کوئٹہ ڈسٹرکٹ جیل کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ قاتلانہ حملے میں جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 4th, February 2025 GMT
کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کی ڈسٹرکٹ جیل کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ قاسم رئیسانی پر جیل جاتے ہوئے فائرنگ کی گئی، جس کےنتیجے میں وہ جاں بحق ہو گئے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) سول لائن پولیس تھانہ نعمت اللہ ترین نے بتایا کہ جیل روڈ پر نامعلوم افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود محمد قاسم نامی موقع پر جاں بحق ہوگئے، جن کی لاش کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایس ایچ او سول لائن کا مزید کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والے محمد قاسم رئیسانی ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ میں بطور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ تعینات تھے۔
انہوں نے بتایا کہ مقتول کی لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی، جبکہ پولیس نے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
بشریٰ بی بی کی پیشی نہ ہونے پر راولپنڈی کی عدالت نے اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کو طلب کر لیا
راولپنڈی: راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش نہ کرنے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس جاری کر دیا۔
یہ نوٹس بشریٰ بی بی کے وکیل محمد فیصل ملک کی درخواست پر جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ یکم فروری کو بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت کی سماعت تھی، مگر جیل انتظامیہ نے عدالتی احکامات کے باوجود انہیں عدالت میں پیش نہیں کیا۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ جیل انتظامیہ کی جانب سے بشریٰ بی بی کو پیش نہ کرنا عدالت کی توہین کے مترادف ہے، اور اس بات کی وضاحت طلب کی گئی کہ ایسا کیوں کیا گیا۔
عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو 6 فروری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے معاملے کی مزید تحقیقات کی ہدایت کی۔