اسٹار لنک سروسز پاکستان میں کب تک دستیاب ہوں گی؟ وزارت آئی ٹی نے خوشخبری سنا دی
اشاعت کی تاریخ: 4th, February 2025 GMT
پارلیمانی سیکریٹری وزارت آئی ٹی نے خوشخبری دی ہے کہ رواں سال جون تک ایلون مسک کی کمپنی اسٹار لنک کی انٹرنیٹ سروسز یہاں دستیاب ہوں گی۔
قومی اسمبلی میں قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کے اجلاس میں پارلیمانی سیکریٹری نے بتایا کہ اسٹار لنک کے ساتھ معاملات تقریباً حتمی مرحلے پر پہنچ چکے ہیں، رواں سال جون تک اسٹار لنک کی سروسز یہاں دستیاب ہوں گی۔اجلاس میں قائمہ کمیٹی کے اراکین نے ملک میں انٹرنیٹ مسائل پر برہمی کا اظہار کیا، رکن احمد عتیق نے کہا کہ لاہور سے 40 کلومیٹر کے فاصلے پر بھی انٹرنیٹ نہیں آ رہا، ملک کے دیگر حصوں میں بھی اکثر جگہوں پر انٹرنیٹ نہیں، ہمارے بچے مجبور ہیں کہ ان علاقوں میں سے نکل کر شہروں کے اندر آئیں۔
چیئرمین پی ٹی اے نے جواب میں کہا کہ جہاں بزنس نہیں ہوتا وہاں کمپنیاں جانے سے گریزاں ہیں، ہم کمپنیوں کو کچھ جگہوں پر پابند کرتے ہیں کہ ٹاور لگائیں، ممبر کمیٹی نے کہا چیئرمین صاحب، آپ معاملے کو ذاتی نہ لیں، آپ ریگولیٹر ہیں، آپ کی ذمہ داری ہے ان کو ریگولیٹ کرنا۔شیر علی ارباب نے کہا فائیو جی چلنا تو محال میرا فون دو دن سے صرف ’’ای‘‘ پر چل رہا ہے، چیئرمین پی ٹی اے نے کہا 6 سال میں پی ٹی اے نے حکومت کو 1700 ارب کا ریونیو دیا، لیکن ٹیلی کام سیکٹر میں ایک پیسہ بھی نہیں لگایا گیا، مجھے بتائیں حکومت نے ٹیلی کام سیکٹر میں کتنا پیسہ لگایا؟
چیئرمین پی ٹی اے نے کہا ’’بھارت میں مودی نے 35 لاکھ کلومیٹر فائبر بچھائے، انڈیا نے ٹیلی کام سیکٹر میں 13 ارب ڈالر خرچ کیے۔‘‘ اس پر شیر علی ارباب نے کہا ’’لہجہ ایسا نہیں رکھنا چاہیے، یہ قائمہ کمیٹی کی میٹنگ ہے، ان کیمرہ میٹنگ بلائیں، پھر کوئی ایسی ٹون رکھے گا تو ہمیں بھی ہینڈل کرنا آتا ہے۔‘‘بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آبادی 25 کروڑ تک پہنچ چکی ہے اور ٹیلی کام انفراسٹرکچر وہیں پر ہے، پی ٹی اے کمپنیوں کو ہدایت کرے کہ انفراسٹرکچر بہتر کرے، ٹیلی کام کمپنیوں کو کہیں انٹرنیٹ نہ ہونے سے طلبہ کا حرج ہو رہا ہے، اسٹار لنک والا معاملہ ہو جائے تو بہت بہتر ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے نے کہا 2024 میں 2 ہزار ٹیلی کام ٹاورز لگائے گئے، بونیر اور اس کے مضافات میں ٹاور تنصیب کے احکامات جاری کیے ہیں، اسٹار لنک، اسپیس ریگولیٹری باڈی کے درمیان 90 فی صد بات ہو گئی، 90 فی صد تک بات چیت مکمل ہونے کے بعد لائسنس کے اجرا میں زیادہ وقت نہیں لگتا۔قائمہ کمیٹی آئی ٹی نے سفارش کی کہ اسٹار لنک کے ساتھ معاملات کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: چیئرمین پی ٹی اے نے قائمہ کمیٹی اسٹار لنک ٹیلی کام ا ئی ٹی نے کہا
پڑھیں:
مصری صدر کا امریکی صدر سے ٹیلی فون پر رابطہ
مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے امریکی صدر ٹرمپ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔
صدر السیسی نے کہا کہ دنیا، ٹرمپ کی جانب سے اسرائیل، فلسطین تنازع کا مستقل اور تاریخی حل کرانے کی منتظر ہے۔
مصری صدارتی دفتر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کے مسائل اور تنازعات پر تبادلہ خیال کیا اور دو طرفہ سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو امریکا، مصر سرکاری دوروں کی دعوت بھی دی۔