اے این ایف نے 11 کروڑ کی منشیات ضبط کرلی، خاتون سمیت متعدد ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 5th, February 2025 GMT
راولپنڈی:
انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے گردونواح میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 11 کروڑ روپے مالیت کی 69 کلوگرام منشیات برآمد کرلی، خاتون سمیت متعدد ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
راولپنڈی کے علاقے لالہ زار روڈ پر ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی میں ایک کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
بلوچستان میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران 51 کلوگرام ہیروئن اور 6000 نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں۔ اسی طرح، ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب ایک کار کے خفیہ خانوں سے 15 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی، جبکہ ضلع نارووال کے ایک گاؤں سے 2 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اے این ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی تاکہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچایا جا سکے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پنجاب کے تعلیمی اداروں میں سگریٹ پینے پر پابندی عائد
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق تمام تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہوگی۔ سگریٹ، تمباکو، ای سگریٹ، نکوٹین پاوچز سمیت نیکوٹین پراڈکٹس کے استعمال پر مکمل پاپندی ہوگی۔ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا عدم تعمیل پر سخت کاروائی کی جائے گی۔ اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں سگریٹ پینے پر پابندی عائد کردی گئی۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے تمام ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری و پرائیوٹ سکولوں میں نشہ آور اشیا کے استعمال پر پاپندی ہو گی۔ تمام تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہوگی۔ سگریٹ، تمباکو، ای سگریٹ، نکوٹین پاوچز سمیت نیکوٹین پراڈکٹس کے استعمال پر مکمل پاپندی ہوگی۔ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا عدم تعمیل پر سخت کاروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کینسر سے بچاؤ کے عالمی دن پر پیغام میں کہنا تھا کہ کینسر کی تشخیص اور علاج کے بارے میں عوامی شعور و آگاہی ضروری ہے اور پاکستان میں کینسر کے باعث ہونے والی شرح اموات تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات اور سگریٹ سے پرہیز کرکے کینسر سے بچاؤ ممکن ہے، چاہتی ہوں عوام کو ہر ضلع میں کینسر کے مفت علاج کی سہولت میسر ہو، فضائی اور آبی آلودگی بھی کینسر کا سبب بن سکتی ہے۔