کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنے تک بھارت سے تعلقات کی مخالفت کریںگے: حافظ نعیم
اشاعت کی تاریخ: 5th, February 2025 GMT
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے پاکستان کے پچیس کروڑ عوام صبح آزادی کشمیر تک کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ کل ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا۔ جماعت اسلامی کے تحت ملک بھر کے صوبائی و ضلعی ہیڈکوارٹرز، چھوٹے بڑے شہروں میں اہل کشمیر سے یکجہتی کے لیے ریلیاں اور مارچز نکالے جائیں گے۔ لاہور میں مال روڑ پر یوم یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کروں گا، مہنگی بجلی اور آئی پی پیز مافیا کے خلاف جاری احتجاجی تحریک کا آئندہ کا لائحہ عمل بھی دوں گا۔ پاکستانی گھروں سے جوق در جوق نکلیں اور کشمیریوں سے محبت کا اظہار کریں۔ کشمیر پاکستان کی نظریاتی، جغرافیائی اور معاشی شہ رگ ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے بغیر تکمیل تحریک پاکستان ممکن نہیں۔ مقبوضہ وادی میں ہندوستان کی 10 لاکھ قابض فوج جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے، عالمی برادری نوٹس لے۔ منصورہ سے جاری بیان میں امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت پاکستان کو باور کراتی رہے گی کہ کشمیریوں کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔ پاکستان کو ایجنڈے کے تحت افغانستان سے لڑایا جا رہا ہے اور بھارت سے دوستی اور تجارت کی باتیں ہو رہی ہیں۔ کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک بھارت سے کسی قسم کے تعلقات کی مخالفت کریں گے۔ حکومت کشمیر پر اے پی سی بلائے۔ پاکستان کے اندر بھارتی خفیہ ایجنسی را کی کارروائیوں کی اطلاعات ہیں، حکومت بھارتی دہشت گردی پر کیوں خاموش ہے۔ جنرل (ر) باجوہ کی کشمیر پر سودے بازی کے حوالے سے بھی باتیں ہو رہی ہیں، دفتر خارجہ اس حوالے سے وضاحت کرے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
غزہ دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ، حافظ نعیم، آج ملک گیر مظاہروں، ریلیوں کا اعلان
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر آج (جمعۃ المبارک) ملک بھر میں اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہروں، ریلیوں اور مارچز کا انعقاد کیا جائے گا۔ مرکزی مارچ مال روڈ لاہور پر ہو گا جس کی قیادت امیر جماعت کریں گے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پوری قوم اور بالخصوص اہلیان لاہور سے اپیل کی ہے کہ وہ اہل غزہ سے اظہار یکجہتی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ کو خالی کرانے کے ناپاک منصوبے کی مذمت کے طور پر گھروں سے نکلیں اور احتجاج میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں۔ انھوں نے کہا کہ ٹرمپ کی غزہ خالی کرانے کی سازش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ موجودہ حالات میں حماس کا ساتھ نہ دینا منافقت ہے۔ انھوں نے کہا کہ انھوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے بدھ کو ہونے والی ملاقات میں بھی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اہل فلسطین کی مدد کے لیے عملی اقدامات کریں۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی 13اپریل کو کراچی، 18کو ملتان اور 20کو اسلام آباد میں فلسطین مارچ کرے گی۔ وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے احتجاج کے دوران امریکی ایمبیسی کی جانب مارچ بھی کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ غزہ کا ہے، صہیونی افواج فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہیں، اسرائیل کے سرپرست امریکا اور مغرب کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے۔ انھوں نے علماء سے خصوصی اپیل کی کہ وہ جمعہ کے خطبات میں مسئلہ فلسطین پر بات کریں اور مسجد اقصیٰ اور قبلہ اول کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی جائے۔