع کرانے کا طریقہ کار کمشنر کوہاٹ کو جمع کرا دیا۔

ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اسلحہ حوالگی میں معاونت کریں گے، فریقین حکومت کے پاس جمع کرایا اسلحہ اپنی مرضی سے کسی بھی وقت دیکھ سکیں گے۔

فریقین کو قانونی اسلحہ رکھنے کی اجازت ہوگی جس کے لیے حکومت لائسنس جاری کرے گی، کُرم امن معاہدے کے تحت فریقین اسلحہ جمع کرانے کے پابند ہیں۔

ٹل سے 30 گاڑیوں کا قافلہ کُرم کیلئے روانہ

ہنگو کی تحصیل ٹل سے 30 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ کُرم کے لیے روانہ ہوا ہے۔

مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر سیف نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن معاہدے کے تحت فریقین نے اسلحہ جمع کرانے کا پلان حکومت کو دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کُرم میں فریقین بھاری اسلحہ جمع کرائیں گے، ذاتی حفاظت کے لیے حکومت فریقین کو قانونی اسلحہ لائسنس جاری کرے گی، کُرم میں بنکرز کی مسماری کا عمل جاری ہے، تمام بنکرز کو گرایا جائے گا۔

جرگہ ممبر منیر بنگش نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کُرم میں اسحلہ جمع کرانے پر حکومت ہماری حفاظت کرے گی، کُرم میں پائیدار امن کے لیے فریقین متفق ہیں۔

جرگے کے ایک اور ممبر ارشاد حسین بنگش نے کہا کہ کُرم میں قیام امن کے لیے دونوں فریق لچک کا مظاہرہ کر رہے ہیں، ٹل پاڑا چنار روڈ کھلنے کی جلد عوام کو خوشخبری دیں گے۔

.

ذریعہ: Jang News

کلیدی لفظ: کے لیے

پڑھیں:

پاکستان ایٹمی طاقت،حکومت ریاست کشمیر پر بھارتی تسلط ختم کرانے کیلیے اپنی ذمے داریاں پوری کرے،منعم ظفر خان

کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان ادارہ نور حق میں کشمیر کا نفرنس سے صدارتی خطاب کر رہے ہیں، مختلف دینی وسیاسی جماعتوں کے رہنماو قائدین موجود ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے پیر کو ادارہ نور حق میں ’’کشمیر کانفرنس ‘‘ سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے ، ہماری حکومت و ریاست کی ذمے داری ہے کہ برصغیر کی تقسیم کے نامکمل ایجنڈے کو مکمل کرنے اور مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے تسلط سے آزاد کرانے کے لیے اپنی ذمے داریاں پوری کریں ،
آزادی کشمیر کی جدو جہد کی نہ صرف سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی سطح پر بلکہ عملی محاذ پر بھی اپنا کردار ادا کریں ۔ اقوام متحدہ کا اپنی قراردادوں کے مطابق اہل کشمیر کو حق ِ خود ارادیت اور رائے شماری کا حق نہ دلانا اس عالمی فورم کی ناکامی اور مسلمانوں کے حوالے سے دہرے معیار کا منہ بولتا ثبوت ہے ، اقوام ِ متحدہ عملاً امریکا ، اسرائیل ، برطانیہ اور دیگر بڑی طاقتوں کے گھر کی لونڈی بنی ہوئی ہے ، قائد اعظمؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور یہ شہ رگ آج بھارتی تسلط میں ہے ، پاکستان کے عوام کے دل اہل ِ کشمیر کے ساتھ دھڑکتے ہیں ، شہ رگ کی آزادی اور اہل ِ کشمیر کی پشتیبانی کے لیے پوری قوم یکجان اور یک زبان ہے ، حماس اور اہل ِ غزہ کی کامیابیوں اور قربانیوں نے اہل کشمیر کو بھی نیا عزم اور حوصلہ دیا ہے اور ثابت کیا ہے کہ جذبۂ جہاد اور شوقِ شہادت کو کوئی طاقت اور ٹیکنالوجی شکست نہیں دے سکتی ،کشمیریوں کی جدو جہد ، قربانیاں اور شہدا کا لہو رنگ لائے گا ۔ کشمیر آزاد ہوگا اور سید علی گیلانی کے قول کے مطابق کہ ’’ہم پاکستانی ہیں ، پاکستان ہمارا ہے ‘‘ کشمیر پاکستان کا حصہ ضروربنے گا ۔ کشمیر کانفرنس سے مختلف دینی جماعتوں کے رہنمائوں و دیگر نے بھی خطاب کیاجبکہ نظامت کے فرائض نائب امیر کراچی مسلم پرویز نے ادا کیے ، مقررین نے اس امر پر اتفاق ِ رائے کا اظہار کیا کہ مسئلہ کشمیر پربھارتی تسلط کے خلاف اور اہل کشمیر کی آزادی کی جدو جہد کی حمایت میں پوری قوم کا موقف ایک ہے ، پورے ملک کے عوام بلا تفریق اہل کشمیر کے ساتھ ہیں اور حکمرانوں کی ذمے داری ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کریں اور کسی بھی قسم کی سودے بازی اور کمزوری کا مظاہرہ کرنے سے باز رہیں ۔ کشمیر کاز سے غداری ملک سے غداری ہوگی اور ایسا کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی ۔کشمیر کانفرنس سے خطاب کرنے والوں میں جمعیت علما پاکستان کے مرکزی رہنما عقیل انجم قادری ،پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر سندھ کے صدر سردار ذوالفقار علی ،کراچی بار کے سابق صدر نعیم قریشی ایڈووکیٹ ، کشمیری رہنما بشیر سدوزئی ، فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے ڈاکٹر صابر ابو مریم ، جمعیت علما اسلام کے جنرل سیکرٹری مفتی حماد اللہ مدنی ،مرکزی مسلم لیگ کراچی کے نائب صدر شہباز عبد الجبار، جمعیت علما اسلام کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری حافظ احمد علی ، انصار اللہ کے مرکزی رہنما محمد یار ربانی ،جمعیت اتحاد العلما کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید ،علامہ ابتسام الٰہی ظہیر کے صوبائی چیئر مین اختر محمدی ،جمعیت علما اسلام کے امیر کراچی مولانا عبد السلام شامزئی ، پختونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری نصیر خان اچکزئی ،اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد ،صدر کوآپریٹیو مارکیٹ کے سیکرٹری محمد اسلم خان ، پاکستان عوامی تحریک کے نوید عالم ، انصار اللہ کراچی کے امیر حافظ محمد ادریس ، تعلقات عامہ قرآن و سنہ موومنٹ کے سیکرٹری ملک نوریز و دیگر شامل تھے ۔ منعم ظفر خان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ بھارت خود 1948ء میں کشمیر کے حوالے سے اقوام ِ متحدہ میں گیا تھا اور اقوام ِ متحدہ کے مطابق جسے بھارت نے بھی تسلیم کیا تھا کہ اہل ِ کشمیر کو ان کی آزاد مرضی اور رائے شماری کا حق دیا جائے گا لیکن افسوس کہ بھارت نے فوجی طاقت اور قوت کے بل پر مقبوضہ کشمیر پر اپنا تسلط قائم کیا ہے ، 78سال سے کشمیری اپنے حق خودارادیت سے محروم ہیں اور کشمیریوں نے ایک دن کے لیے بھی بھارت کا قبضہ اور غلامی قبول نہیں کی اور مسلسل بھارت کی غلامی سے آزادی کی جدو جہد میں مصروف ہیں ، ہزاروں شہدا کے خون سے اس جدو جہد آزادی کو جاری رکھا ہے ،بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے ، خواتین کی عصمت دری کی جاتی ہے ، نوجوانوں کو شہید اور اسیر کیا جاتا ہے لیکن کشمیر کے عوام کا آج بھی ایک ہی نعرہ ہے کہ ’’کشمیر بنے گا پاکستان ‘‘ ، کشمیری عوام اپنے شہدا کے جنازے پاکستان کے پرچم میں لپیٹ کر دفن کرتے ہیں ، 1990ء میں تحریک ِ آزاد کشمیر نے ایک نیا رخ اختیار کیا ۔ سید علی گیلانی نے اپنی زندگی کے آخری 12سال اسیری میں گزارے ، برہان مظفر وانی کی شہادت سے بھی آزادی کی جدو جہد کو نیا عزم اور حوصلہ ملا ، 5اگست 2019ء کو بھارت نے اپنے آئین کی دفعہ 370/35-Aکے برعکس کشمیر کی مخصوص حیثیت کو ختم کر دیا ، بد قسمتی سے ہمارے حکمرانوں نے آزادی ٔ کشمیر کی جدو جہد میں جو کردار ادا کرنا چاہیے تھا وہ نہیں کیا یہ ہی وجہ ہے کہ بھارت کشمیر پر اپنا تسلط قائم رکھے ہوئے ہے ۔کشمیر کانفرنس میں جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ،پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئررہنما راجا ظہیر احمد ،پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے عبد العظیم محمدی ، انصار اللہ کراچی کے رکن شوریٰ محمد قاسم ، پختونخواملی عوامی پارٹی کے طاہر ، سردار عبد الرب و دیگر بھی شریک تھے ۔

متعلقہ مضامین

  • محرابپور،مویشی منڈی کی ملکیت کی تکرارپرعدالتی فیصلہ
  • مولانا فضل الرحمان کا ایک بار پھر نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ
  • گرینڈ اپوزیشن الائنس کا حکومت سے مستعفی ہوکر نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کردیا
  • اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی اے آر سی میں ایس او اور اے ایس او کی بھرتیوں کا عمل معطل کر دیا،فریقین کو نوٹس جاری
  • پاکستان ایٹمی طاقت،حکومت ریاست کشمیر پر بھارتی تسلط ختم کرانے کیلیے اپنی ذمے داریاں پوری کرے،منعم ظفر خان
  • پاکستان ایٹمی طاقت، حکومت کشمیر پر بھارتی تسلط ختم کرانے کیلیے ذمہ داریاں پوری کرے، منعم ظفر
  • کرم امن جرگہ: دونوں فریقین مین شاہراہ کھولنے، بنکرز مسماری اور اسلحہ جمع کرنے پر متفق
  • کرم، مزید 4 بنکرز دھماکے سے اُڑا دیئے، فریقین کا دوسرا امن جرگہ آج ہوگا
  • کرم میں مزید 4 بنکرز دھماکے سے اُڑا دیے گئے، فریقین کا دوسرا جرگہ آج ہوگا